یونیسکو کے ثقافتی ورثے کی فہرست میں کیا کیا شامل ہے

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images
- مصنف, منزہ انوار
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
حال ہی میں کرغزستان میں مردوں کی مخصوص قومی ٹوپی ’کلپک‘ کو یونیسکو کے ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ یونیسکو کے مطابق ثقافتی ورثے کی اس فہرست میں ان چیزوں کو شامل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ’جنہیں محفوظ رکھنا آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے اہم ہے۔‘
ثقافتی ورثے کی اس فہرست میں ایسے عناصر بھی شامل ہیں جو کوئی ٹھوس شکل تو نہیں رکھتے ہوں لیکن اس خاص ثقافت اور علاقے کی پہچان ہیں۔ یہ لوک داستان، رسم و رواج، عقائد، علم و زبان سے لے کر کوئی مہارت بھی ہو سکتی ہے۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ یونیسکو کے ثقافتی ورثے کی اس فہرست میں اور کیا کیا شامل ہے اور ان کا تعلق کہاں کہاں سے ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
’کلپک‘ ۔ کرغزستان
گھنٹی کی شکل کی یہ ٹوپی، کزغزستانی مرد پہنتے ہیں۔ یہ ٹوپی سفید رنگ کی ہوتی ہے اور اس کے چاروں جانب سیاہ رنگ کی پٹیاں لگی ہوتی ہیں۔ جبکہ نیچے کی جانب مڑے ہوئے کنارے والا حصہ بھی سیاہ ہی ہوتا ہے۔
بہت سے کرغزستانیوں کا خیال ہے کہ ’کلپک‘ ان کے ملک کی برفیلی چوٹیوں کی جانب اشارہ کرتی ہے۔ ان دنوں کرغزستان کی پارلیمنٹ ایک ایسے بل پر بحث کر رہی ہے جس میں اس ٹوپی کی بے حرمتی کرنے والے کو مجرم قرار دیا جائے گا۔ سنہ 2017 میں ایک کتے کے کلپک پہننے والے سکینڈل کے بعد یہ بل لایا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی ویب سائٹ کے مطابق سنہ 2017 میں تقریباً 1.3 ملین سیاحوں نے کرغزستان کا دورہ کیا تھا۔ کرغزستان کو امید ہے کہ اس اقدام سے انھیں مزید سیاحوں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
کرغزستان کے نائب وزیر سیاحت میکسات اولو دیمیر نے اے ایف پی کو بتایا ’اس سے بین الاقوامی کمیونٹی کو ہمارے پہاڑی ملک کو جاننے کا موقع ملے گا۔‘

سُوری جاگیک - کیلاش، پاکستان
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سُوری جاگیک برسوں پرانی کالاشا روایت ہے جس کے مطابق سورج، چاند اور ستاروں سے نہ صرف آنے والے دنوں میں موسم کے اثرات کا اندازہ لگایا جاتا ہے بلکہ مذہبی تقریبات اور رسومات کا بھی وقت مختص کرلیا جاتا ہے۔
اسی مقصد کے لیے سوُری جاگیک، یعنی سورج دیکھنے کے لیے مختلف مقامات کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
یہ مقامات کیلاش میں موجود تین وادیوں میں سے کسی بھی گاؤں میں ہوسکتے ہیں جہاں تین سے چار افراد اکٹھا ہوکر پہلے سورج کے نکلنے کا، اور پھر وہ کس مقام پر کتنا وقت ٹھہرتا ہے اس کا اندازہ لگاتے ہیں۔
اقوامِ متحدہ نے اس کو پاکستان کی ایک انوکھی روایت سے منسوب کیا ہے جو وقت کے ساتھ کم ہوتی جا رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
چوقان ۔ آذربائیجان
جمہوریہ آذربائیجان میں روایتی کراباخ گھوڑوں پر سوار ہو کر کھیلا جانے والا کھیل ’چوقان‘ بھی سنہ 2013 سے اس فہرست کا حصہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس کھیل میں کراباخ گھوڑوں پر سوار کھلاڑیوں کی دو ٹیمیں شامل ہوتی ہیں۔ ہر ٹیم میں پانچ گھڑ سوار ہوتے ہیں۔ چوقان کے دوران لوک گیت جھنگی بھی گایا جاتا ہے۔
اس کھیل میں شامل تمام کھلاڑی اور تربیت دینے والے مقامی کسان ہوتے ہیں جو روایتی آستراخان ٹوپیاں، لمبے چست کوٹ، مخصوص پتلونیں، موزے اور جوتے پہن کر کھیلتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
عرب کافی ۔ متحدہ عرب امارت، سعودی عرب، عمان، قطر
عرب معاشروں میں عربی کافی پیش کرنا مہمان نوازی کا ایک اہم حصہ ہے اور اسے سخاوت کا ایک رسمی عمل بھی سمجھا جاتا ہے۔ سنہ 2015 میں اس عمل کو یونیسکو کے ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
روایتی طور پر یہ کافی مہمانوں کے سامنے تیار کی جاتی ہے۔
کافی بنانے کا عمل کافی کے بیجوں کے انتخاب کے ساتھ شروع ہوتا ہے، پھر ان بیجوں کو آگ پر ایک پتلی سی کڑاہی میں ہلکا ہلکا بھونا جاتا ہے۔ بھوننے کے بعد کافی کے بیچوں کو تانبے کے برتنوں میں کوٹا جاتا ہے اور بعد میں تانبے کے برتنوں میں ہی آگ پر رکھ کر پکایا جاتا ہے اور ساتھ ساتھ دھیرے دھیرے پانی بھی شامل کیا جاتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
تیار ہونے کے بعد کافی کو چھوٹے چھوٹے پیالوں میں ڈال کر سب سے پہلے، سب سے اہم یا بزرگ مہمان کو پیش کیا جاتا ہے۔
بادشاہ جیثرر کے لازوال دور کی داستان پر بنا لوک گیت

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مغربی اور شمالی چین میں تبتی، منگولیا اور ٹو برادری کے قبیلے ایک ایسے قدیم بادشاہ کی کہانی بیان کرتے ہیں جنھیں برے افراد پر فتح حاصل کرنے، طاقتوروں کو معزول کرنے، متنوع قبائل کو متحد کرنے اور کمزور افراد کی مدد کے لیے جنت بھیجا گیا۔
گلوکار اور کہانی سنانے والے اس روایت کا تحفظ جیثرر بادشاہ کے دور کے واقعات سنا کر کرتے ہیں۔ کہانی کا متن اور سنانے والوں کا لباس ہر خطے کے حساب سے ایک دوسرے سے مختلف ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
تبت میں یہ کہانی سنانے والے کانسی کے آئینے اٹھا کر کہانی بیان کرتے ہیں اور اپنی گائیکی کو بہتر بنانے کے لیے چہرے کے تاثرات، صوتی اثرات اور اشاروں کا استعمال کرتے ہیں۔
چینی اقلیتوں کے ذریعے محفوظ کی گئی داستان کے علاوہ، بلتستان، ہنزہ اور گلگت کے برشو لوگوں میں بھی اس کے ورژن درج ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بکلاؤگ ۔ سبانن کی تھینکس گِیونگ روایت، فلپائن
جنوبی فلپائن میں زمبوانگا کے سب سے بڑے قبیلے سبانن کی تھینکس گِیونگ روایت بھی یونیسکو کے ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل ہے۔
اس رسم کے دوران میزبان خاندان کے سربراہ جو عموماً گاؤں کے چیف بھی ہوتے ہیں اور جنھیں ’ٹائموے‘ پکارا جاتا ہے، وہ روحوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ روحوں سے جنگل سے مواد اکٹھا کرنے کی اجازت مانگنا، سکوں کا نذرانہ پیش کرنا، انتقال کر جانے والے افراد کی روحوں کو دعوت دینا اور موسیقی و رقص بھی رسومات کا حصہ ہے۔
۔











