'سری دیوی کے گیت پر رقص کرنا خودکشی کے برابر'

،تصویر کا ذریعہCOMMUNIQUE PR
- مصنف, سوپریا سوگلے
- عہدہ, بی بی سی کے لیے ممبئی سے
'کہانی'، 'ڈرٹی پکچر'، 'عشقیہ'، 'بھول بھلیاں' اور 'پا' جیسی فلموں میں سنجیدہ کردار نبھانے والی اداکارہ ودیا بالن کو یہ ڈر تھا کہ انھیں کبھی ہلکے پھلکے کردار والی فلم کی پیشکش نہیں کی جائے گی۔
بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے ودیا بالن نے کہا کہ وہ چنچل اور ہنس مکھ انسان ہیں لیکن انھیں ان کی شخصیت کے برعکس ہی کردار ملتے رہے ہیں۔ اس لیے انھیں یہ خوف تھا کہ انھیں ہمیشہ سنجیدہ کردار ہی ملتے رہیں گے۔
وہ کہتی ہیں: 'مجھے خوشی ہے کہ 'تماری سولو' کے کردار میں مجھے دل کھول کر ہنسنے کا موقع ملا۔'
فلم میں، ودیا بالن نے اداکارہ سری دیوی مشہور گیت 'ہوا ہوائی' پر رقص کیا ہے۔ ودیا کہتی ہیں: 'پہلے ڈر سے میں پاگل سی ہو گئی، میں نے فلم کے ہدایتکار سوریش سے کہا کہ میں ایسا نہیں کر سکتی، یہ خودکشی کے برابر ہے۔ لیکن جب انھوں نے بتایا کہ گیت سری دیوی کے لیے محض اظہار عقیدت تو میں تیار ہو گئی'۔
38 سالہ ودیا بالن خود کو فلم صنعت میں آنے والی تبدیلیوں کی گواہ کہتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ اب 30 سال سے زیادہ عمر کی ہیروئنز کے لیے بھی کردار لکھے جا رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہCOMMUNIQUE PR
وہ کہتی ہیں: 'میں 38 سال کی ہوں۔ میں شادی شدہ ہوں اور میں بہت دلچسپ کردار ادا کر رہی ہوں۔ کچھ سال پہلے یہاں ایسا نہیں ہوتا تھا۔'
20-30 سال کی عمر میں فٹ رہنے کی اداکاراؤں کی کوششوں کے بارے میں وہ کہتی ہیں: 'یہ سماج کا مسئلہ ہے کہ ہر شخص اپنا وزن اور اپنی عمر کم کرنا چاہتا ہے۔'
ودیا واضح طور پر یہ کہتی ہیں انھیں اس قسم کا خوف نہیں ہے اور انھیں اس بات کا یقین ہے کہ جب تک وہ زندہ ہیں اس وقت تک ان کے لیے دلچسپ کردار لکھے جاتے رہیں گے۔
ہاروی وائن سٹین کی خبروں کے بعد فلم انڈسٹری میں جنسی طور پر ہراساں کیے جانے پر بحث شروع ہو گئی ہے۔ ودیا کا خیال ہے کہ اگر اتنی بڑی بڑی اداکاراؤں کو اس کے بارے میں بات کرنے میں اتنے دن لگ گئے تو عام عورتوں کو کتنا وقت لگے گا؟

،تصویر کا ذریعہCOMMUNIQUE PR
اس طرح کے معاملات پر ودیا کہتی ہیں کہ 'خواتین کے لیے یہ مشکل ہے۔ اگر فلمساز بااثر ہے تو وہ آپ کا کریئر ختم کر سکتا ہے اور اس صورت میں آپ یہ خطرہ نہیں لیتے۔ اتنے دنوں تک چپ رہنے پر سوال کرنا بیہودگی ہے کیونکہ اس بارے میں بات کرنا ہی مشکل ہوتا ہے۔'
وہ کہتی ہیں: 'سب جانتے ہیں کہ زیادہ تر لوگ آپ پر انگلی اٹھائیں گے۔ لیکن خوشی یہ ہے کہ اب اداکارہ اس کے بارے میں بات کر رہی ہیں۔'
فلمی صنعت میں اپنے مقام پیدا کرنے کے لیے جب وہ جدوجہد کر رہی تھیں تو ابتدا میں انھیں جنوبی ہند کے اداکار موہن لال کے ساتھ ملیالم فلم کی پیشکش ہوئی تھی۔ پھر یہ فلم کسی وجہ سے بند ہو گئی اور انھیں منحوس کہا گیا۔

،تصویر کا ذریعہCOMMUNIQUE PR
اسی دوران جنوبی ہند کی ایک فلم کی کاسٹنگ کے لیے ودیا بالن سے ان کی پیدائش کے وقت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی گئی تھی۔
سوریش تروینی کی فلم 'تماری سولو' میں ودیا ایک خاتون کردار ادا کر رہی ہیں جنھیں ریڈیو جاکی بننے کا موقع ملتا ہے۔
فلم 17 نومبر کو ریلیز کی جا رہی ہے۔








