آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شوبز ڈائری: جنسی ہراس کے الزامات پر انو ملک پھر انڈین آئیڈل سے الگ
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
جنسی ہراس کے خلاف شروع ہونے والی مہم ’می ٹو‘ نے جہاں کئی بڑی شخصیات کی راتوں کی نیندیں اڑائیں تو وہیں کئی بڑے بڑے نام بدنام ہوئے اور کئی اہم لوگوں کو اپنی اہم ذمہ داریوں اور عہدوں کو چھوڑنا پڑا۔
ساجد خان کو اپنی فلم ہاؤس فُل فور سے الگ ہونا پڑا اور گلوکار انو ملک کو گلوکاری کے مشہور مقابلے انڈین آئیڈل میں جج کے عہدے سے ہٹنا پڑا تھا۔
لیکن انڈین آئیڈل کے تازہ سیزن میں جب انو ملک ایک بار پھر جج کی کرسی پر بیٹھے نظر آئے تو ان پر جنسی ہراس کا الزام لگانے والی گلوکارہ سونا مہاپاترہ نے سوشل میڈیا پر ایک لمبا چوڑا بیان شائع کیا۔
یہ بھی پڑھیے
اس بیان میں انھوں نے اس بات پر حیرانی ظاہر کی کہ سونی ٹی وی ایک ایسے شخص کو ایک بار پھر کیسے جج کی کرسی پر بٹھا سکتا ہے جس پر جنسی ہراس کے سنگین الزامات ہوں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے علاوہ نیشنل کمیشن آف ویمن نے بھی سونی ٹی وی کو نوٹس جاری کیا ہے جس کے بعد ایک بار پھر انو ملک کو انڈین آئیڈل چھوڑنا پڑ رہا ہے۔
’بچے کی پیدائش کے بعد پہلے جیسا کام نہیں ملا‘
اداکارہ نیہا دھوپیا نے اس ہفتے اپنی بیٹی مہر کی پہلی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا پر بہت ہی پیاری تصاویر پوسٹ کیں۔
ساتھ ہی ایک انٹرویو میں نیہا نے یہ بھی شکایت کی کہ ’تمہاری سولو‘ جیسی فلم کرنے کے باوجود بھی بچے کی پیدائش کے بعد انھیں پہلے جیسا کام نہیں ملا اور انھیں ان کے بڑھے ہوئے وزن پر ٹرول بھی کیا گیا۔
نیہا کا یہ بھی کہنا تھا کہ حاملہ ہونے کے بعد انھیں کسی طرح کا کوئی ملال نہیں تھا کہ ان کے کام پر کوئی فرق پڑے گا یا ان کا وزن بڑھ جائے گا۔
نیہا شاید بھول گئی ہیں کہ شادی اور بچے سے پہلے بھی ان کے پاس کچھ زیادہ کام یا کوئی بڑی فلمیں نہیں تھیں اور جہاں تک بچے کے بعد انڈسٹری میں کام ملنے یا نہ ملنے کا تعلق ہے تو اس کی جیتی جاگتی مثال کرینہ کپور ہیں جن کے کریئر پر شادی یا بچے کی پیدائش کا کوئی اثر دیکھنے میں نہیں آیا۔
’ہر سفر کا راستہ یا منزل ہمیشہ ایک نہیں ہوتی‘
اداکار ارجن رام پال اور ان کی سابق بیگم مہر جیسیا کے درمیان اس ہفتے عدالت سے باقاعدہ طلاق ہو گئی ہے۔ مہر اور ارجن جن کی دو بیٹیاں ہیں، کافی عرصے سے علیحدہ رہ رہے تھے۔
ارجن کی 17 سالہ بیٹی مہیکا اور 13 سالہ بیٹی مائرہ اپنی والدہ مہر کے ساتھ ہی رہیں گی۔
ارجن اور مہر کی نااتفاقیوں کی خبریں 2011 میں سامنے آئی تھیں جس کے بعد دونوں نے علیحدہ رہنا شروع کر دیا تھا۔
ارجن اور مہر نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر انتہائی خوبصورت پیغام لکھا۔
انھوں نے لکھا کہ ’بیس سال کے ہمارے اس خوبصورت سفر کے بارے میں ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہر سفر کا راستہ یا منزل ہمیشہ ایک نہیں ہوتی اور ہمیں لگتا ہے کہ اب ہماری منزلیں الگ الگ ہیں اور ہم اپنی دونوں بیٹیوں کے لیے ہمیشہ ایک ساتھ کھڑے نظر آئیں گے۔ رشتے ختم ہوتے ہیں، محبت نہیں۔‘
ارجن اب اپنی گرل فرینڈ گیبریالا کے ساتھ رہتے ہیں جو ان کے بیٹے کی ماں بھی ہیں۔
ویسے ارجن نے درست کہا کہ رشتے ختم ہوتے ہیں، محبت نہیں۔ مہر کے ساتھ ان کا رشتہ ختم ہوا ہے لیکن گیبریالا کے لیے محبت جاری ہے۔