’مجاہدین ایک دن کے لیے لڑائی روک دیں تاکہ امیتابھ سیر کرسکیں‘

صدر نجیب اللہ ہندی فلموں کے بہت بڑے پرستار تھے: امیتابھ بچن
،تصویر کا کیپشنصدر نجیب اللہ ہندی فلموں کے بہت بڑے پرستار تھے: امیتابھ بچن

بالی وڈ کے سپر سٹار امیتابھ بچن بھارت میں ہی نہیں بیرون ملک بھی بہت مشہور ہیں۔ اس کی ایک مثال بھارت میں افغانستان کے سفیر محمد شاہ ابدالي نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے دی جو امیتابھ بچن کی مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے۔

نوے کی دہائی میں امیتابھ بچن کی ایک فلم آئی تھی ’خدا گواہ‘ اور اس فلم کی شوٹنگ افغانستان میں ہوئی تھی۔

اس وقت افغانستان کے حالات کافی خراب تھے۔ اس وقت افغانستان کے صدر نجیب اللہ تھے۔

اسی دور کا ایک قصہ افغان سفیر نے کچھ یوں سنایا ’افغانستان میں مجاہدین کی لڑائی جاری تھی۔ ایسے میں اس وقت کے صدر نجیب کی بیٹی نے اپنے والد سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجاہدین سے کہیں کہ ایک دن کے لیے لڑائی بند کر دیں۔‘

انہوں نے کہا ’بچی چاہتی تھی کہ امیتابھ بچن جیسا اتنا بڑا فلمی ستارہ بھارت سے افغانستان آیا ہے تو اگر جنگ بند رہے گی تو وہ شہر میں گھوم سکیں گے اور لوگ بھی انہیں دیکھ پائیں گے۔‘

کچھ مہینے پہلے امیتابھ بچن نے بھی فیس بک پر اپنے افغانستان کے دورے کی یادیں شیئر کی تھیں۔

امیتابھ نے فیس بک پر لکھا تھا ’صدر نجیب اللہ ہندی فلموں کے بہت بڑے پرستار تھے۔ وہ مجھ سے ملنا چاہتے تھے اور ہمیں وہاں شاہی طریقے سے رکھا گیا۔‘

انہوں نے کہا ’ہمیں اس خوبصورت علاقے میں ہوائی جہاز کے ذریعے اور سکیورٹی گارڈز کے ساتھ گھمایا گیا۔ ہمیں ہوٹل میں نہیں رہنے دیا جاتا تھا۔ ایک خاندان نے اپنا گھر ہمارے لیے خالی کر دیا اور خود ایک چھوٹے گھر میں رہنے چلے گئے۔‘

امیتابھ نے آگے لکھا ’سکیورٹی خدشات تھے۔ سڑکوں پر ہر جگہ ٹینک اور فوجی تھے لیکن وہ ایک یادگار دورہ تھا۔ ہماری فلم یونٹ کو ایک قبیلے کے رہنما نے مدعو کیا تھا۔ میں ڈینی کے ساتھ ہیلی کاپٹر سے گیا تھا۔ آگے پیچھے پانچ ہیلی کاپٹر اوپر سے پہاڑوں کا نظارہ غضب کا تھا۔‘

انہوں نے لکھا کہ جب وہ پہنچے تو قبیلے کے لیڈر نے انہیں گود میں اٹھا کر اندر لے گئے کیونکہ روایت یہ تھی کہ مہمان کے پاؤں زمین پر نہیں پڑنے چاہییں۔