’آج کی فلمی موسیقی میں فٹ نہیں ہوں‘

سات دہائیوں سے ہندی سمیت کئی زبانوں میں ہزاروں فلمی اور غیر فلمی نغمے گانے والی بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر کا کہنا ہے کہ وہ خود کو موجودہ فلمی موسیقی کے لیے موزوں نہیں سمجھتیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نےگانے کا سلسلہ بہت کم کر دیا ہے۔
83 سالہ لتا منگیشکر سے ان کے والد ديناناتھ منگیشکر کی 71 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں پوچھا گیا کہ وہ کیوں فلمی موسیقی سے دور ہیں، تو وہ بولیں، ’دراصل فلم اب بہت بدل چکی ہے۔ ہم لوگوں نے جو کام کیا اب اس سے بہت مختلف قسم کا کام ہو رہا ہے۔‘
لتا کا کہنا تھا کہ ’میں یہ نہیں کہتی کہ یہ خراب ہے لیکن شاید میں آج کی فلمی موسیقی میں فٹ نہیں ہوں۔ شاید میں آج کی فلموں میں اچھا گا نہ سکوں۔‘
لتا نے گزشتہ کچھ سالوں میں پیج 3، رنگ دے بسنتی اور جیل جیسی چند ہندی فلموں میں ہی نغمے گائے ہیں۔
لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن اور گلوکارہ آشا بھوسلے کی حال ہی میں بطور اداکارہ پہلی فلم ’مائی‘ ریلیز ہوئی ہے لیکن لتا منگیشکر کو اداکاری کرنا ذرا بھی پسند نہیں اور وہ مستقبل میں ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔
انہوں نے کہا ’میں نے کیریئر کے بالکل آغاز میں ہی چھ سات فلموں میں کام کیا لیکن ’سچ تو یہ ہے کہ مجھے ذرا بھی مزا نہیں آیا۔‘
لتا منگیشکر نے کہا کہ جلد ہی وہ اپنے پوتے بیج ناتھ منگیشکر کے ساتھ ایک البم جاری کریں گی جس میں انہوں نے دو گیت گائے ہیں۔



