شوبز ڈائری: پھٹی ہوئی جینز پر شور اور سینسر کی لمبی قینچی

،تصویر کا ذریعہPATRICK KOVARIK
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
'ہمارے کپڑے نہیں آپ کی ذہنیت بدلنے کی ضرورت ہے'۔
یہ پیغام بالی ووڈ کے شہنشاہ کہے جانے والے اداکار امیتابھ بچن کی نواسی نویہ نویلی نندہ کا ہے۔ دراصل انڈین ریاست اتراکھنڈ کے نئے نویلے وزیراعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت نے ان بچوں اور خاص طور پر لڑکیوں کے والدین کی پرورش پر سوال اٹھایا تھا جو بقول ان کے ’بے تکے کپڑے پہنتی ہیں‘ اور پھٹی ہوئی جینز پہنتی ہیں۔
راوت بظاہر یہ بتا رہے تھے کہ گھٹنوں پر سے پھٹی ہوئی جینز کس طرح ’معاشرے کی خرابی کاسبب بنتی ہے‘۔ راوت کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک مہم شروع ہو گئی اور ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ رِپڈ جینز' ٹرینڈ کرنے لگا۔
نویہ نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر پھٹی ہوئی جینز میں اپنی تصویر لگاتے ہوئے لکھا ’دوسروں کے لباس کو بدلنے سے پہلے اپنے خیالات کو تبدیل کریں۔ میں اپنی پھٹی ہوئی جینز پہنوں گی اور فخر سے پہنوں گی'۔
اتنا ہی نہیں نواسی کے بعد نانی کو بھی غصہ آ گیا اور انہوں نے بھی تیرتھ سنگھ راوت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کیا ’اس بات کا فیصلہ آپ کریں گے کہ کس کی پرورش کیسی ہے اور کسے کیا پہننا چاہیے‘۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہHindustan Times/ getti Images
اتنا ہی نہیں اب زیادہ تر لوگ اور اہم شخصیات نے سوشل میڈیا پر پھٹی ہوئی جینز میں اپنی تصاویر لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور لوگوں سے یہ اپیل بھی کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی پھٹی ہوئی جینز نکال کر پہنیں۔
اداکارہ ارملا ماتونگڑ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ’ پھٹی ہوئی جینز تو ملک کا نوجوان سنبھال لے گا لیکن آپ ملک کی پھٹی ہوئی معیشت کو کیسے سنبھالیں گے'۔
اس ہنگامے میں کنگنا کیسے خاموش رہ سکتی تھیں، انہوں نے اپنی پھٹی ہوئی جینز میں اپنی تصویر لگاتے پوئے اپنے ہی انداز میں لکھا کہ ’پھٹی ہوئی جینز پہنیں تو کُول نظر آئیں بھکاری نہیں‘۔
نِک جونس کے ساتھ عشق اور شادی

،تصویر کا ذریعہSOPA Images
برطانیہ کے شاہی جوڑے کے بعد اب انڈین اداکارہ پرینکا چوپڑہ جونس اوپرا ونفری کی مہمان بنیں ہیں اور اس انٹرویو کا پرومو حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے۔ پرومو میں پرینکا اپنے شوہر نِک جونس کے ساتھ عشق اور شادی پر بات کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ چونکہ نِک اور ان کی عمر میں بڑا فرق تھا اس لیے وہ ان کے بارے میں سنجیدگی سے نہیں سوچتی تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کی ماں نے نِک کے بارے میں انہیں قائل کیا اور ان کی ماں کا کہنا تھا کہ ماضی کے ناکام رشتوں کے بعد ان کی زندگی میں ضرور ایسا کوئی آئے گا جو انہیں تمام خوشیاں دے گا۔
پرینکا نے اپنی ہی زندگی کے بارے میں اپنی کتاب Memoir Unfinished یعنی 'ادھوری یادداشت' کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کافی عرصے سے کتاب لکھنے کے بارے میں سوچ رہی تھیں اور کووڈ کے دوران انہیں اپنی یہ خواہش پوری کرنے کا موقع مل گیا۔ پرینکا ہنستے ہوئے کہتی ہیں کہ پھر اپنی ہی زندگی کے بارے میں کتاب لکھنے سے زیادہ آسان کام اور کیا ہو سکتا ہے خاص طور پر اب جب وہ اپنی پروفیشنل اور پرسنل زندگی میں بہت پراعتماد اور مطمئن ہیں۔
سینسر کی قینچی لمبی ہوگئی

،تصویر کا ذریعہSTRDEL
ایمازون ویب سیریز 'تانڈاو' کے بعد جو ہنگامہ ہوا تھا اس کے بعد اس سیریز کے سیکوئل کو روک دیا گیا ہے۔ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے لیے حکومت کے سخت اصولوں کے سبب ایسے بڑے پلیٹ فارمز اب بہت محتاط نظر آ رہے ہیں۔
ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق ان ایسے پراجیکٹس کو فی الحال روک دیا گیا ہے جن میں کسی بھی طرح مذہبی یا سیاسی موضوعات ہیں اور نئی سیریز کو ماہرین دوربین لگا کر دیکھ رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ان میں کسی طرح کا معمولی سا بھی مذہبی یا سیاسی حوالہ شامل نہ ہو۔
انڈین میڈیا پر رسہ کسنے کے بعد اب او ٹی ٹی پر حکوت کی نظریں ہیں جس پر اب تک سینسر بورڈ کی قینچی نہیں پہنچی تھی لیکن نئے اصولوں کے ساتھ اب یہ پلیٹ فارم بھی پھونک پھونک کر قدم رکھ رہے ہیں۔ نیٹ فلکس پر جاری سیریز 'بامبے بیگمز' کے سیزن ٹو کی شوٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ لگتا ہے اس سیریز سے کسی کو کوئی خاص پریشانی نہیں ہے۔










