سلمان کا خواب اور فریڈا نئی بانڈ گرل

    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، پونے

فریڈا بنیں گی بونڈ گرل

فلم ’سلم ڈاگ ملینئر‘ نے بہت سے اداکاروں کی زندگیاں بدل دیں لیکن جتنا فائدہ فریڈا پنٹو کو ہوا اتنا شاید ہی کسی کو ہوا ہو گا وہ اس لیے کہ ہالی ووڈ ہیروئین جیمز بونڈ کے مدمقابل ہیروئین بننے کا جو خواب دیکھتی آئی ہیں اسے سلم ڈاگ سے قبل گمنام اداکارہ فریڈا نے حاصل کر لیا۔ فریڈا جیمز بونڈ کی آنے والی فلم میں ہیرو ڈینئیل کریگ کی ہیروئین ہوں گی۔ اسے تقدیر کا کھیل کہتے ہیں۔ بیسٹ آف لک فریڈا۔۔۔۔۔۔

سلمان کا خواب

سلمان خان
،تصویر کا کیپشنسلمان خان ایک کرکٹ ٹیم خریدنا چاہتے ہیں

سلمان کا سپنا ادھورا رہ گیا۔۔۔۔ آپ خیالات کے گھوڑے بالکل مت دوڑائیے ، کیٹ بے بی اور سلو ابھی بھی ساتھ ہیں ! ہم یہاں بات کر رہے ہیں سلو کے آئی پی ایل ٹیم خریدنے کی! جی ہاں، سلمان کو پورا یقین تھا کہ وہ پونے کی آئی پی ایل ٹیم خریدنے میں کامیاب ہو جائیں گے اسی لیے تو انہوں نے کامیابی کی خوشی میں پارٹی کی تیاریاں بھی مکمل کرا لی تھیں۔ سلو کو لگا ان کے سامنے سیف اور کرینہ دعویدار ہیں اور مقابلہ انہی سے ہے لیکن کسی کو کیا پتہ تھا کہ ایک ہزار سات سو دو کروڑ روپوں کے ساتھ بازی سہارا گروپ لے جائے گا۔

تیرا میرا ساتھ رہے

ممبئی کے شاندار فائیو سٹار ہوٹل میں پارٹی شباب پر تھی۔ کرن جوہر نے اپنی ماں ہیرو جوہر کے لیے پارٹی منعقد کی تھی۔ نصف شب کے بعد ایک جوڑا ہاتھ میں ہاتھ ڈالے اندر داخل ہوا اور جیسے وقت تھم گیا۔ سب کے منہ کُھلے کے کُھلے رہ گئے۔ حیرت کیوں نہ ہوتی وہ منظر سب کے لیے چونکانے والا ہی تھا۔ ارے بھئی رانی مکھرجی اپنے’انتہائی قریبی دوست‘ آدتیہ چوپڑہ کے ساتھ پارٹی میں پہنچی تھیں۔ یش چوپڑہ کے بیٹے آدی جو اپنی نجی زندگی میں کسی کو شامل ہونے نہیں دیتے اور رانی اُنہی کی وجہ سے آج کل پارٹیوں سے دور دور رہتی ہیں، اب اچانک دونوں کا اس طرح پارٹی میں آنا جھٹکا تو لگے گا ہی نا!!

کرینہ ماڈرن ممی

کرینہ کپور
،تصویر کا کیپشنکی کرینہ فلم ' را۔ ون ' میں ایک آٹھ سالہ بچے کی ماڈرن ممی بنی ہیں۔

نا ابھی کرینہ کی شادی نہیں ہوئی ہے وہ تو شاہ رخ خان کی فلم ’را۔ ون‘ میں ایک آٹھ سالہ بچے کی ماڈرن ممی بنیں گی۔ اب اگر فلم میں شاہ رخ ہوں تو کون سی اداکارہ ان کے مقابل کام کرنے سے منع کرے گی۔ ایسا ہی کچھ کرینہ بے بی کے ساتھ ہوا۔ انہوں نے ممی بننے سے انکار نہیں کیا لیکن شرط رکھی کہ وہ ( ممیوں )ماں جیسے انداز میں لباس نہیں پہنیں گی۔ ہم سمجھ سکتے ہیں بے بی کہ آپ کو ماں بننے سے ڈر لگتا ہے اسی لیے تو شاید آپ نے سیف کو قبول کر لیا لیکن ان کے بچوں کے ساتھ آپ کو کبھی کسی نے وقت گزارتے نہیں دیکھا کیوں ہم ٹھیک کہہ رہےہیں نا؟

تیرہ کھلاڑی ایک حسینہ

پرینکا چوپڑا
،تصویر کا کیپشنپرینکا چوپڑا کو بالی وڈ کے ایک بہترین اداکارہ کے طور پر جانا جاتا ہے

آپ نے سنا تھا تیرہ حسینائیں اور ایک کھلاڑی اکشے کمار۔ ٹی وی کے اس خطرناک گیم شو ’فیئر فیکٹر‘ کے تیسرے سیزن میں اب کرکٹ کے تیرہ کھلاڑی ہوں گے جو اس گیم شو میں حصہ لینے والے ہیں لیکن ان کے سامنے کھلاڑی اکشے کے بجائے ایک حسینہ پرینکا چوپڑہ ہوں گی!! گریٹ نا؟ لیکن اگر آپ نے پرینکا کی فلمیں دیکھی ہیں تو آپ کو پتہ ہی ہو گا کہ وہ کس طرح فلموں میں خطرناک سٹنٹ کرتی ہیں بس اب اگر ہم یہ کہیں کہ تیرہ کھلاڑیوں کی ماسٹر حسینہ کھلاڑی کا شو تو بیجا نہیں بلکہ آپ کہیں گے بجا فرمایا۔

باپ بیٹے کی ایک ہی بیوی

توبہ توبہ ایسا کہیں ہو سکتا ہے کیا؟ لیکن ہاں ایسا فلموں میں ہو سکتا ہے کیونکہ یہ تو ڈراما ہے نا۔ فلمساز وشال شیکھر کی فلم ’سات خون معاف‘ میں اداکارہ پرینکا چوپڑہ کے سات شوہر ہیں۔ شیکھر نے پہلے شوہر کے طور پر نصیرالدین شاہ کو سائن کیا ہے اور پرینکا کے سب سے چھوٹے یا یوں کہہ لیجئے آخری ساتویں شوہر کے لیے شیکھر نے نصیر کے سب سے چھوٹے بیٹے ووان شاہ ( نصیر کی دوسری بیوی رتنا کا بیٹا ) کو لیا ہے۔ ہے نا دلچسپ۔

افواہوں کے لیے تیار رہیے

قطرینہ کیف
،تصویر کا کیپشنقطرینہ کیف اور رنبیر کپور آنے والی راجنیتی میں ایک ساتھ دکھائی دیں گے

اپریل کا مہینہ آیا کہ رنبیر کپور اور قطرینہ کیف کی دوستی کے چرچے شروع ہو جائیں گے۔ ہر ٹی وی چینل پر چٹپٹی مسالے دار خبروں میں آپ دیکھ اور سن سکیں گے کہ دونوں میں قربتیں بڑھ گئی ہیں۔ آپ یہ مت سوچیے کہ ہم کوئی جیوتش ہیں اور پیشن گوئی کر رہے ہیں ارے بھئی اپریل میں کیٹ اور رنبیر اپنی آنے والی فلم ’راج نیتی‘ کی تشہیر کے لیے ملک کے آٹھ شہروں کے کالجوں میں جائیں گے اور طلباء کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ اب اس سے پہلے جب دونوں ایک ساتھ فلم میں کام کر رہے تھے تو ان کی قربتوں کی خبریں عام ہوئی تھیں اور افواہیں تیزی کے ساتھ گشت کر رہی تھیں تو پھر اب؟

یہ نزدیکیاں

کنگ اور کنگ میکر کے درمیان نزدیکیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ پہیلیاں بوجھانے کے بجائے ہم بتا دیں کہ کنگ خان یعنی شاہ رخ خان اور فلمساز ودھو ونود چوپڑہ کے درمیان ملاقاتیں بڑھ گئی ہیں اور اگر خبروں پر یقین کریں تو خان چوپڑہ کی آنے والی فلم ’فراری کی سواری‘ میں کام کریں گے۔ لگتا ہے دونوں نے اپنی پرانی رنجشیں بھُلا دی ہیں۔ اچھا ہی ہے بھئی ہم تو چاہتے ہی ہیں کہ منا بھائی اور تھری ایڈیٹس کی طرز پر پھر کوئی بلاک بسٹر فلم بنے۔