لتا منگیشکر ٹوئٹر پر بیمار، ویسے ٹھیک

لتا منگیشکر اپنی بہنوں کے ہمراہ یہاں نظر آ رہی ہیں
،تصویر کا کیپشنلتا منگیشکر اپنی بہنوں کے ہمراہ یہاں نظر آ رہی ہیں

سوشل میڈیا پر معروف گلوکارہ لتا منگیشکر سے متعلق ایک غلط خبر نے ان کے مداحوں کے ہوش اڑا دیے۔

دراصل ٹوئٹر پر اچانک بدھ کو یہ افواہ پھیل گئی تھی کہ لتا منگیشکر کو دل کا زبردست دورہ پڑا ہے اور یہ خبر آگ کی طرح سوشل میڈیا پر پھیل گئی۔

کئی میڈیا اداروں سے اس کی تفصیل اور صداقت کے لیے ان کے گھر فون بھی آنے لگے۔

لتا منگیشکر بھی ان خبروں سے حیران رہ گئیں اور انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے چاہنے والوں کے لیے لکھا: ’نمسکار! میری طبیعت کے بارے میں طرح طرح کی افواہیں گشت کر رہی ہیں۔ لیکن میں بتا دوں کہ آپ لوگوں کی محبت اور دعاؤں سے میں بالکل ٹھیک ہوں۔‘

لتا منگیشکر کے اہل خانہ نے بھی بتایا کہ لتا بالکل ٹھیک ہیں اور اپنے خاندان کے ساتھ بڑے آرام سے ہنسی مذاق کر رہی ہیں۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پر معروف گلوکار منّا ڈے کے سلسلے میں بھی ایک بری خبر گشت کرنے لگی تھی جو کہ بالکل جھوٹی تھی۔

نئے اداکار جیکی بھاگنانی کی ’معصومیت‘

فلم ینگستان کے اداکار جیکی بھاگنانی اور اداکارہ نیہا شرما
،تصویر کا کیپشنفلم ینگستان کے اداکار جیکی بھاگنانی اور اداکارہ نیہا شرما

بالی وڈ کے نئے اداکار جیکی بھاگنانی آنے والی فلم ’ينگستان‘ میں ایک نوجوان وزیر اعظم کا رول ادا کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ان کا رول کانگریس کے نائب صدر اور پارلیمان راہل گاندھی کے کردار سے متاثر ہے۔

جب بی بی سی نے اس فلم کے بارے میں ان سے بات کی تو جیکی پرتپاک انداز میں بولے: ’مجھے سیاست کے بارے میں سب کچھ پتا ہے۔ آپ مجھ سے جو چاہیں پوچھ سکتے ہیں۔‘

اس کے بعد جیکی نے سیاست کے بارے میں اپنے علم کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا: ’دیکھیے راہل گاندھی اصل زندگی میں سب سے نوجوان وزیر اعظم ہیں اور میں فلم میں نوجوان وزیر اعظم بنا ہوں۔ اس وجہ سے آپ کو ضرور میرے کردار راہل گاندھی میں مماثلت نظر آئے گی۔‘

جیکی کے سیاسی علم کے مطابق راہل گاندھی ’ملک کے سب سے نوجوان وزیر اعظم‘ ہیں۔ راہل گاندھی بھارت کے وزیر اعظم کب بنے اس کا جواب شاید جیکی بھاگنانی ہی بہتر طور پر دے سکتے ہیں۔ قربان جایے ایسی ’معصومیت‘ پر۔

اس فلم میں مرحوم فاروق شیخ کو شاید آخری بار دیکھا جا سکتا ہے۔ اس میں نیہا شرما، جیکی بھاگنانی کے علاوہ بومن ایرانی بھی ہیں۔