بالی وڈ ڈائری: کپور کا خاندان جو ہندی سنیما کی تاریخ کا حصہ ہے اور رہے گا

کپور

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

بالی وڈ نے دو ہی دنوں میں انڈسٹری کے دو بڑے فنکار کھو دیے ہیں۔ پہلے عرفان خان اور اس کے دوسرے ہی دن رشی کپورکا صدمہ۔

بالی وڈ جو لاک ڈاؤن کے دوران بھی کسی نہ کسی طرح شائقین کی تفریح کا سامان مہیا کر رہا تھا اچانک غم میں ڈوبا نظر آیا۔ دونوں ہی سٹارز کی آخری رسومات صرف قریبی رشتے داروں کی موجودگی میں ادا کی گئیں۔

جہاں تک رشی کپور کا تعلق ہے تو انڈسٹری میں ان کی میراث اور ان کے خاندان کی خدمات قابلِ ذکر ہیں اس خاندان کی تاریخ بھی ہندی سنیما کی تاریخ کے ساتھ ساتھ شروع ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بالی وڈ میں کپور خاندان کی جڑیں بہت گہری ہیں خاندان کی پانچ نسلیں بالی ووڈ کا حصہ رہی ہیں جس کی بنیاد رشی کپور کے دادا پرتھوی راج کپور نے ڈالی تھی۔ اس کے بعد سے اس خاندان نے بالی وڈ کو ایک نئی راہ اور روشنی دکھائی۔

پرتھوی راج کپور نے ہندی سنیما اور انڈین تھیٹر کو فروغ دیا اور 1944 میں پرتھوی راج کپور نے تھیٹر کی بنیاد ڈالی۔

انھوں نے 1931 میں پہلی بولتی فلم 'عالم آرا' میں کام بھی کیا۔ پرتھوی راج کپور کے بیٹوں ششی کپور، شمی کپور اور راج کپور نے ان کی میراث کو آگے بڑھایا۔ کپور خاندان کے تینوں بیٹے انڈسٹری میں الگ الگ وقت پر داخل ہوئے۔

کپور

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنششی کپور کی کامیاب فلموں میں 'حسینہ مان جائے گی'، بسیرا، شرمیلی اور کبھی کبھی ہیں۔ ششی کپور 2017 میں اس دنیا سے رخصت ہوئے

راج کپور اپنے سنجیدہ گہرے فلمی کرداروں کے لیے مشہور تھے جبکہ ان کے بھائی شمی کپور انتہائی چلبلے اور بھڑکیلے کردار کیا کرتے تھے جبکہ ششی کپور کی امیج چاکلیٹ ہیرو کا ہوا کرتا تھا۔

یوں تو تینوں بھائیوں نے اپنے اپنے دور میں زبردست کامیابی حاصل کی لیکن راج کپور کو انڈسٹری کا شو مین کہا جانے لگا۔ راج کپور نے 1950 اور 60 کی دہائی میں بالی ووڈ فلموں کو ایک نئی جہت بخشی۔

سنہ 1947 میں مدھو بالا کے ساتھ فلم نیل کمل نے انھیں ایک جانا پہچانا چہرہ بنایا اس کے بعد ہی انھوں نے آر کے فلمز کی بنیاد ڈالی اور انداز، برسات، آگ، آوارہ، اور شری 420 جیسی کلاسک فلمیں دیں۔

سنہ 1946 میں راج کپور نے کرشنا ملہوترہ سے شادی کی اور ان کے پانچ بچے ہوئے جن میں رندھیر کپور، رتو کپور، ریما، راجیو کپور اور رشی کپور تھے۔ راج کپور 1988 میں 63 سال کی عمر میں چل بسے۔

شمی کپور کی کامیاب فلموں میں ’تم سا نہیں دیکھا‘، ’دل دے کے دیکھو‘،’جنگلی‘، ’کشمیر کی کلی‘ اور ’تیسری منزل‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔ شمی کپور کے تین بچے ہیں۔ وہ 2011 میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔

کپور

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنرشی کپور کے بیٹے رنبیر کپور نے مشہور فلمساز سنجے لیلی بھنسالے کے ساتھ پہلے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا اور اس کے کچھ عرصے بعد 2005 میں اداکارہ سونم کپور کے ساتھ فلم ساوریہ سے ڈیبیو کیا

ششی کپور بھی اپنے بھائیوں کی طرح بچپن سے ہی فلموں کا حصہ بنے اور 1948 میں اپنے بھائی راج کپور کی فلم آگ میں بطور چائلڈ اداکار کام کیا۔

ششی کپور کی کامیاب فلموں میں ’حسینہ مان جائے گی‘، بسیرا، شرمیلی اور کبھی کبھی ہیں۔ ششی کپور 2017 میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔

کپور خاندان میں رشی کپور سب سے زیادہ کامیاب ہیرو رہے۔ یوں تو رندھیر کپور نے بھی کئی کامیاب فلمیں کیں لیکن انھیں وہ کامیابی اور سٹار کا درجہ نہیں ملا جو رشی کپور نے حاصل کیا۔ رشی کپور کی بطور ہیرو پہلی فلم 1973 میں 'بابی' نے کامیابی کے ریکارڈ توڑ ڈالے اور وہ راتوں رات سپر سٹار بن گئے۔

وقت کے ساتھ ساتھ رشی کپور انڈسٹری کے کامیاب ترین ہیروز میں شمار ہونے لگے۔ ان کی فلموں میں امر اکبر اینتھونی، قرض، ساگر، آپ کے دیوانےاور کھیل کھیل میں جیسی فلمیں شامل ہیں۔

رشی نے اداکارہ نیتو سنگھ سے شادی کی اور اپنی کتاب کھلم کھلا میں انھوں نے اپنے دل اور مزاج کی طرح اپنی زندگی کے ہر واقعے کے بارے میں کھل کر لکھا۔

کپور خاندان میں لڑکیوں کے فلموں میں کام کرنے کی روایت نہیں تھی لیکن رندھیر کپور کی بیٹی کرشما کپور نے اس روایت کو توڑتے ہوئے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔

کرشما کپور کو کامیابی اصل کرنے کے لیے سخت محنت کرنی پڑی ابتدا میں ناکام فلموں کے باوجود بھی کرشما نے ہمت نہیں ہاری اور 1993 میں فلم اناڑی سے انھیں پہلی کامیابی ملی اس کے بعد کرشما نے مڑ کر نہیں دیکھا اور راجا بابو، قلی نمبر ون، ساجن چلے سسرال جیسی کامیاب فلمیں کیں۔

کپور

،تصویر کا ذریعہGetty Images

کرشما کے بعد ان کی بہن کرینہ نے بھی بالی ووڈ میں آنے کا فیصلہ کیا اور ابھیشیک بچن کے ساتھ فلم رفیوجی سے اپنے کریئر کا آغاز کیا۔

پہلی فلم فلاپ رہی لیکن فلم کبھی خوشی کبھی غم میں پوہ کے کردار نے کرینہ کو ایسی کامیابی دلوائی کے اس کے بعد کرینہ نے بھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

رشی کپور کے بیٹے رنبیر کپور نے مشہور فلمساز سنجے لیلی بھنسالی کے ساتھ پہلے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا اور اس کے کچھ عرصے بعد 2005 میں اداکارہ سونم کپور کے ساتھ فلم ساوریہ سے ڈیبیو کیا۔

رنبیر کپور نے بھی کچھ ناکام اور بہت سی کامیاب فلمیں کی ہیں اس وقت کرینہ کپور کے ساتھ ساتھ رنبیر کپور بھی اپنے خاندان کی میراث کو آگے بڑھانے کا کام کر رہے ہیں ایک ایسا خاندان جو ہندی سنیما کی تاریخ کا اہم حصہ ہے اور رہے گا۔