شوبز ڈائری: کرن دیول کی پہلی فلم، گلی بوائے آسکر کے لیے نامزد اور تاپسی پنوں کا سوال

فلم

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

پچھلے ہفتے سنی دیول کے بیٹے کرن دیول کی پہلی فلم ’پل پل دل کے پاس‘ باکس آفس پر بری طرح فلاپ رہی۔ ہر باپ کی طرح سنی کی بھی یہی کوشش اور خواہش رہی ہوگی کہ انکے بیٹے کی فلم کامیاب ہو اور انہوں نے اپنے بیٹے کو لانچ کرنے میں پوری محنت بھی کی ہوگی لیکن بد قسمتی سے فلم بری طرح فلاپ ہوئی۔

دیول خاندان کے نزدیکی ذرائع نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سنی دیول کو فلم ناکام ہونے کا اتنا افسوس نہیں جتنا دکھ انہیں فلم رویوز میں انکے بیٹے کے بارے میں پرسنل کمنٹس سے ہوا ہے۔

اس فلم کے رویوز میں جس طرح کی بداخلاقی کا مظاہرہ کیا گیا اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ کسی کی نکتہ چینی کرنا ایک بات ہے اور کسی کو ذلیل کرنا الگ۔

یہ بھی پڑھیے

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ یہ اچھی فلم نہیں تھی لیکن کیا بری فلم بنانا کوئی بھیانک جرم ہے۔ کیا رنبیر کپور جو اِس وقت انڈسٹری کے کامیاب اداکار ہیں انکی پہلی فلم ساوریہ کامیاب رہی تھی۔

آج کے کامیاب اداکار سنجے دت بھی اپنی پہلی فلم ’راکی‘ میں جذبات اور ایکٹنگ سے عاری نظر آئے تھے۔ جیکی شروف کے بیٹے ٹائیگر شروف بھی فلم ہیرو پنتی میں نو سیکھیے لگ رہے تھے۔

لگتا ہے کہ کرن دیول کو ظالمانہ حد تک تنقید کا نشانہ بنانے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ دھرمیندر کے پوتے اور سنی دیول کے بیٹے ہیں۔

سنجے لیلی بھنسالی کی فلم ’انشاللہ‘ کے بند ہونے کی بُری خبر کے بعد اب عالیہ بھٹ کے لیے خوش خبری ہے انکی فلم ’گلی بوائے‘ کو آسکرز میں آفیشیل اینٹری ملی ہے اور وہ دعا گو ہیں کہ ان کی یہ فلم نامزد بھی ہو اور ایوارڈ بھی حاصل کرے۔

عالیہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

فلم فیڈریشن آف انڈیا نے زویا اختر کی فلم گلی بوائے کو 92 ویں آسکر میں بیسٹ فارن لینگویج کے زمرے میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ عالیہ کا کہنا تھا کہ زندگی میں سب سے اہم یہ ہے کہ برے وقت میں بھی مثبت سوچ رکھی جائے باقی حالات خود بخود بہتر ہوتے چلے جاتے ہیں۔

لگتا ہے عالیہ چھوٹی سی عمر میں کافی کچھ سیکھ گئی ہیں۔

عامر خان کی فلم 'لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ یکم نومبر سے پنجاب میں شروع ہو رہی ہے اور خبر ہے کہ کرینہ کپور فلم میں عامر کی جوانی والے سیکوئنس میں انکے ساتھ رومانس کریں گی۔

فلم میں عامر اور کرینہ کے کئی انداز اور لُکس ہوں گے اور فلم کی کہانی تین دہائیوں پر محیط ہوں گی کہ کس طرح دونوں کی زندگی آگے بڑھتی ہے اور وہ کس کس طرح کے دور سے گذرتے ہیں۔

عامر کی جوانی کے سیکوئنس سے یاد آیا کہ جلدی ہی تاپسی پنوں اور بھومی پدنیکر کی فلم سانڈ کی آنکھ رلیز ہونے والی ہے۔ اس فلم میں ان دونوں جوان لڑکیوں نے بوڑھی عورتوں کے کردار نبھائے ہیں۔

تاپسی پنوں

،تصویر کا ذریعہGetty Images

فلم کے ٹریلر کی ریلیز کے بعد سے اس بات پر بحث شروع ہو چکی ہے کہ آخر بوڑھے لوگوں کے کرداروں کے لیے انھی کی عمر کے اداکاروں کا استعمال کیوں نہیں کیا جاتا ہے۔ جواب میں کئی لوگوں نے لکھا ہے کہ ’ایج از جسٹ اے نمبر‘ یعنی عمر محض ایک نمبر ہے اور کچھ نہیں۔

جب نامہ نگاروں نے تاپسی سے یہ سوال کیا تو انکا جواب تھا کہ کیا کبھی آپ نے عامر سے یہ سوال کرنے کی ہمت کی ہے کہ تھری ایڈیٹس میں انھوں نے ایک کم عمر کالج بوائے کا کردار کیوں کیا۔

تاپسی کو اب تک یہ معلوم ہو جانا چاہیے تھا کہ چاہے انڈسٹری ہو یا معاشرہ کچھ سوال صرف عورتوں پر ہی اٹھائے جاتے ہیں۔