بنگلہ دیش میں سچترا سین کا آبائی مکان حکومت کے حوالے

سچترا سین نے دلیپ کمار کے ساتھ دیوداس میں اداکاری کی جبکہ سنجیو کمار کے ساتھ آندھی میں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنسچترا سین نے دلیپ کمار کے ساتھ دیوداس میں اداکاری کی جبکہ سنجیو کمار کے ساتھ آندھی میں

بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے گذشتہ دنوں بھارت کی معروف اداکارہ سچترا سین کے آبائی مکان کو حکومت کے اختیار میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سچترا سین بنگالی کی معروف اداکارہ ہیں اور انھوں نے معروف ہندی فلم دیوداس اور آندھی میں اداکاری کی تھی۔ اسی سال جنوری میں ان کا انتقال ہو گیا۔

بنگلہ دیش کے پابنا ضلع کے گوپال پور میں واقع سچترا سین کا آبائی مکان دو دہائیوں سے جماعت اسلامی کے زیر اثر کام کرنے والے ادارے امام غزالی ٹرسٹ کے قبضے میں ہے۔

یہ ٹرسٹ اس عمارت میں امام غزالی کے نام پر چھوٹے بچوں کا ایک تعلیمی ادارہ چلاتی ہے۔

سچترا سین جن کا اصل نام کرشنا داس گپتا تھا انھوں نے اپنے خاندان کے ساتھ 1947 کی تقسیم ہند سے کچھ ماہ پہلے ہی پابنا چھوڑ دیا تھا اور بھارتی ریاست مغربی بنگال میں آکر بس گئی تھیں۔

امام غزالی ٹرسٹ نے سچترا سین کے مکان کو سرکاری تحویل میں دینے کے بنگلہ دیش ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی جسے اتوار کو سپریم کورٹ نے خارج کر دیا۔

سچترا سین کے اس آبائی مکان میں دو دہائیوں سے بچوں کا سکول چلایا جا رہا تھا

،تصویر کا ذریعہFOCUS BANGLA.COM BD

،تصویر کا کیپشنسچترا سین کے اس آبائی مکان میں دو دہائیوں سے بچوں کا سکول چلایا جا رہا تھا

سپریم کورٹ نے حکومت کو سکول کے لیے متبادل جگہ مختص کرنے کی ٹرسٹ کی مانگ کو بھی مسترد کر دیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل مراد رضا اور ڈپٹی اٹارنی جنرل اکرام الحق نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’امام غزالی ٹرسٹ کو مکان سے بے دخل کرنے کے اس فیصلے کے بعد اب حکومت کے سامنے کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے۔‘

انھوں نے یہ بھی کہا: ’حکومت اس مکان کا استعمال اب سچترا سین کی یادگار قائم کرنے کے لیے کر سکتی ہے۔‘

پابنا کے ڈپٹی کمشنر قاضی اشرف الدین نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ملتے ہی وہ ضروری اقدام کریں گے۔

امام غزالی ٹرسٹ کے وکیل عمران صدیقی نے کہا کہ انھیں اپنے موکل سے اس بابت مزید کسی قسم کی چارہ جوئی کی ہدایت نہیں ملی ہے۔