رابرٹ ڈاؤنی جونیئر سب سے مہنگے اداکار

ہالی وڈ اداکار روبرٹ ڈاؤنی جونیئر امریکی مالیاتی جریدے فوربز کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔
اڑتالیس سالہ رابرٹ کی آمدنی کا تخمینہ پچھہتر ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔
انہوں نے مشہور فلموں دی اوینجرز اور آئرن مین میں مرکزی کردار ادا کیا ہے اور ان فلموں نے باکس آفس پر ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا کاروبار کیا۔
فوربز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر اداکار چیننگ ٹیٹم ہیں جو فلم میجک مائک کا مرکزی کردار تھے۔ انہیں اِس فلم میں کام کرنے کا معاوضہ ساٹھ ملین ڈالر ادا کیا گیا۔ میجک مائک کے ڈائریکٹر سٹیون زوڈربرگ ہیں۔
تیسرے نمبر پر آسٹریلوی اداکار ہیو جیک مین ہیں جن کی نئی فلم ’دی ولورین‘ کی برطانیہ میں نمائش ہونے والی ہے۔ اُنہوں نے معاوضے کی صورت میں پچپن ملین ڈالر کمائے۔
فوربز کی اِس فہرست میں جون دو ہزار بارہ سے جون دو ہزار تیرہ کا عرصہ شامل کیا گیا ہے۔

زیادہ معاوضہ لینے والے پہلے دس اداکاروں میں مارک وہلبرگ بھی شامل ہیں۔ انہیں مزاحیہ فلم ’ٹیڈ ‘ میں کام کرنے کا معاوضہ باون ملین ڈالر ملا۔
مشہور اداکار ڈینزل واشنگٹن اِس فہرست میں نویں نمبر پر ہیں جنہوں نے فلم ’فلائٹ‘ سے تینتیس ملین ڈالر کمائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گزشتہ برس فوربز کی فہرست میں پہلے نمبر پر اداکار ٹام کروز تھے جنہوں نے پچھہتر ملین ڈالر کمائے تھے لیکن اِس مرتبہ وہ پینتیس ملین ڈالر کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہیں۔
جبکہ لیونارڈو ڈی کیپریو انتالیس اور لی ایم نیسن بتیس ملین ڈالر معاوضے کے ساتھ اِس فہرست میں شامل ہیں۔







