جیمز بانڈ: ڈینیئل کریگ کو فی منٹ ساڑھے تین لاکھ پاؤنڈ معاوضہ ملے گا

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images
جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم کے مرکزی کردار کے لیے مہینوں کی قیاس آرائیوں کے بعد ڈینیئل کریگ کا نام ظاہر کر دیا گيا ہے۔
لیکن کیا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ کو ان کی بانڈ سیریز کی پانچویں اور آخری فلم کے لیے کتنی رقم ملے گی؟
برطانوی اخبار 'مرر' میں شائع ایک خبر کے مطابق انھیں اس نئی فلم کے لیے پانچ کروڑ پاؤنڈ کی خطیر رقم دی جائے گی اور اس کے علاوہ ان کے پیکیج میں ایگزیکٹو فلمساز کا کریڈٹ، انڈورسمنٹ اور منافع میں حصہ بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اطلاعات کے مطابق یہ فلم دو گھنٹے 20 منٹ دورانیے کی ہوگی اور اس طرح ہر منٹ کے لیے 50 سالہ اداکار کو تین لاکھ 57 ہزار پاؤنڈ ملیں گے۔
اس سے قبل انھیں ان کی آخری بانڈ فلم 'سپیکٹر' کے لیے مبینہ طور پر تین کروڑ 70 لاکھ پاؤنڈ دی گئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images
اگر کریگ کو پانچ کروڑ پاؤنڈ کی رقم ملتی ہے تو وہ دنیا کے مہنگے ترین اداکاروں میں شامل ہو جائیں گے۔
ان کے مقابل میں بانڈ فلموں کے اداکاروں میں جارج لیزنبائی کو انڈین نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ایک فلم کے لیے 72 ہزار پاؤنڈ ملے تھے جبکہ راجر مور کو ساتھ فلموں میں معروف روایتی جاسوس کا کردار ادا کرنے کے لیے ایک کروڑ 70 لاکھ پاؤنڈ ملے تھے۔
ان کے علاوہ ٹیموتھی ڈالٹن کو دو فلموں کے لیے 40 لاکھ پاؤنڈ جکہ ڈینیل سے قبل بانڈ کا کردار ادا کرنے والے پیئرس بروسنن کو چار فلموں میں اداکاری کے لیے ایک کروڑ 30 لاکھ پاؤنڈ ملے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
اس سے قبل اداکار ڈینیل کریگ نے کہا تھا کہ وہ پھر سے بانڈ کا کردار ادا کرنے کے بجائے 'اپنی کلائی کاٹ لینا پسند کریں گے' تاہم مسلسل انکار کے بعد انھوں نے بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم میں واپسی کے لیے ہامی بھر لی۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@007
یہ فلم معروف ایم آئی 6 کے ایجنٹ پر مبنی ہے۔ جیمز بانڈ کے ٹویٹ کے مطابق اکیڈمی ایوارڈ سے سرفراز ہدایت کار ڈینی بائل اس کی ہدایت کریں گے۔ ڈینی بائل کو 'سلم ڈاگ ملنيئر' کے لیے بہترین ہدایت کار کا آسکر ایوارڈ مل چکا ہے۔
یہ فلم جان ہوج کے اصل سکرین پلے پر مبنی ہے اور اس فلم کی شوٹنگ رواں سال تین دسمبر سے مجوزہ ہے جبکہ اس کی نمائش سنہ 2019 کے نومبر میں متوقع ہے۔
امریکی میڈیا کمپنی ایم جی ایم اور یونیورسل پکچرز اس کے بین الاقوامی ڈسٹریبوٹر ہوں گے۔ ابھی فلم کی ہیروئن کے نام کا اعلان نہیں کیا گيا ہے۔
خیال رہے کہ جیمز بانڈ کا کردار ایان فلیمنگ کے ذہن کی اپج تھی اور انھوں نے بانڈ سیریز کی 12 ناول کے علاوہ متعدد شارٹ سٹوریز لکھی تھی۔ گذشتہ روز ان 28 مئی ان کا یوم پیدائش تھا۔










