بونی ایم کے سنگر بابی فیرل کا انتقال

بونی ایم
،تصویر کا کیپشنبوبی فیرل بونی ایم گروپ کے واحد مرد سنگر تھے

انیس سو ستر کی دہائی کے مشہور گروپ بونی ایم کے گلوکار بوبی فیرل روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے گئے۔ ان کی عمر 61 برس تھی۔

بوبی فیرل سینٹ پیٹرزبرگ میں پرفارم کر رہے تھے۔

ان کے ایجنٹ جان سیئن کے مطابق فیرل نے بدھ کو شو سے پہلے اور بعد میں سانس کی تکلیف کی شکایت کی تھی۔ تاہم ابھی تک ان کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

فیرل بونی ایم کے چار رکنی بینڈ کے واحد مرد گلوکار تھے۔ وہ جمعہ کو اٹلی کے شہر روم میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کے لیے روانہ ہونے والے تھے۔

کیریبیائی جزیرے آروبا میں پیدا ہونے والے فیرل کا اصلی نام الفونسو فیرل تھا۔ انہوں نے پندرہ سال کی عمر میں جزیرے سے نکل کر بحری جہاز میں نوکری کر لی۔

وہاں سے ناروے اور جرمنی آئے تاکہ اپنے ڈی جے کے کیریئر کو آگے بڑھا سکیں۔

انیس سو چوہتر میں جرمنی کے ایک سنگر اور سونگ رائٹر فرینک فرائر نے ان کا انتخاب بونی ایم کے فرنٹ مین کی حیثیت سے کیا۔

گروپ کے مشہور ریکارڈز میں سے زیادہ گانے انہوں نے ہی گائے ہیں۔ تاہم وہ سنگر سے زیادہ ڈانسر اور شو مین تھے۔

وہ اپنے شوخ کپڑوں کی وجہ سے کافی مشہور تھے۔ اکثر گانوں میں وہ تنگ بیل باٹم پینٹ پہنے بغیر شرٹ کے نظر آتے تھے۔

بونی ایم کا برطانیہ میں پہلا ہٹ گانا 1978 میں ریلیز ہونے والا ڈیڈی کول تھا اور اسی سال بائے دی ریور آف بیبیلان بھی ہٹ ہوا۔

انیس سو چھیاسی میں بونی ایم گروپ ٹوٹ گیا اور فیرل نے اکیلے پرفارم کرنا شروع کر دیا۔