نیومی واٹس کی فلم ڈیانا تنقید کی زد میں

فلم جمعرات کو لندن کے سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جائِے گی جس میں ڈیانا کا کردار اداکارہ نیومی واٹس نے ادا کیا ہے
،تصویر کا کیپشنفلم جمعرات کو لندن کے سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جائِے گی جس میں ڈیانا کا کردار اداکارہ نیومی واٹس نے ادا کیا ہے

برطانیہ کی شہزادی ڈیانا کی زندگی پر بنی فلم ’ڈیانا‘ پر شدید تنقید ہو رہی ہے جس میں اداکارہ نیومی واٹس نے ڈیانا کا کردار ادا کیا ہے۔

یہ فلم جمعرات کو لندن کے سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جائِے گی۔

اس فلم میں بھارتی نژاد اداکار نوین اینڈریوز نے ماہرِ امراضِ دل ڈاکٹر حسنات خان کا کردار ادا کیا ہے، جن سے شہزادی ڈیانا کا دو سال تک معاشقہ چلتا رہا تھا۔

فلم بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ انھوں نے ڈیانا کی زندگی کے آخری برسوں کے بارے میں ایک ’گہری اور حساس فلم‘ بنانے کا بیڑا اٹھایا تھا۔ تاہم ناقدین نے اسے ’خوفناک اور دخل اندازی کرنے والی‘ فلم قرار دیا ہے۔

مختلف ناقدین نے فلم کو روکھی پھیکی قرار دیا ہے اور ایک ناقد نے ڈیلی میل میں لکھا کہ ’فلم اتنی سنسنی خیز یا بری نہیں ہے جتنا کہ خدشہ تھا لیکن اس میں شاہی خاندان کو کچھ زیادہ ہی دکھایا گیا ہے۔‘

دی امپاسبل اور 21 گرام میں اداکاری پر آسکر کے لیے میں نامزد ہونے والی نیومی واٹس کو بھی تنقید کا سامنا ہے۔

ناقدین میں سے کئی کا کہنا ہے نیومی واٹس ڈیانا جیسی بالکل نہیں لگتیں
،تصویر کا کیپشنناقدین میں سے کئی کا کہنا ہے نیومی واٹس ڈیانا جیسی بالکل نہیں لگتیں

اخبار دی مرر کے ڈیوڈ ایڈورڈز نے لکھا کہ ’واٹس نہ ویلز کی شہزادی جیسی دکھائی دیتی ہیں اور نہ اداکاری کرتی ہیں اور نہ وہ ویسی محسوس ہوتی ہیں۔ سنہری بالوں والی وِگ میں امریکی اداکارہ ویزلی سنِپس زیادہ قابل اعتماد لگتیں۔‘

دی انڈی پینڈینٹ اخبار کے جیفری میکنب نے واٹس کی ’بہتر اداکاری‘ کی تعریف کی ہے لیکن کہتے ہیں کہ 44 سالہ واٹس اس کردار جیسی نہیں لگتیں جسے وہ ادا کر رہی ہیں۔‘

وہ لکھتے ہیں ’فلم کی جو بات مایوس کرتی ہے وہ یہ ہے کہ مزاج میں اچانک کئی تبدیلیاں آتی ہیں۔‘

تاہم دی ڈیلی ایکسپریس نے لکھا ہے کہ یہ ’اس خزاں میں دیکھنے کے لائق فلم ہے جو ناظرین کو رلا دے گی۔‘