ہنگر گیمز کا تین سو ملین ڈالر کا کاروبار

،تصویر کا ذریعہAP
ہالی وڈ کی ایکشن فلم ’ہنگر گیمز‘ اپنی ریلیز کے تیسرے ہفتے میں بھی امریکی باکس آفس پر سرفہرست ہے اور اس نے اب تک تین سو ملین ڈالر سے زائد کا کاروبار کیا ہے۔
اٹھتہر ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کی گئی یہ فلم دنیا بھر میں کل ملا کر چار سو ساٹھ ملین ڈالر کا کاروبار کر چکی ہے۔
اس فلم نے نمائش کے پہلے ہی ہفتے میں ایک سو پچپن ملین امریکی ڈالر کا کاروبار کر کے آمدنی کا نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
امریکہ کے علاوہ برطانوی باکس آفس پر بھی گزشتہ ہفتے ہنگر گیمز سب سے کامیاب فلم تھی جبکہ رواں ہفتے کے نتائج بدھ تک آئیں گے۔
آج تک کسی بھی فلم کی نمائش کے پہلے ہفتے میں کمائی کے اعتبار سے یہ رقم تیسرے نمبر پر ہے جبکہ یہ اس معاملے میں اول نمبر پر ہے کہ یہ کسی فلم کا سیکوئل نہیں ہے کیونکہ اس سے قبل اگر کسی فلم کی پہلے ہفتے میں اس سے زیادہ کمائی ہوئی ہے تو وہ کسی نہ کسی فلم کا سیکوئل تھیں۔
سوزانے کولنز کے ناول پر مبنی فلم ہنگر گیمز ایک ایسی دوشیزہ کی کہانی ہے جو کہ زندگی اور موت کے گیم شو میں اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی ہے۔
اس دوشیزہ کا کردار مشہور ہالی ووڈ اداکارہ جینیفر لارنس نے نبھایا ہے جنہیں سن دو ہزار گیارہ میں ’ونٹرز بون‘ جیسے زبردست ڈرامے میں آسکر انعام کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہAP
امریکی باکس آفس کے تجزیہ کار پال عابدین کا کہنا ہے کہ اس فلم کی کامیابی کی وجہ اس ناول کی مقبولیت ہے جس پر یہ فلم بنی ہے اور اس کے علاوہ اسے اپنی ریلیز کے زمانے میں کسی بڑی اور اچھی فلم سے مقابلے کا سامنا بھی نہیں رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکی باکس آفس پر اس ہفتے دوسرے نمبر پر رہنے والی فلم امریکن ری یونین ہے جبکہ تیسرا درجہ مشہور فلم ٹائٹینک کے تھری ڈی ورژن کو ملا ہے۔
ٹائٹینک کے حادثے کے سو سال کی تکمیل کے موقع پر اس فلم کا تھری ڈی ورژن ریلیز کیا گیا ہے۔ گیارہ آسکر ایوارڈ جیتنے والی یہ فلم ایک طویل عرصے تک کمائی کے اعتبار سے ہالی وڈ کی کامیاب ترین فلم رہی اور گزشتہ برس اوتار نے اس سے یہ اعزاز چھین لیا تھا۔
ری ریلیز کے بعد ٹائٹینک مجموعی طور پر ایک ارب نوے کروڑ ڈالر کما چکی ہے جبکہ اوتار نے دو ارب اسّی کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا تھا۔.







