ہیری پوٹر کا ایک ارب ڈالر کا کاروبار

،تصویر کا ذریعہ
ہیری پوٹر سیریز کی آخری فلم ’ ہیری پوٹر اینڈ دا ڈیتھلی ہالوز: پارٹ ٹو‘ نے دنیا بھر میں باکس آفس پر ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا کاروبار کیا ہے۔
فلم کی تقسیم کار کمپنی وارنر برادرز کا کہنا ہے کہ یہ ہیری پوٹر سیریز کی آٹھ فلموں میں سے یہ ہدف حاصل کرنے والی پہلی فلم ہے۔
اس سے قبل اس سیریز کی سنہ 2001 میں ریلیز کی جانے والی فلم ’ہیری پوٹر اینڈ دا فلاسفرز سٹون‘ سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلم تھی جس نے ستانوے کروڑ اڑتالیس لاکھ ڈالر کا کاروبار کیا تھا۔
دنیا میں باکس آفس پر سب سے زیادہ کاروبار کرنے کا ریکارڈ سنہ 2009 میں ریلیز کی جانے والی فلم اوتار کا ہے جس نے دو ارب اسّی کروڑ ڈالر کا بزنس کیا تھا۔
خیال ہے کہ ’ہیری پوٹر اینڈ دا ڈیتھلی ہالوز‘ جلد ہی رواں سال کی سب سے کامیاب فلم بن جائے گی۔
اس وقت 2011 میں سب سے زیادہ کاروبار کا ریکارڈ پائریٹس آف دی کیریبیئن سیریز کی نئی فلم کا ہے جس نے اب تک ایک ارب تین کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا ہے۔



