عامر کی ’دھوم تھری‘ کی ریکارڈ کمائی

دھوم -3 نے پہلے دن دنیا بھر میں مجموعی طور پر 56 کروڑ روپے کی کمائی کی جو کہ اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے
،تصویر کا کیپشندھوم -3 نے پہلے دن دنیا بھر میں مجموعی طور پر 56 کروڑ روپے کی کمائی کی جو کہ اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے

بیس دسمبر کو ریلیز ہونے والی اداکار عامر خان کی فلم ’دھوم تھری‘ نے باکس آفس پر کمائی کے نئے ریکارڈز قائم کیے ہیں۔

یش راج فلمز کے بینر تحت بننے والی ’دھوم‘ کے اس سیکوئل نے کاروبار کے لحاظ سے واقعتاً دھوم مچا دی ہے۔

فلمی صنعت سے آنے والی اطلاعات کے مطابق اس نے پہلے دو دن میں صرف بھارت میں تقریباً 70 کروڑ روپے کمائے ہیں۔

پہلے دن ہی اس فلم نے بھارت میں کل 36 کروڑ روپے کی آمدن کی جو کہ کسی بھی فلم کی ایک دن کی کمائی کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل ریتک روشن کی فلم ’کرش تھری‘ نے اپنی ریلیز کے چوتھے دن پیر کو 35.91 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی جو کہ ہندی فلم کی تاریخ میں ایک دن کی کمائی کا ایک ریکارڈ تھا جسے اب ’دھوم تھری‘ نے پہلے دن ہی توڑ دیا ہے۔

فلم کاروبار کے ماہرین کے مطابق ’دھوم 3‘ نے پہلے دن دنیا بھر میں مجموعی طور پر 56 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے جو کہ اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔

معروف فلم ناقد ترن آدرش نے ٹویٹ کیا کہ ’تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے۔ امریکہ اور کینیڈا میں دھوم تھری نے آج تک ہندی فلموں کی جانب سے سب سے زیادہ کمائی کی ہے۔‘

انھوں ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ’دو دنوں میں اس فلم نے وہاں 33 لاکھ ڈالر کمائے۔‘

برطانیہ میں ہر چند کہ دھوم تھری کو اچھی اوپننگ ملی تاہم یہ شاہ رخ خان کی فلم ’چنّئی ایکسپریس‘ کا ریکارڈ نہ توڑ سکی۔

دو دنوں میں اس فلم نے تقریباً پانچ لاکھ 71 ہزار برطانوی پاؤنڈ کی آمدن کی جبکہ بعض سینما گھروں سے اعدادو شمار آنے ابھی باقی ہیں جبکہ ’چنّئی ایکسپریس‘ نے نو لاکھ 93 ہزار پاؤنڈ کی کمائی کی تھی۔

فلم ناقدین کے مطابق اور خود عامر خان کے مطابق شروع میں تو فلم کو بڑے سٹار کھینچ لیتے ہیں لیکن بعد میں ساری کمائی فلم کو خود ہی کرنی پڑتی ہے۔

فلم ناقدین فلم کے بارے میں مخلوط رد عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ بعض مبصرین اسے ’دھوم سیریز‘ کی سب سے کمزور فلم بتا رہے ہیں جبکہ بعض اس کے مداح ہیں۔

سنیچر کو فلم دیکھنے کے بعد ایک فلم بین محمد وقار نے تایا کہ ’فلم میں جان نہیں ہے البتہ لوگ عامر کے نام پر دیکھنے کے لیے جوق در جوق جا رہے ہیں۔‘

اس فلم میں عامر خان کے علاوہ، قطرینہ کیف، ابھیشیک بچن اور ادے چوپڑہ ہیں۔ ابھیشیک اور ادے اس سے قبل دھوم سیریز کی دونوں فلموں میں پولیس والوں کا کردار نبھاتے چلے آئے ہیں۔