بانڈ سیریز: اگلی فلم کی تیاری ملتوی

جیمز بانڈ سیریز کی اگلی فلم کی تیاری ایم جی ایم سٹوڈیو کی مالی مشکلات کے سبب غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔

جیمز بانڈ فلم کے موجود ہیرو
،تصویر کا کیپشن فلم کو سال دو ہزار گیارہ یا بارہ میں نمائش کے لیے پیش کیے جانا تھا

جیمز بانڈ کی فلم کی تیاری کو ملتوی کرنے کا فیصلہ انیس سو باسٹھ سے یہ فلم بنانے والے ہالی ووڈ کے مشہور سٹوڈیو ایم جی ایم کے غیر یقینی مستقبل کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

قرض کے بوجھ تلے دبے سٹوڈیو کو فروخت کرنے کی کوششیں چھ ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود کامیاب نہیں ہو سکیں جس کی وجہ سے جیمز بانڈ سیریز کی تیسویں فلم کی تیاری کھٹائی میں پڑ گئی ہے۔

فلم کے پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ انھیں نہیں معلوم کے فلم کی تیاری دوبارہ کب شروع ہو گی اور وہ فلم کی ریلیز کی تاریخ کے بارے میں بھی نہیں بتا سکتے ہیں۔

پروڈیوسر ولسن اور پروکولی کا کہنا ہے کہ ’ ایم جی ایم سٹیوڈیو کو فروخت کرنے یا بند کرنے کے حوالے سے پائی جانے والی مستقل غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے جیمز بانڈ سیریز کی تیسویں سیریز کی تیاری روک دی ہے۔‘

جیمز نانڈ سیریز کی تئیسویں فلم کو سال دو ہزار گیارہ یا بارہ میں نمائش کے لیے پیش کیے جانا تھا۔ اس فلم کے ہیرو ڈینئل کیرج ہیں جنھوں نے سال دو ہزار چھ میں پہلی بار بانڈ سیریز کی فلم کیسینو رائل میں بانڈ کا کردار ادا کیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ’ وہ فلم کے پروڈیوسرز کے فیصلے سے مطمئن ہیں اور دیکھ رہے ہیں کہ فلم کی دوبارہ تیاری کا مرحلہ جنتی جلدی ممکن ہو سکا شروع ہو گا۔ ‘