بالی وڈ راؤنڈ اپ

دنیا کے بااثر ترین سو اشخاص میں عامر خان بھی

عامر خان
،تصویر کا کیپشنعامر خان اپنی منفرد اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں۔

عالمی سطح پر معروف ميگزن ٹائم نے اس سال اپنی سب سے بااثر سو لوگوں کی فہرست میں بالی وڈ کے اداکار عامر خان کو بھی شامل کیا ہے۔ وہ اس فہرست میں 48 ویں نمبر پر ہیں۔

گزشتہ سال ‏عامر خان نے اپنے ٹی وی شو کے ذریعے سماج کے اہم مسائل پر آواز اٹھائی اور اپنے کردار کا بہتر استعمال کیا۔

انہی وجوہات کی بنا پر ان کا نام دنیا کے سب سے بااثر لوگوں میں شامل کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے لیے عامر خان نے کئی اشتہارات کی پیش کش کو ٹھکرا دیا تھا اور اسے اولیت دی تھی۔

کانز فلم فسٹیول میں ’بامبے ٹاکیز‘

بامبے ٹاکیز
،تصویر کا کیپشنبامبے ٹاکیز ہندوستانی سینما کے سوسال پورے ہونے پر بنائی گئي ہے

ہندوستانی سینما کے سو سال پورے ہونے کے موقعے سے بنی فلم بامبے ٹاکیز کی اس بار کانز فلم فسٹیول میں نمائش کی جا رہی ہے۔

کانز فلم فسٹیول فرانس میں ہونے والا فلموں کا سالانہ میلہ ہے جہاں دنیا بھر کی فلموں کی نمائش ہوتی ہے۔ اس بار بھارت سے ’بامبے ٹاکیز‘ نمائش کے لیے بھیجی گئی ہے جو 29 مئی کو دکھائی جائے گی۔

اس فلم کو بالی وڈ کے چار نامور ہدایت کاروں نے مل کر بنایا ہے جن میں دیواکر بینرجی، کرن جوہر، زویا اختر اور انوراگ کشیپ شامل ہیں۔

اداکارہ ہما قریشی کی صفائی

ہما قریشی
،تصویر کا کیپشنہما قریشی کو انوراگ کشیپ نے پہلی بار فلموں میں موقع دیا ہے

فلم ’گینگز آف واسع پور‘ سے سرخیوں میں آنے والی اداکارہ ہما قریشی کا نام اسی فلم کے ہدایت کار انوراگ کشیپ کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہم اور انوراگ ایسی خبروں کو پڑھ کر ہنستے ہیں۔ ان باتوں سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ فارغ لوگوں کے پاس کچھ کام نہیں ہے تو وہ ایسی افواہیں اڑاتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ انوراگ کشیپ نے ہما قریشی کو پہلی بار موقع دیا تھا اب وہ ایک دوسری فلم ’ایک تھی ڈائن‘ میں اہم کردار نبھا رہی ہیں۔ یہ ایک اہم بات ہے کہ اس فلم میں انوراگ کشیپ کی بیوی کالکی کوچلین نے بھی کام کیا ہے۔

ہما کہتی ہیں کہ وہ اور کالی بہت اچھی دوست ہیں اور ان افواہ سے ان کے رشتوں پر آنچ نہیں آئے گی۔