بالی وڈ اداکار سنجے دت میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص: ’سنجو بابا کو جادو کی جپھی کون دے گا؟‘

سنجے

،تصویر کا ذریعہFacebook/Duttsanjay

،تصویر کا کیپشن’اپنی لائف کبھی اپ کبھی ڈاؤن، ڈرگز لیا، مہنگے ہوٹلوں میں رہا جیل میں بھی رہا، گھڑیاں بھی پہنی اور ہتھکڑیاں بھی، تین سو آٹھ گرل فرینڈز تھیں اور ایک اے کے 56 رائفل‘ یہ تھا تو سنجے پر بنائی گئی فلم سنجو کا ٹریلر لیکن سنجو بابا کی اصل زندگی کی کہانی بھی کوئی کم فلمی نہیں

سنجو بابا اور منا بھائی کے نام سے معروف بالی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور انھوں نے اپنا علاج کروانے کی غرض سے کام سے وقفہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

سنجے دت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شئیر کی گئی پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہیلو دوستوں، میں علاج کروانے کی غرض سے کام سے وقفہ لے رہا ہوں۔ میرے خاندان کے افراد اور دوست احباب میرے ساتھ ہیں اور میں اپنے مداحوں سے درخواست کرتا ہوں کہ پریشان نہ ہوں اور غیر ضروری قیاس آرائیوں سے اجتناب کریں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’آپ کی محبت اور نیک خواہشات کے ساتھ میں جلد لوٹوں گا۔‘

سنجے

،تصویر کا ذریعہ@duttsanjay

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز نے لیلاوتی ہسپتال کے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ 61 سالہ اداکار میں پھیپھڑوں کے کینسر کی چوتھی سٹیج کی تشخیص ہوئی ہے۔

یاد رہے سنیچر کے روز انھیں سانس لینے میں تکلیف کے باعث ہسپتال پہنچایا گیا تھا، لیکن پیر کے روز انھیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

جب انھیں ہسپتال داخل کرایا گیا تو اداکار کے آکسیجن کی سطح 90-92 فیصد کے درمیان اتار چڑھاؤ کا شکار تھی۔ سانس میں دشواری کورونا وائرس کی علامات میں سے ایک ہے لہذا فوری طور پر ان کا کووڈ 19 ٹیسٹ لیا گیا۔

8 اگست کو سنجے نے ٹویٹر پر اپنے مداحوں کو یقین دلایا کہ ان کی طبعیت ٹھیک ہے اور ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ بعد میں ان کے پھیپھڑوں میں کینسر کی چوتھی سٹیج کی تشخیص ہوئی۔

انڈین میڈیا کے مطابق سنجو بابا کو علاج کے لیے امریکہ لے جایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سنجے دت انڈیا کی سب سے زیادہ متنازع فلمی شخصیات میں سے ایک ہیں۔ ان کی شراب نوشی اور منشیات کی لت، ان کے مبینہ معاشقے اور سب سے بڑھ کر دہشت گردی کے ایک معاملے میں ان کا ملوث ہونا اور ان کے جیل جانے کی باتیں۔۔۔ غرض سنجو بابا کی اصل زندگی بھی کسی فلم سے کم نہیں۔

آئیے ان کی ذاتی سے لے کر فلی زندگی کے اتار چڑھاؤ پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

نرگس نے سوچا بھی نہیں ہوگا کہ ان کا بیٹا زندگی میں کیسے کیسے دشوار راستوں سے گذرے گا

سنجے

،تصویر کا ذریعہ@duttsanjay

،تصویر کا کیپشنجولائی 1959 کو سنجے کی پیدائش کے بعد نرگس نے سوچا بھی نہیں ہوگا کہ ان کا حقیقی بیٹا بھی اپنی زندگی میں کیسے کیسے دشوار راستوں سے گذرے گا

سنجے دت بالی وڈ کے دو معروف و محبوب فنکاروں سنیل دت اور نرگس کی تین اولادوں میں سب سے بڑے ہیں۔

دستاویزی فلم ’نرگس اور سنیل دت کا بیٹا سنجے‘ میں ان کی ماں نرگس سنجو کو تیار کرکے انھیں چومتی ہیں تو وہ شرما کر اپنا منھ چھپا لیتے ہیں۔ چھوٹا سنجو کیمرے کی طرف نہیں دیکھتا تھا۔ لیکن بعد میں انھوں نے کیمرے کا ہی انتخاب کیا۔

فلم ’مدر انڈیا‘ میں نرگس دت غلط کام کرنے والے اپنے بیٹے برجو کو گولی مار دیتی ہیں لیکن یہ فلم کی بات تھی۔ 29 جولائی 1959 کو سنجے کی پیدائش کے بعد نرگس نے سوچا بھی نہیں ہوگا کہ ان کا حقیقی بیٹا بھی اپنی زندگی میں کیسے کیسے دشوار راستوں سے گذرے گا۔

سنجے کو بگڑتا دیکھ کر ان کے والدین نے انھیں بورڈنگ سکول بھیجنے کا فیصلہ کیا اور سنجے نے کئی سال ہماچل پردیش سینٹ لارنس سکول میں گذارے۔

سنجے دت کے فلمی سفر پر ایک نظر

سنجے

،تصویر کا ذریعہINSTAGRAM/SANJAYDUTT/

،تصویر کا کیپشنسنجے نے 187 فلموں میں کام کیا ہے

1977 میں سنجے اٹھارہ برس کی عمر میں بورڈنگ سکول سے گھر آئے اور ممبئی میں انھیں ایلی فینٹ کالج میں داخلہ دلوایا گیا یہی وہ دور تھا جب سنجے منشیات کی لت کا شکار ہوئے۔ انھوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ اپنے کمرے میں بند رہتے تھے۔

نرگس کو شاید اندازہ تھا کہ ان کا بیٹیا منشیات لینے لگا ہے لیکن انھوں نے یہ بات سنیل دت کو نہیں بتائی۔ سنجے نے فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ فلموں میں کام کریں گے یوں 1971 میں فلم ریشما اور شیرہ سے بطور چائلڈ آرٹسٹ ان کے فلمی سفر کا آغاز ہوا۔

بہرحال سنیل دت نے ان کی ٹریننگ کروائی اور جب سنجے فلموں کے لیے تیار ہو گئے تو انھیں فلم ’راکی‘ میں بطور ہیرو لیا گیا اور ٹینا منیم کو ہیروئن۔ جب راکی کی شوٹنگ چل رہی تھی اسی دوران معلوم ہوا کہ ان کی ماں نرگس کو کینسر ہو گیا ہے۔

7 مئی 1981 کو راکی کا پریمیئیر ہونا تھا لیکن 3 مئی کو فلم کی ریلیز سے محض چار دن پہلے نرگس انتقال کر گئیں۔

پریمیئیر میں سنیل دت نے اپنے برابر والی سیٹ خالی رکھی تھی۔ فلم لوگوں کو پسند آئی۔ لیکن نرگس کے گذرنے کے بعد سنجے ٹینا منیم اور ڈرگز دونوں کے اور قریب آگئے۔

سنجے نے تقریباً 187 فلموں میں کام کیا ہے۔

سنجے کی زندگی کی ’لیڈنگ لیڈیز‘

سنجے

،تصویر کا ذریعہ@duttsanjay

،تصویر کا کیپشنسنہ 2008 میں سنجے نے مانیتا سے تیسری شادی کی او ان کے دو بچے اقرا اور شاہران ہیں

سنجے کی زندگی میں کئی لڑکیوں کے بعد رچا شرما آئیں اور 1987 میں انھوں نے شادی کر لی۔ ان دونوں کی ایک بیٹی ہوئی اور پھر رچا کو برین ٹیومر ہو گیا اور وہ امریکہ شفٹ ہوگئیں۔

1996 میں رچا شرما کا انتقال ہوا اور 1998 میں انھوں نے ریا پلئی سے شادی کی۔

ریا کے ساتھ سنجے کا رشتہ 2008 تک چلا۔ اس کے بعد ان کی زندگی میں مانیتا آئیں۔ جن کا اصلی نام دلنواز شیخ ہے۔

بہنوں کی مخالفت کے باوجود بھی سنجے نے مانیتا سے شادی کی او ان کے دو بچے اقرا اور شاہران ہیں۔

سنجے کے جیل میں گزرے دن

جیل

،تصویر کا ذریعہAFP

'مائی نیم از ابو سالم' کتاب لکھنے والے حسین زیدی لکھتے ہیں بابری مسجد گرائے جانے کے بعد ممبئی میں فسادات ہوئے اور سنیل دت نے مذہب کی تفریق کے بغیر ہی اس میں زخمی ہونے والوں کی مدد کی تھی۔ سنجے نے بھی بڑھ چڑھ کر اپنے پاپا کا ساتھ دیا اور کچھ لوگوں کو یہ بات پسند نہیں آئی۔

کچھ سخت گیر تنظیموں نے سنیل دت کو دھمکیاں بھی دیں۔ سنجے دت ان سے پریشان ہو گئے تھے اور انہیں لگا کہ اب اصل زندگی میں ہیرو بننے کا وقت آ گیا ہے۔ سنجے کو جیل جانا پڑا۔

جیل سے رہائی کے بعد سنجے کی فلم 'کھل نائیک' زبردست ہٹ رہی۔ ایک سال کے بعد انہیں پھر جیل جانا پڑا۔

اس دور میں بال ٹھاکرے نے کھل کر سنجے دت کا ساتھ دیا اور کہا کہ دت خاندان کو کوئی ممبر غدار نہیں ہے۔ پندرہ مہینے بعد 1995 میں سنجے ماتھے پر بڑا سا تلک لگائے جیل سے باہر نکلے۔

پھر 2000 میں سنجے کو چھوٹا شکیل سے بات کرتے ہوئے ریکارڈ کر لیا گیا اور اسے ثبوت بنا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔

ہتھیار رکھنے سے متعلق سنجے کا کیس ابھی جاری تھا کہ 2007 میں ٹاڈا کورٹ کا فیصلہ آیا کہ سنجے دہشت گرد نہیں ہیں لیکن انھیں چھ سال کی سزا سنائی گئی۔

2013 میں سپریم کورٹ نے ان کی سزا کم کر کے پانچ سال کر دی۔ 2016 میں اچھے برتاؤ کی بنیاد پر سنجے باہر آ گئے۔

سگریٹ نوشی پر بحث

سنجے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

سنجے نے بہت چھوٹی عمر سے سگریٹ پینا شروع کر دی تھی ان کے پاپا سنیل دت کا کہنا تھا کہ جب کوئی پروڈیوسر یا ڈائریکٹر گھر آتے تو سنجے ان کے چھوڑے ہوئے سگریٹ پی جاتے۔

سنجے کی زندگی پر بنائی گئی فلم 'سنجو' کے مطابق انھوں نے اپنی والدہ میں کینسر کی تشخیص کے بعد منشیات کا استعمال شروع کر دیا۔

سنجے نے اپنے کئی انٹرویوز میں کھل کر تسلیم کیا کہ انھوں نے ہر طرح کے ڈرگز لیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بیماری کی طرح ہے۔

گذشتہ رات سے ان کے پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر #SanjayDutt ٹرینڈ کر رہا ہے اور سگریٹ نوشی اور اس کے مضر اثرات پر بحث شروع ہو گئی ہے۔

سنجے

،تصویر کا ذریعہ@iUmerMeer

کئی صارفین کا کہنا ہے کہ بلاناغہ سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کو اس سے سبق سیکھنا چاہیے۔

سیدہ نامی صارف کہتی ہیں کہ ’سگریٹ کے دھوئیں سے چھلے بنا کے سواگ جھاڑنے والو!!! کچھ ہوش کے ناخن لو۔۔۔۔۔‘

ایک پاکستانی صارف تو انھیں امریکہ کے بجائے پاکستان آ کر علاج کروانے کا مشورہ بھی دیتے نظر آئے۔ جبکہ کئی افراد یہ بھی کہتے نظر آئے کہ یہ سال آخر بالی وڈ کے حوالے سے اور کتنی بری خبریں لائے گا؟

سوشل میڈیا پر سگریٹ نوشی کے مضر اثرات پر بحث کے ساتھ ساتھ منا بھائی کی معجزاتی صحت یابی کی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔

سنجے

،تصویر کا ذریعہ@rohitjswl01

کئی صارفین انھیں جادو کی جپھیاں دیتے بھی نظر آئے۔ اب اگر آپ کو جادو کی جپھی کا علم نہیں تو پلیز آج منا بھائی ایم بی بی ایس ہی دیکھ لیجیے۔