بالی وڈ میں موسم معافی تلافی کا

نوازالدین صدیقی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشننوازالدین صدیقی نے نہ صرف لوگوں سے معافی مانگی ہے بلکہ اپنی خودنوشت واپس لے لی ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

کبھی کبھی ماضی کو کریدنا بہت بھاری پڑ سکتا ہے۔ ایسا ہی کچھ اداکار نوازالدین صدیقی کے ساتھ بھی ہوا ہے۔

نوازالدین صدیقی نے اپنی زندگی پر ایک کتاب لکھی تھی 'این آرڈینری لائف' یعنی 'ایک عام سی زندگی'جس میں انھوں نے عام کے بجائے کافی خاص باتیں کر ڈالیں اور جنکے حوالے سے یا جنکے بارے میں یہ باتیں کہی گئیں انھوں نے نواز بھائی کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور بات یہاں تک پہنچی کے نواز الدین کو معافی مانگ کر اپنی کتاب واپس لینی پڑگئی۔

کتاب میں انھوں نے سابق مس انڈیا مس نہاریکا سنگھ اور اداکارہ سنیتا رجوار کے ساتھ اپنے تعلقات کا تفصیلی ذکر کیا ہے۔ ان دونوں کا کہنا ہے کہ نوازالدین نے اپنی کتاب بیچنے کے لیے ان دونوں کا استعمال کیا ہے اور اتنا ہی نہیں حقائق کو اپنے حساب سے توڑ مڑوڑ کر پیش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

اس حوالے سے پورے ہفتے میڈیا اور سوشل میڈیا پر تماشا ہوتا رہا اور آخر کار نوازالدین نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ میں اپنی کتاب واپس لیتے ہوئے ان لوگوں سے معافی چاہوں گا جن کے جذبات اس سے مجروح ہوئے ہیں۔

نواز الدین نے تو کتاب واپس لیتے ہوئے معافی مانگ کر اپنی جان چھڑانے کی کوشش کی لیکن لگتا ہے ان کی سابق سہیلیاں ابھی تک غصے میں ہیں اور شاید اسی لیے اب وہ خود ہی نواز اور اپنے قصے سوشل میڈیا پر عام کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔

ٹوئنکل کھنہ کی زود پشیمانی

ٹوئنکل کھنہ اور اکشے کمار

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشناداکارہ ٹوئنکل کھنہ ادکار راجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڈیا کی بیٹی اور اکشے کمار کی اہلیہ ہیں

اس ہفتے کسی اور نے بھی معافی مانگ کر قصہ ختم کرنے کی کوشش کی ہے اور وہ ہیں مسز اکشے کمار یعنی ٹوئنکل کھنہ جو غالباً بِلا وجہ ہی اپنے شوہر کی حمایت میں نکل پڑی تھیں لیکن بقول ان کے غلطی کے احساس کے بعد انھوں معذرت کر لی۔

ہوا یوں کہ اکشے کمار جو آج کل ٹی وی پر کامیڈی ریئلٹی شو کے جج ہیں، انھوں نے پچھلے ہفتے اپنی ایک ساتھی جج ملیکا دوآ کو، جو کہ انڈیا کے مشہور صحافی ونود دوآ کی بیٹی ہیں، ایک قسط میں از راہ مذاق ایسا جملہ کہا جو ملیکا کے پاپا کو سخت ناگوار گزرا۔

پھر کیا تھا انھوں نے اکشے کو سوشل میڈیا پر خوب لتاڑا جس کے جواب میں بیگم صاحبہ اپنے شوہر کی حمایت میں کود پڑیں اور غیر معیاری یا بچکانہ چٹکلے چپکا بیٹھیں۔ لیکن آج انھیں احساس ہوا کہ جو ہوا غلط ہوا۔ چلیں دیر آید درست آید۔

ٹیوب لائٹ کی تلافی ٹائیگر زندہ ہے؟

سلمان خان

،تصویر کا ذریعہSTR

،تصویر کا کیپشنسلمان خان ان دنوں جہاں فلم ٹائیگر زندہ ہے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں وہیں وہ ہر ہفتے بگ باس کو ہوسٹ کرتے ہوئے بھی نظر آتے ہیں

بالی وڈ کے رابن ہڈ یعنی سلمان خان کسی نہ کسی طرح خبروں میں رہنے کا فن اچھی طرح جانتے ہیں آف سکرین بھی اور آن سکرین بھی۔

آج کل خان صاحب اپنی فلم 'ٹائیگر زندہ' ہے کہ شوٹنگ میں مصروف ہیں اور ہر ہفتے فلم یا خان صاحب کے حوالے سے میڈیا میں خبریں آتی رہتی ہیں۔

بحر حال فلم کا ٹیزر ریلیز ہو چکا ہے اور اب اگلے ہفتے پہلا ٹریلر بھی آنے والا ہے۔ یوں تو سلمان خان کی فلم کا لوگوں کو شدت سے انتظار رہتا ہے لیکن ان کی حالیہ فلم 'ٹیوب لائٹ' کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد 'ٹائیگر زندہ ہے' میں لوگوں کی دلچسپی بڑھانے کی غرض سے فلم کی لوکیشن اور ایکشن سیکوئنسز کے بارے میں دلچسپ باتیں شیئیر کی جا رہی ہیں۔

کہا جا رہا ہے کہ یہ فلم اس سال کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ہوگی جو سلمان کے جادو کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری بھی ہے۔