'لو اب پرینکا چوپڑہ بھی پاکستان کی ہوئیں'

،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
پرینکا چوپڑہ جنھیں انڈیا میں کبھی دیسی تو کبھی پردیسی گرل کے نام سے یاد کیا جاتا تھا اور لوگ انھیں ہالی وڈ میں انڈیا کی شان کہا کرتے تھے اچانک لوگوں کے عتاب کا نشانہ بن گئیں۔
دراصل پرینکا امریکی جاسوسی ٹی وی شو کوانٹیکو میں لیڈ کردار میں ہیں۔ یکم جون کو براڈکاسٹ ہونے والے شو میں پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے ہندو قوم پرست مسلمان بن کر حملے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں اور پرینکا اس سازش کا پردہ فاش کرتی ہیں۔
اس کے بعد سے بھکت لوگ پرینکا کو پاکستان بھیجنے کا مشورہ نہیں بلکہ دھمکی دے رہے ہیں۔ ابھی تک تو بالی وڈ کے دو سپر سٹارز کو پاکستان بھیجنے کی سفارش ہو رہی تھی لو اب پرینکا بھی پاکستان کی ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیے
یہ تو پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے خوش خبری ہے اب بالی وڈ کی فلمیں پاکستان میں دیکھنے کے ساتھ ساتھ بنائی بھی جا سکیں گی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ان دنوں پرینکا دوسری وجوہات کی وجہ سے بھی خبروں میں ہیں۔ امریکی سنگر، نغمہ نگار اور اداکار نِک جونز کے ساتھ پرینکا کی گہری دوستی کی خبروں نے اب افواہوں کا روپ دھار لیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہالی وڈ میں آجکل پرینکا تقریباً ہر تقریب میں نِک جونز کے ہاتھ میں ہاتھ ڈالے نظر آتی ہیں۔ حال ہی میں نک کے بھائی کی شادی میں پرینکا اور جونز کی اینٹری نے کئی طرح کے سوالوں کو جنم دیا کہ 'کیا پرینکا کو اپنا مسٹر رائٹ مل گیا ہے؟'
یہ بھی پڑھیے
نِک نے اپنا کریئر محض سات سال کی عمر میں تھیئٹر سے شروع کیا تھا اور ابھی وہ محض 25 سال کے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ان دونوں کی دوستی کی شروعات گذشتہ سال میٹ گالا میں ہوئی تھی جہاں ان دونوں نے ایک ہی ڈیزائنر کے لیے ریمپ پر واک کی تھی۔
اس کے بعد سے ہی دونوں گاہے بگاہے ملتے نظر آئے اور کئی تقریب میں ہاتھ میں ہاتھ ڈالے دکھائی دیئے۔ اب ان دونوں کے درمیان یہ رشتہ صرف دوستی تک محدود ہے یا پھر بات کچھ اور ہے یہ ابھی واضح نہیں ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP/ Getty Images
سلمان خان ہر عید کی طرح اس عید پر بھی آئے ہیں اور اس بار وہ ریس تھری لیکر آئے ہیں۔ اس فلم کی ریلیز سے پہلے ہی تمام میڈیا فلم، اس کی کاسٹ اور سلمان کی خبروں سے بھرا ہوا ہے اور فلم نے رلیز سے پہلے ہی اپنے سیٹلائٹ رائٹس 132 کروڑ روپے میں بیچ دیے ہیں۔
توقع ہے کہ فلم اپنے پہلے ہی ہفتے ہیں سو کروڑ کا ہندسہ پار کر لے گی۔ فلم میں کہانی کا تو پتہ نہیں ہاں ایکشن اور سلمان خان ہیں اور بقول کچھ لوگوں کے یہی فلم کی کامیابی کی ضمانت ہے۔
یہ بھی پڑھیے
حالانکہ رنبیر کپور کی فلم 'سنجو' کے ٹریلر کو بہت اچھا ریسپانس ملا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ فلم کی کہانی سے لیکر اس کی میکنگ تک سبھی کچھ اعلٰی میعار کی ہے۔ لیکن اچھی بات یہ ہے کہ فلم اس ہفتے نہیں 29 جون کو ریلیز ہوگی۔










