بالی وڈ راؤنڈ اپ
- مصنف, ثمرہ فاطمہ
- عہدہ, بی بی سی، دلّی

،تصویر کا ذریعہpr
کپور خاندان کا راج چلے گا
بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کی نئی فلم ہیروئن کی ریلیز سے پہلے جو اشتہاری پوسٹر شائع کیے گئے ہیں ان کو دیکھنے کے بعد ہر کوئی کرینہ کی تعریف کر رہا ہے۔ ان پوسٹرز میں کرینہ بے حد خوبصورت لگ رہی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے فلم میں بہترین اداکاری کی ہے۔ یہ بات کسی اور نے نہیں بلکہ خود فلم کے ہدایت کار مدھور بھنڈارکر نے کی ہے۔
گزشتہ ہفتے فلم کی اشتہاری تقریب میں جب کسی نے کرینہ سے پوچھا کہ کیا وہ شادی کے بعد فلموں میں کام کرنا چھوڑ دیں گی تو کرینہ نے کہا تھا کہ وہ نوے برس کی عمر تک اداکاری کرتی رہیں گی۔ اسی دوران ان سے پوچھا گیا کہ کپور خاندان کے اس وقت صرف دو افراد خود کرینہ اور رنبیر کپور اداکاری کر رہے ہیں تو کیا ان کے خاندان کے کچھ اور نوجوان اداکاری کے بارے میں سوچ رہے تھے تو اس پر کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ آپ بے فکر رہیں کپور خاندان بالی وڈ پر ہمیشہ راج کرے گا۔
برفی تاریک فلم نہیں

ہدایت کار انوراگ باسو کی نئی فلم برفی جلدی ہی ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم میں رنبیر کپور اور پرینکا چوپڑا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کے پرومو ٹی وی پر دکھائے جا رہے ہیں۔ فلم کے پرومو میں ایک بھی ڈائلاگ نہیں ہے اور جیسے ہی آپ پرمو دیکھتے ہیں آپ کو سمجھ میں آجاتا ہے کہ فلم کے اہم اداکار بولتے سنتے نہیں ہیں۔ حالانکہ پرمو میں انہیں گونگے اور بہروں طرح بات کرتے ہوئے بھی نہیں دکھایا گيا لیکن فلم میں خاموشی سے یہ احساس ہوجاتا ہے کہ یہ فلم الگ ہے۔
فلم کے ہدایت کار انوراگ باسو کا کہنا ہے کہ انکی فلم کے ہیرو اور ہیروئین نہ تو بات چیت کرسکتے ہیں اور نہ ہی سن سکتے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ ایک بے حد پرجوش فلم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ڈارک فلم نہیں ہے۔
پرینکا چوپڑا اور رنبیر کپور کی تعریف کرتے ہوئے انوراگ باسو کہتے ہیں کہ فلم شروع ہونے کے ایک دو منٹ بعد آپ یہ بھول جائیں گے یہ پرینکا اور رنبیر ہیں۔ ان دونوں نے بے حد اچھی اداکاری کی ہے۔
پاپا کہتے ہیں کہیں منھ دکھانے لائق نہیں چھوڑا

فلم ’جسم ٹو‘ میں صرف سنی لیون نے ہی نیم فحش مناظر نہیں کیے ہیں بلکہ اس فلم کے دونوں مرد اداکاروں رندیپ ہوڈا اور ارونادے سنگھ نے بھی فلم میں نہ کے برابر کپڑے پہنے ہیں۔ رندیپ ہوڈا کا کہنا ہے کہ اب اس فلم کے بعد ان کا فحشن یعنی پارن فلموں میں کرئیر طے ہے۔ انہوں نے یہ بات مذاق کے طور پر کہی ہے لیکن بات میں دم ہے۔
رندیپ ہوڈا سے جب یہ پوچھا گیا کہ ’جسم ٹو‘ فلم میں انہوں نے اتنے کم کپڑے پہنے ہیں اس پر انکے گھروالوں کا کیا ردعمل تھا۔ رندیپ کا کہنا تھا کہ فلم کے پوسٹر اور پرومو دیکھ کر انکے والد نے کہا کہ ’' بھائی تونے تو کہیں منھ دکھانے لائق نہیں چھوڑا‘'۔
بھوت ہوتے ہونگے

،تصویر کا ذریعہofficial website
بپاشا باسو فلم ’' راز تھری‘ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ فلم ’راز ‘ اور ’رازٹو‘ کا سیکول ہے۔ فلم کی کہانی میں بھوت پریت اہم ہیں۔ تو جب بپاشا باسو سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھوت پریت میں یقین کرتی ہیں تو انکا کہنا تھا نہیں لیکن جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بھوت پریت ہوتے ہیں تو انکا کہنا تھا کہ انہیں بھوت سے ڈر لگتا ہے اور بھوت کے بارے میں اتنا سنا ہے جس سے لگتا ہے کہ بھوت ہوتے ہونگے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ویسے تو بپاشا باسو کو ایک نڈر خاتون مانا جاتا ہے اور خود کہتی ہیں وہ کسی سے نہیں ڈرتیں اور اپنے فیصلے خود لیتی ہیں لیکن ہمیں نہیں پتہ تھا کہ بھوت سے انہیں ڈر لگتا ہے۔







