سندھ فلم فیسٹیول کے لیے شبانہ کراچی میں

شبانہ اعظمی جنوبی ایشیا کی جانی پہچانی اداکارہ ہیں

،تصویر کا ذریعہpr

،تصویر کا کیپشنشبانہ اعظمی جنوبی ایشیا کی جانی پہچانی اداکارہ ہیں

پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کی ترویج کے لیے جاری سندھ فیسٹیول کے سلسلے میں ہونے والے عالمی فلمی میلے میں شرکت کے لیے بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی اور برطانوی اداکار راجر ایشٹن گرفتھس سمیت کئی ممتاز اداکار، ہدایتکار اور فلمی ہستیاں کراچی پہنچ گئی ہیں۔

اس دو روزہ سندھ عالمی فلم فیسٹیول کا آغاز پیر سے ہو رہا ہے۔

سندھ انٹرنیشنل فلمز فیسٹیول سیکریٹیریٹ کے جانب سے جاری کیے جانے والے پریس ریلیز میں فیسٹیول کے ڈائریکٹر اسد ذوالفقار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس میلے میں پاکستانی فلمی شائقین کو دنیا بھر کی منتخب فلمیں دیکھنے کا موقع ملے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ فیسٹیول میں خاص طور پر ان فلموں میں سے منتخب فلموں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جو ’رین ڈانس سلیکشن‘ اور انڈیپینڈنٹ فلم ٹرسٹ‘ کے اشتراک سے ہونے والے 21 ویں فلم فیسٹیول میں دکھائی گئی تھیں۔

یہ عالمی فلم فیسٹیول 25 ستمبر سے چھ اکتوبر 2013 کے دوران منعقد ہوا تھا۔

رین ڈانس فلم فیسٹیول اینڈ فلم سکول، آزاد فلم سازوں کو فلموں کی مدد کرتا ہے اور انہیں آگے بڑھانے کے لیے فیسٹیول اور سیمینار کے انعقاد میں بھی مدد دیتا ہے۔ اس ادارے کے یورپ اور امریکہ کے تمام بڑے شہروں میں فلم سکول بھی ہیں جہاں فلم سازی کے تمام شعبوں کے لیے تعلیم اور تربیت دی جاتی ہے۔

پیر کی شام فیسٹیول کا ریڈ کارپٹ ایونٹ شروع ہو گا جس میں ممتاز بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی اور برطانوی اداکار راجر ایشٹن گرفتھس سمیت کئی عالمی اداکار اور اداکارائیں شریک ہوں گی۔

شبانہ اعظمی جنوبی ایشیا کی جانی پہچانی اداکارہ ہیں جب کہ راجر ایشٹن گرفتھس اداکار، ہدایکار اور فلم ساز ہیں۔ وہ ووڈی ایلن اور مارٹن سوکارسی سمیت کئی بڑے ہدایت کاروں کی فلموں میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔

پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سندھ فلم فیسٹیول کے دوران کئی ممتاز ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بھی موجود ہوں گے جو سوالوں جوابوں پر مبنی اجلاسوں میں حصہ لیں گے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ سندھ فیسٹیول کے لیے لا تعداد دستاویزی اور فیچر فلمیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے پچاس مختصر اور دستاویزی فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ فلمیں دل کو چھو لینے والے مختلف موضوعات پر بنائی گئی ہیں۔

گزشتہ ماہ مقامی ذرائع ابلاغ میں یہ خبر بھی آئی تھی کہ شبانہ اعظمی اپنی شریکِ حیات شاعر و فلم نگار جاوید اختر کے ساتھ فروری میں آرٹس کونسل کی دعوت پر کراچی کا دورہ کریں گی تاہم اس کے لیے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔