لیڈی گاگا فوربز لسٹ میں سرِفہرست

لیڈی گاگا کی حالیہ کاوش ان کی البم’ بورن دس وے‘ ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنلیڈی گاگا کی حالیہ کاوش ان کی البم’ بورن دس وے‘ ہے۔

بین الاقوامی تجارتی جریدے فوربز نے اپنی عالمی فہرست میں امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کو سب سے مقبول اور ’طاقتور‘ فنکار قرار دیا ہے۔

فوربز نے سو مشہور ترین فنکاروں کی جو فہرست جاری کی ہے اس میں پہلے نمبر پر لیڈی گاگا ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفری ہیں جو کہ گزشتہ برس اس فہرست میں پہلے درجے پر تھیں۔

گزشتہ سال لیڈی گاگا اس فہرست میں چوتھے نمبر پر تھیں اور ان کی رینکنگ میں اضافے کی وجہ گزشتہ بارہ ماہ کے دوران ان کی تقریباً نوے ملین ڈالر کی آمدن اور سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ان کی مقبولیت ہے۔

اس وقت فیس بک پر گاگا کے پرستاروں کی تعداد تین کروڑ بیس لاکھ اور ٹوئٹر پر ایک کروڑ سے زائد ہے۔

فوربز کی مدیر ڈوروتھی پومیرنٹاز کا کہنا ہے کہ ’ لیڈی گاگا نے اس سال سوشل میڈیا کی وجہ سے اوپرا کو مات دی ہے‘۔ انھوں نے کہا کہ’یہ بہترین مثال ہے کہ کس طرح شخصیات کو آئندہ آنے والے سالوں کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔‘

لیڈی گاگا کی حالیہ کاوش ان کی البم’ بورن دس وے‘ ہے۔ اس البم کے تمام چودہ گانے اس ویک اینڈ پر یورپ میں انٹرنیٹ سٹریم پرجاری کیے جائیں گے جب کہ البم پیر کو ریلیز ہوگی۔ دوسری پوزیشن پر آنے والی اوپرا ونفری اس ہفتے شکاگو میں پچیس سال جاری رہنے والے اپنے مقبول عام ٹاک شو کے دو فائنل ایڈیشن ریکارڈ کروائیں گی۔

اس فہرست میں ایک نیا نام کینیڈا کے پاپ سٹار جسٹن بیبر کا ہے جو براہِ راست تیسری پوزیشن پر آئے ہیں۔اس فہرست میں بیبر کی شمولیت کی وجہ گزشتہ برس کی ان بےپناہ مقبولت اور ایک اندازے کے مطابق پانچ کروڑ تیس لاکھ ڈالر کی کمائی ہے۔

آئرش راک بینڈ یو ٹو چوتھی پوزیشن پر رہے ہیں اور ان کی قبل از ٹیکس آمدن یکم مئی سال دو ہزار دس سے یکم مئی دو ہزار گیارہ کے دوران انیس کروڑ پچانوے لاکھ ڈالر تھی۔