بالی وڈ ڈائری: ’میں ایک ڈری سہمی ہوئی ماں تھی‘

ملائکہ اروڑہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنملائکہ ٹی وی پر کئی ریالٹی شو کر چکی ہیں
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

'طلاق کے بعد اپنے بیٹے ارہان کی اکیلے پرورش کرتے ہوئے، میں ایک ڈری سہمی ہوئی ماں تھی جسے یہی دھڑکا لگا رہتا تھا کہ میں یہ سب کیسے کر پاؤں گی'۔

ملائکہ اروڑہ نے ویب سائٹ پِنک ولا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ 'اس وقت میں نے محسوس کیا کہ مجھے ارہان کے ساتھ ساتھ اپنا بھی خیال رکھنا ہوگا'۔

48 سالہ ملائکہ اروڑہ نے 2017 میں اداکار اور فسمساز ارباز خان سے طلاق لے لی تھی اور ان دونوں کا ایک بیٹا ہے۔

ملائکہ اور ارباز

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنملائکہ اور ارباز کے درمیان طلاق ہو چکی ہے

ملائکہ کو اکثر ان کے طرزِ زندگی یا لباس کے حوالے سے ٹرول کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

حال ہی میں ایک پارٹی میں نیم برہنہ لباس پہننے پر سوشل میڈیا پر ان کی جم کر تنقید کی گئی۔ اس بارے میں ایک سوال کے جواب میں ملائکہ کا کہنا تھا کہ لوگ بہت منافق ہوتے ہیں، جب اس طرح کا لباس کوئی غیر ملکی اداکارہ پہنتی ہے تو اسے پسند کرتے ہیں لیکن جب ایسا لباس کوئی انڈین پہنے تو اسے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ‘یہ دوہرا معیار کیوں؟‘

ملائکہ کا کہنا تھا کہ تنقید یا ٹرولز آپ کو تکلیف پہنچاتا ہے اور اگر کوئی کہتا ہے کہ ان پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا تو وہ جھوٹ بولتا ہے۔

ملائکہ کا کہنا تھا کہ خوش رہنے کے لیے آپ کو یہ معلوم ہونا ضروری ہے کہ آپ چاہتے کیا ہیں اور اس بارے میں ان کا نظریہ بالکل واضح ہے۔

فردین خان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنفردین خان نے فلموں میں واپسی کا اعلان کیا ہے

ٹرولِنگ کا مزہ کیا ہے اور اس کا کیا اثر پڑتا ہے، اس کا جواب فردین خان سے بہتر کون دے سکتا ہے جنہیں ان کے بڑھے ہوئے وزن کے حوالے سے بری طرح ٹرول کیا گیا تھا۔

اس ہفتے ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کے ساتھ ایک انٹرویو میں فردین نے بائیس کلو وزن کم کر کے فلموں میں اپنی واپسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 'سوشل میڈیا پر بے چہرہ لوگ جس طرح آپ کو ٹرول کرتے ہیں اس کا آپ پر برا اثر پڑ سکتا ہے لیکن میں نے اس سے سبق لیتے ہوئے خود کو سنبھالا۔

فردین کا کہنا ہے کہ ہر کسی کی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، کامیابی اورناکامی کے دور سے بھی گزرنا پڑتا ہے لیکن آپ کو خود کو ایک بار پھر سمیٹ کر آگے بڑھنے کی ہمت کرنی پڑتی ہے۔

فردین اپنی بیگم نتاشا کے ساتھ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنفردین خان کو انکے بڑھے ہوئے وزن کے سبب ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا

فردین خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اب کمر باندھ لی ہے اور ڈھیر سارا کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وہ فلموں کے ساتھ ساتھ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز بھی کام کرنا چاہتے ہیں اور ان کے پاس کچھ آفرز بھی ہیں۔

فردین فلسماز سنجے گپتا اور بھوشم کمار کی فلم 'وسفوٹ' سے بڑے پردے پر واپسی کر رہے ہیں جس میں ان کے ساتھ رتیش دیش مکھ بھی ہیں۔ یوں تو فردین خان نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز 1998 میں پریم اگن سے کیا تھا لیکن یہ فلم بری طرح فلاپ رہی اور ان کا کریئیر شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوتا نظر آیا۔

لیکن پھر سنہ 2000 میں رام گوپال ورما کی فلم جنگل میں ارمل ماتونگڑ کے ساتھ ان کی قسمت نے کروٹ بدلی اور اس کے بعد انہوں نے کئی کامیاب فلمیں دیں جن میں سے زیادہ تر کامیڈی فلمیں تھیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سالوں بعد ان کی واپسی ان کے لیے کونسے راستے کھولتی ہے۔

سلمان خان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسلمان خان نے ٹائگر تھری کی رلیز ڈیٹ کا اعلان کیا ہے

جہاں تک واپسی کا تعلق ہے تو ٹائیگر ایک بار پھر واپس آ رہا ہے۔ سلمان خان اور کترینہ کیف آنے والی عید کے موقع پر ٹائیگر تھری سے واپسی کر رہے ہیں۔

حال ہی میں کترینہ اور سلمان کا ایک پروموشنل ویڈیو جاری ہوا ہے جس میں دونوں نے انوکھے انداز میں اپنی واپسی کا اعلان کیا۔ اب یہ کیسی واپسی ہے یہ بات سمجھ سے باہر ہے ویسے بھی ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ 'وہ دل میں آتے ہیں سمجھ میں نہیں '۔ یہ اور بات ہے کہ ان کی فلم رادھے کی ناکامی اور فلم انتم پر ملے جلے ردِ عمل کے بعد بالی ووڈ کے بھائی کی فلموں کا پھر بھی لوگ بےصبری سے منتظر ہیں۔ ان کی آنے والی فلموں میں کبھی عید کبھی دیوالی اور کِک ٹو بھی شامل ہیں۔