دیپکا اور رنویر نے اپنی شادی کی تاریخوں کا اعلان ٹویٹر پر کیا

رنویر

،تصویر کا ذریعہHindustan Times

کئی ماہ کی قیاس آرائیوں کے بعد آخر کار بالی وڈ سٹارز دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ نے سوشل میڈیا پر تصدیق کی ہے کہ دونوں 14 اور 15 نومبر کو شادی کر رہے ہیں۔

دونوں نے اتوار کے روز ٹویٹر پر شادی کی تاریخ طے پانے کا اعلان کیا۔ تاہم ابھی شادی کی جگہ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

گذشتہ کئی ماہ سے قیاس آرائیاں تھیں کہ کیا دونوں شادی کریں گے یا نہیں۔

دیپکا اور رنویر ایک دوسرے کے قریب فلم رام لیلا کے سیٹ پر آئے۔ اگرچہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ کئی موقعوں پر نظر آئے لیکن دونوں ہی اس حوالے سے کچھ کہنتے ہوئے کتراتے تھے۔

شادی

،تصویر کا ذریعہTwitter

رنویر اور دیپکا کے بالی وڈ کے دوستوں نے ان کو ٹویٹر پر مبارکباد دی۔

ان دونوں کی شادی کے حوالے سے قیاس آڑائیوں کو مزید ہوا اس وقت ملی جب دونوں اکٹھے اٹلی میں دیکھے گئے۔ افواہیں گردش کرنے لگیں کہ دونوں شادی کی جگہ دیکھنے کے لیے اٹلی گئے ہوئے ہیں۔

حال ہی میں انڈیا میں ایک تقریب کے دوران جب شادی کے بارے میں پوچھا گیا تو رنویر سنگھ نے کہا کہ جب شادی کی تاریخ طے ہو گی تو سب کو معلوم چل جائے گا۔

’ہر روز اس حوالے سے خبریں آ رہی ہیں جن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ میں کس رنگ کی شیروانی پہنوں گا۔ لیکن جب کچھ ہو گا تو ضرور بتاؤں گا۔‘

دوسری جانب دیپکا نے فلم ’بینڈ باجا بارات‘ کے بعد رنویر کے بارے میں جو پہلی شبیہ بنی اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ایجنٹ کو یقین تھا کہ رنویر ایک سٹار بنے گا لیکن ’میرا ایسا خیال نہیں تھا‘۔

دیپکا

،تصویر کا ذریعہHindustan Times

دیپکا نے مزید بتایا ’مجھے یاد ہے کہ میں نے کہا کہ یہ میرے ٹائپ پا نہیں ہے۔‘ اس پر تقریب میں موجود لوگ حیران ہو گئے۔