شوارزنیگر کی ہالی وڈ میں واپسی

کیلیفورنیا کے سابق گورنر اور اداکار آرنلڈ شوارزنیگر ویسٹرن موویز کی فلم ’لاسٹ سٹینڈ‘ کے ساتھ ہالی وڈ میں واپس آ رہے ہیں

سٹوڈیو لائن گیٹس کا کہنا ہے کہ تریسٹھ سالہ آرنلڈ سے فلم میں پولیس افسر کے اس کردار میں جان پڑ جائے گی جو منشیات کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف لڑتا ہے۔

یہ فلم سنہ 2003 کی ’ٹرمینیٹر 3‘ کے بعد آرنلڈ کی اب تک کی سب سے بڑی فلم ہوگی۔

’لاسٹ سٹینڈ‘ میں شوارزنیگر ایک شیرف یعنی پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو انتہائی مشکل صورتِ حال سے لڑتا ہے اور آخر کار کامیاب ہوتا ہے۔

فلم کے ہدایت کار جنوبی کوریا کے کِم جی وون ہونگے ۔ تاہم ابھی تک فلم کی ریلیز کی تاریخ نہیں بتائی گئی۔

اس سے قبل اسی ماہ ان کی اہلیہ ماریا شری یور نے اختلافات کی بنیادو پر اپنے شوہر سے طلاق کا کیس درج کیا ہے۔

آرنلڈ شوازنیگر اور ان کی اہلیہ ماریا شریور 25 سال کی شادی کے بعد اب علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔

گزشتہ ماہ مئی میں یہ لوگ اس وقت علیحدہ ہو گئے تھے جب آرنلڈ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ اپنی ہی ایک ملازمہ کے بچے کے باپ ہیں۔

ماریا اور آرنلڈ کے چار بچے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں اپنے چاروں بچوں کی دیکھ بھال مل جل کر کریں گے۔