فوربز فہرست: اوپرا ونفری پہلے نمبر پر

دنیا کی ایک سو مشہور ترین شخصیات کی فہرست میں امریکی ٹی وی شو کی میزبان اوپرا ونفری اول نمبر پر ہیں۔
بین الاقوامی تجارتی جریدے فوربز کی طرف سے دنیا کی مقبول ترین شخصیات کی فہرست میں لیڈی گاگا دوسرے نمبر، فلم ساز سٹیون سپیل برگ تیسرے، بیونسے چوتھے اور میڈونا پانچویں نمبر پر ہیں۔
اوپرا ونفری نے دنیا کی مشہور ترین شخصیات کی فہرست میں اول نمبر پر آنے کا اعزاز پانچویں بار حاصل کیا ہے۔ اوپرا ونفری اپنا ٹی وی نیٹ ورک چلاتی ہیں۔
فوربز کی طرف سے دنیا کی مشہور ترین ایک سو شخصیات کی فہرست آمدن اور میڈیا میں شہرت کی بنیاد پر بنائی جاتی ہے۔
گذشتہ سال اس فہرست میں اول نمبر پر آنے والی اداکارہ جینیفر لوپیز اس دفعہ بارہویں نمبر پر چلی گئی ہیں۔
سائیکلنگ کے بدنام کھلاڑی لانس آرمسٹرانگ نے اوپرا ونفری کے ساتھ انٹرویو میں اپنی بے ایمانی کا اعتراف کیا تھا جو ایک عالمی کہانی بن گئی تھی۔ اس انٹرویو سے ونفری نے جون 2013 تک بارہ مہینوں میں 77 ملین امریکی ڈالر کمائے۔
اوپرا ونفری کی کمائی میڈونا کی آمدنی سے کم ہے جنھوں نے 125 ملین امریکی ڈالر کمائے جبکہ سٹیون سپیل برگ کی آمدن 100 ملین امریکی ڈالر رہی۔
لیکن فوربز کا موقف ہے کہ اوپرا ونفری کا ہالی وڈ میں وقار، ٹی وی اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ان کی موجودگی کی وجہ سے انھیں پہلی پوزیشن ملی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فوربز ڈاٹ کام کے ڈوروتھی پومیرانٹز نے کہا ’وہ اب بھی بہت زیادہ اثر و رسوخ رکھتی ہیں اور ہم اپنی فہرست بنانے میں اسی چیز کو دیکھتے ہیں۔ وہ اپنے کیبل نیٹ ورک کو ارادے کی طاقت اور اپنے تعلقات کی وجہ سے چلا رہی ہیں۔‘
لیڈی گاگا نے گذشتہ سال کولہے کے آپریشن کی وجہ سے اپنے کئی کنسرٹ منسوخ کرنے کے باوجود 80 ملین امریکی ڈالر کمائے۔
ونفری کی طرح گاگا کو بھی سوشل میڈیا پر بہت پذیرائی ملی جس کی وجہ سے وہ فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
ڈوروتھی نے کہا ’وہ پاپ موسیقی میں اب بھی ایک بہت بڑا نام ہیں۔ جب وہ نہیں بھی گاتیں تب بھی لوگ ان کے بارے میں باتیں اور قیاس آرائیاں کرتے ہیں۔‘







