کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کے لیے راجستھان کا 700 سال پرانا قلعہ مکمل طور پر بُک

،تصویر کا ذریعہKALYANAD/ZEERAAZIGRAB
- مصنف, موہر سنگھ مینا
- عہدہ, بی بی سی ہندی کے لیے
گذشتہ کئی دنوں سے بالی وڈ اداکار وکی کوشل اور اداکارہ کترینہ کیف کی شادی کی خبریں ذرائع ابلاغ میں گردش کر رہی ہیں۔
دونوں نے اب تک ان خبروں کی تصدیق نہیں کی ہے تاہم راجستھان میں حکام شادی کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامات کر رہے ہیں۔
جمعے کو شہر سوائی مادھوپور میں ضلعی مجسٹریٹ راجندر کشن کی سربراہی میں ایک میٹنگ بلائی گئی تھی تاکہ اس شادی سے متعلق انتظامات طے کیے جا سکیں۔ اس میں ویڈنگ پلینر، ہوٹل مالکان اور پولیس حکام شامل تھے۔
راجندر کشن نے بی بی سی کو بتایا کہ ’مقامی انتظامیہ سے ملاقات کی گئی ہے۔ چوتھ کا برورا میں صفائی اور امن و امان کی ہدایات دی گئی ہیں۔ کوئی (بُرا) واقعہ نہیں ہوگا اور ٹریفک روانی میں رہے گی۔‘ اس میٹنگ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے بارے میں بھی بات کی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ شادی کی تقریبات سات سے 10 دستمبر تک ہوں گی اور اس میں 120 مہمان شرکت کریں گے۔ اس دوران کورونا وائرس کی روک تھام کے انتظامات بھی کیے جائیں گے۔
راجندر کشن نے بتایا کہ ’کووڈ گائیڈلائنز پر عملدرآمد کی ہدایات دی گئی ہیں۔ مہمانوں کے لیے لازم ہوگا کہ انھیں ویکسین کی دونوں خوراکیں لگی ہوں۔ ہوٹل کی انتظامیہ ہیلپ ڈیسک لگائے گی۔ مہمانوں کو یہ ہدایت دی جا چکی ہیں۔‘

ان کے مطابق مہمانوں کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں اور کورونا کے پی سی آر ٹیسٹ لازم ہوں گے۔ ویکسین کے بغیر مہمانوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سوائی مادھوپور میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلیلٹر ڈاکٹر سورج سنگھ نے خط میں لکھا ہے کہ ’وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی کی تقریب کے انتظامات سے قبل شائقین پر قابو، امن و امان، ممکنہ واقعات اور ضروری انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سوائی مادھوپور میں انتظامات
راجستھان کے شہر سوائی مادھوپور سے قریب 18 کلو میٹر دور ایک پہاڑی چوٹی پر چوتھ کا برورا کے مقام پر ایک 700 سال پرانا قلعہ واقع ہے جسے اب ایک ہوٹل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اس کا نام سکس سینسز فورٹ ہوٹل ہے۔
اگرچہ وکی یا کترینہ کی جانب سے اب تک اپنی شادی کا اعلان نہیں کیا گیا مگر مہمان چار دسمبر سے ہی آنا شروع ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
شادی کی تقریبات کے لیے ہوٹل کے کمرے چار سے 12 دسمبر تک بُک کیے گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق کترینہ اور وکی کوشل چھ دسمبر کو سوائی مادھوپور آئیں گے۔
ہوٹل کی انتظامیہ سے رابطہ کیے جانے پر انھوں نے ہمیں اس شادی کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ پھر جب ہم نے اس قلعے میں چھ سے آٹھ دسمبر کے لیے کمرہ بُک کرنا چاہا تو انتظامیہ نے انکار کر دیا اور کہا کہ سات سے 12 دسمبر تک بکنگ نہیں ہو سکتی۔

،تصویر کا ذریعہvicky Kaushal/Instagram
ایک مقامی صحافی کے مطابق مہمانوں کے علاوہ ڈرائیورز اور سکیورٹی حکام سمیت دیگر عملے کے لیے قریبی ہوٹلوں میں بکنگ کروائی گئی ہے۔
راجستھان میں اس سے پہلے بھی معروف شخصیات کی شادیاں ہوئی ہیں۔ کئی بڑی کاروباری شخصیات اور بالی وڈ کے ستاروں نے جھیلوں کے شہر اودے پور میں شادی کی ہے۔ مگر سوائی مادھوپور میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی شادی ہوگی۔
چوتھ کا برورا فورٹ کو حال ہی میں ایک ہوٹل میں تبدیل کیا گیا ہے اور اب یہاں وکی کوشل اور کترینہ کیف اپنی شادی رچانے جا رہے ہیں۔
رواں سال اکتوبر میں اس کے افتتاح پر بالی وڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا بھی آئی تھیں۔
خیال ہے کہ کترینہ اور وکی کے مینیجرز کی ٹیمیں بھی ہوٹل میں شادی کے انتظامات میں مصروف ہیں۔
ایک مقامی صحافی کے مطابق اس قلعے میں 48 کمرے ہیں اور ایک کمرے کا کرایہ 50 ہزار سے سات لاکھ کے درمیان ہے۔
کترینہ اور وکی کوشل کے لیے الگ الگ سویٹ بُک کیے گئے ہیں جن کا ایک رات کا کرایہ سات لاکھ روپے ہے۔

،تصویر کا ذریعہMOhar Singh Meena/BBC
ایک مقامی صحافی نے ہوٹل کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کی تقریبات سات دسمبر کو سنگیت سے شروع ہوں گی جبکہ شادی کی سب سے اہم تقریب نو دسمبر کو ہوگی۔ آٹھ دسمبر کو مہندی کی رسم نبھائی جائے گی جس کے لیے دنیا کی مشہور سوجات مہندی منگوائی گئی ہے۔
سوجات کمپنی کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ جے پور سے ایک ایونٹ کمپنی کی کال آئی تھی۔ انھوں نے کترینہ کیف کی شادی کے لیے مہندی کی بات کی تھی تاہم انھوں نے مزید تفصیلات دینے سے انکار کیا۔
شادی کے مہمانوں کی کوئی فہرست جاری نہیں کی گئی مگر خیال ہے کہ بالی وڈ، کاروبار اور سیاست کی دنیا سے کچھ معروف لوگ شرکت کریں گے۔
پولیس اہلکار راجیش سنگھ کے مطابق ’ہمیں مہمانوں کی فہرست نہیں دی گئی نہ ہی ہم نے ان سے لسٹ مانگی ہے۔ راستے پر ضروری انتظامات کیے جائیں گے۔‘
میڈیا کی خبروں کے مطابق مہمانوں سے گزارش کی گئی ہے کہ اس بارے میں کوئی تفصیلات نہ دیں۔









