اترپردیش: امیتابھ بچن نے کسانوں کا چار کروڑ کا قرض ادا کر دیا

،تصویر کا ذریعہDIBYANGSHU SARKAR
بالی وڈ سُپر سٹار امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ انھوں نے کسانوں کا تقریباً چار کروڑ روپے سے زیادہ کا قرضہ ادا کر دیا ہے۔
منگل کو انھوں نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ انھوں نے ایک ہزار تین سو اٹھانوے کسانوں کا قرض ادا کیا ہے۔
ان تمام کسانوں کا تعلق شمالی ریاست اتر پردیش سے ہے جہاں امیتابھ بچن خود پیدا ہوئے تھے۔
انڈیا میں لاکھوں کسان قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
انڈیا کے مختلف علاقوں میں کئی دہائیوں سے مختلف وجوہات کی وجہ سے ذراعت کے شعبے میں حالات بہت ہی ناسازگار ہیں اور پیداوار کی کمی کا سامنا ہے۔ انڈیا میں کسانوں کی خود کشیوں کی وجہ بھی انھی مسائل سے جڑی ہیں اور سنہ 1995 سے لے کر اب تک کم از کم 3 لاکھ کسان خودکشیاں کر چکے ہیں۔
76 سالہ امیتابھ بچن نے جن کسانوں کے قرض ادا کیے ہیں وہ سرکاری بینک آف انڈیا کے مقروض تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ خود ان کسانوں کو اس بارے میں بتائیں لیکن لیکن ان سب کو ممبئی شہر مدعو کرنا ممکن نہیں، اس لیے انھوں نے ایک ٹرین میں 70 کسانوں کے آنے کا انتظام کیا ہے تاکہ وہ ان سے آکر ملیں اور وہ ان کو بینک کی جانب سے دیے گئے دستاویزات دے سکیں۔
امید کی جا رہی ہے کہ وہ کسان 26 نومبر کو ممبئی آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس برس کے آغاز میں امیتابھ بچن نے ریاست مہاراشٹرا کے 350 کسانوں کے قرضوں کی ادائیگی بھی کی تھی۔
وہ ایک زمین کے کیس میں تنازع کا شکار بھی رہ چکے ہیں۔
سنہ 2007 میں ایک عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ انھیں 90 ہزار سکوئر فٹ کی زمین غیر قانونی طور پر آلاٹ کی گئی ہے۔
ان کے خلاف فراڈ کے الزامات کو اس وقت ختم کر دیا گیا تھا جب وہ زمین پر اپنی ملکیت کے دعوے سے دستبردار ہوگئے تھے۔
امیتاھ بچن اب تک 190 سے زیادہ فلموں میں کام کر چکے ہیں۔








