’جیمز بانڈ‘ سر راجر مور انتقال کر گئے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
برطانوی اداکار سر راجر مور جنھوں نے جیمز بانڈ کا کردار ادا کر کے عالمی شہرت حاصل کی نواسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
ان کی وفات کی اطلاع ان کے خاندان والوں نے دی۔
سر راجر مور نے جیمز بانڈ سلسلے کی سات فلموں میں برطانوی جاسوس کا مرکزی کردار ادا کیا۔ ان فلموں میں 'لیو اینڈ لیٹ ڈائی' کے علاوہ 'سپائی ہو لوڈ می' شامل تھیں جنھیں دنیا بھر کے فلم بینوں میں بڑی پذیرائی حاصل ہوئی۔
ٹویٹر پر سر راجر مور کے خاندان والوں نے اطلاع دی کہ وہ سرطان کے مرض میں مبتلا تھے۔ اس ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ تھوڑی مدت کے لیے لیکن بڑی جوانمردی سے انھوں نے اس مرض کا سامنا کیا۔

خاندان کی طرف سے اس تعزیتی بیان میں بچوں کی طرف سے کہا گیا ’پاپا آپ کا شکریہ اور بہت سے لوگوں کے لیے اتنا اہم اور خاص ہونے پر۔'
سر راجر مور کی وفات سوئٹزرلینڈ میں ہوئی اور ان کی خواہش کے مطابق ان کی آخری رسومات نجی طریقے سے مناکو میں ادا کی جائیں گی۔
ان کے بچوں ڈبورا، جوفری اور کرسچن کی طرف سے مزید کہا گیا 'ان کے آخری دنوں میں ان پر جنتی محبت اور پیار نچھاور کیا گیا اس کو الفاظ میں بیان کیا جانا ممکن نہیں ہے۔'



