بالی وڈ راؤنڈ اپ: ’سیکس کے بدلے کام لینے والا بھی برابر کا قصور وار ہے‘

ایکتا

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

ایکتا کپور کو کون نہیں جانتا، ساس بہو اور سازش کے پلاٹ پر بے شمار ٹی وی سیریلز سے چھوٹے پردے کو سنسنی خیز بنانے والی ایکتا کپور نے ’ہم پانچ‘ جیسا ٹی وی سیریل بنا کر ٹی وی انڈسٹری میں اس وقت اپنا سکہ جما لیا تھا جب بہت ہی کم لوگ اس میدان میں تھے۔

اور آج وہ اس انڈسٹری کی بے تاج ملکہ ہیں اور ڈرامہ سیریل ’ساس بھی کبھی بہو تھی‘ نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے تھے۔ بہرحال ایکتا کی ایک اور پہچان ہے اور وہ ہیں اپنے زمانے کے نامور ہیرو جتیندر جو ان کے پاپا ہیں۔ حالانکہ ایکتا کو اس نام کی کبھی ضرورت نہیں پڑی، انھوں اپنی محنت اور لگن کے ساتھ اپنا ایک الگ نام اور مقام بنایا کہ آج نوبت یہاں تک آپہنچی کہ لوگ ان سے ان کے پاپا کے بارے میں بات کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں!

حال ہی میں جتیندر کی ایک رشتے دار نے ان پر الزام لگایا کہ 47 سال پہلے جتیندر نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی اور ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی۔ اب ایسے میں ایک ٹی وی شو ’مِرر ناؤ‘ کے دوران ان سے ہالی وڈ کے بدنام زمانہ فسلم از ہاروی وائنسٹئین کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ کیا بالی وڈ میں بھی ایسے فلم ساز موجود ہیں، پھر کیا تھا ایکتا بی بی کو غصہ آگیا۔ انھوں نے ملزم ، مدعی اور مظلوم سبھی کو ایک ساتھ کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔

ایکتا کہتی ہیں کہ اگر کوئی پروڈیوسر سیکس کے بدلے کام دینے کا وعدہ کرتا ہے تو اس کی بات مان کر کام لینے والا بھی اتنا ہی ذمہ دار ہے۔

ایکتا

،تصویر کا ذریعہAFP

ایکتا کا کہنا تھا کہ ہمیشہ قصور ان لوگوں کا ہی نہیں ہوتا جن کے پاس طاقت یا دولت ہوتی ہے اس لیے صرف انھیں ملزم سمجھنا درست نہیں۔ ایکتا شاید یہ بھول گئی ہیں کہ دولت اور طاقت کے ساتھ ساتھ ایک اور چیز ہوتی ہے اور وہ ہے عہدے کے ساتھ ایمانداری، ذمہ داری اور انسانیت۔

سیف علی خان اور ان کی سابق بیگم امریتا سنگھ کی بیٹی سارہ علی خان کا کیریئر شروع ہونے سے پہلے ہی ہچکولے کھانے لگا۔ سارہ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلم ’کیدار ناتھ‘ میں مرکزی کردار میں ہیں فلم کی شوٹنگ ابھی چل ہی رہی تھی کہ اچانک گاڑی پٹری سے اتر گئی وجہ فلم کے پروڈیوسر اور ہدایت کار ابھشیک کپور کے درمیان جھگڑا ہے۔

فلم کی شوٹنگ اکتوبر 2017 میں ختم ہونا تھی لیکن اب پروڈکشن کمپنی نے ابھشیک کپور پر بد تمیزی اور کام میں تاخیر کرنے پر مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ پروڈکشن کمپنی کا کہنا ہے کہ ابھشیک نے کام میں لاپرواہی برتی اور اداکاروں کے کام کی ڈیٹس کو ضائع کر دیا۔

بہرحال اپنی بیٹی کی پہلی فلم کا یہ حال دیکھ کر امریتا سنگھ پریشان ہو گئیں اور انھوں نے بھی ابھشیک کپور کو آڑے ہاتھوں لیا۔ سارہ کی فلم ’کیدار ناتھ‘ کا کیا ہوگا اس بارے میں تو ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا، ہاں پاپا سیف کی فلم ’بازار‘ تیاری پر ہے۔

نرگس

،تصویر کا ذریعہAFP

اداکارہ نرگس فخری کرکٹر اظہرالدین کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’اظہر‘ اور 2016 میں فلم ’بینجو‘ کے بعد تقریباً دو سال تک غائب ہونے کے بعد ایک بار پھر بالی وڈ کا رخ کر رہی ہیں اور اس بار وہ بھوشن پٹیل کی فلم ’اماوس‘ میں نظر آنے والی ہیں۔ یہ ایک ’ہارر‘ فلم ہے۔

بھوشن کا کہنا تھا کہ اس کردار کے لیے ان کی پہلی پسند نرگس ہی تھیں اور انھیں اس بات کا اندیشہ تھا کہ چونکہ یہ جونر انڈسٹری میں دوسرے درجے کا سمجھا جاتا ہے اس لیے شاید نرگس اس کے لیے تیار نہ ہوں لیکن نرگس نے سکرپٹ سنتے ہی ہاں کر دی۔

پہلی بات تو یہ کہ ہارر جیسے جونر کو دوسرے درجے کا کہنا درست نہیں ہے کیونکہ امیتابھ بچن سے لے کر ودیا بالن تک ایسی فلمیں کر چکے ہیں خود امیتابھ بچن نے فلم ’بھوت ناتھ‘ میں ایک بھوت کا کردار نبھایا تھا اور آج کے دور کا کیابیاب ترین اداکاراؤں میں سے ایک انوشکا شرما بھی فلم ’پری‘ میں ایسا ہی کردار نبھا رہی ہیں۔

ہاں جہاں تک نرگس کا تعلق ہے ان کے پاس کسی بھی فلم کے لیے ہاں کہنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے کچھ نہ ہونے سے کچھ ہونا ہی بہتر ہوتا ہے۔