کرش تھری، چنّئی ایکسپریس سے آگے

بھارت میں فلمی صنعت کے ماہرین کا دعویٰ ہے کہ راکیش روشن کی فلم ’كرش- 3‘ بالی وڈ باکس آفس میں تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہے۔
فی الحال فلم نے ایک دن میں سب سے زیادہ کمائی کرنے کے ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔
کومل نہاٹا اور ترن آدرش جیسے فلمی بزنس کے ماہر کہتے ہیں کہ اس فلم نے اپنی ریلیز کے چوتھے دن پیر کو 35.91 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے جو کہ ہندی فلم کی تاریخ میں ایک دن کی کمائی کا ایک ریکارڈ ہے۔
اس سے پہلے شاہ رخ خان کی اسی سال ریلیز ہونے والی فلم ’چنّئي ایکسپریس‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی دن تقریبا 33 کروڑ روپے کی آمدنی کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
’چنّئی ایکسپریس‘ سے پہلے یہ ریکارڈ سلمان خان کی فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کے نام تھا جس نے پہلے دن تقریبا 32.5 کروڑ روپے کی آمدنی کی تھی۔

ترن آدرش نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے: ’كرش -3 نے ریلیز کے چار دن کے اندر 100 کروڑ روپے کے ہندسے کو چھو لیا ہے۔‘
دوسری جانب کومل نہاٹا کے مطابق فلم پیر تک تقریبا 98-97 کروڑ روپے کی آمدنی کر چکی ہے۔
دیوالی سے دو دن پہلے ریلیز ہونے والی فلم ’کرش تھری‘ کی لوگ تعریف کر رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلم بزنس کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فلم اسی طرح سے لوگوں کو مستقبل میں بھی لبھاتي رہی تو یہ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ’چنّئی اکسپریس‘ کے ریکارڈ کو بھی توڑ سکتی ہے۔
رواں سال اگست میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’چنّئی اکسپریس‘ نے تقریبا 220 کروڑ روپے کا کاروبار کیا تھا۔

اس سے قبل سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلموں میں عامر خان کی ’تھری ایڈیٹس‘ کا نام تھا جس نے فلم صنعت کے ماہرین کے مطابق 202 کروڑ روپے کمائے تھے۔
بالی وڈ کے ’سو کروڑ روپے کلب‘ کی بات کریں تو سر فہرست بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان نظر آتے ہیں ۔ان کی پانچ فلمیں یہ ہندسہ پار کر چکی ہیں۔
شاہ رخ خان کی چار فلمیں سو کروڑ سے زیادہ کی کمائی کر چکی ہیں۔ جبکہ ’کرش تھری‘ کے ساتھ ساتھ کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن کی فلم ’اگنی پتھ‘ بھی سو کروڑ کا ہندسہ پار کر چکی ہے۔
کرش تھری راکیش روشن کی فلم ’کوئی مل گیا‘ کا سیکوئل ہے اس کے بعد ’کرش‘ آئی اور پھر ’کرش تھری‘۔ ان تینوں فلم میں راکیش کے بیٹے ریتھک روشن نے ہیرو کا رول کیا ہے۔







