کنگنا اور رتک کی مبینہ محبت کا جھگڑا ایک بار پھر تازہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
کنگنا رناوت اور رتک روشن کی مبینہ محبت سے پیدا ہونے والا جھگڑا ایک بار پھر تازہ ہو گیا ہے۔
اپنی فلم سمرن کی ریلیز سے پہلے ایک ٹی وی شو ’آپ کی عدالت‘ میں کنگنا نے کچھ سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ایک بار پھر اپنی محبت کی راکھ کو کریدا تو ٹھنڈی ہوتی چنگاریاں پھر بھڑک اٹھیں۔
پہلی بار رتک روشن نے فیس بک پر ایک لمبی پوسٹ میں کہا کہ انھیں نا گہانی اس گندگی میں کھسیٹا جا رہا ہے اور انھوں نے کنگنا سے کبھی اکیلے میں ملاقات ہی نہیں کی۔
رتک کا کہنا تھا کہ اس معاملے سے ان کی ذاتی زندگی بہت متاثر ہوئی ہے اور اب وہ اپنے بچوں کی خاطر یہ پوسٹ لکھ رہے ہیں کیونکہ اس کا اثر ان کے بچوں پر پڑ رہا ہے۔
پھر کیا تھا کنگنا کی بہن رنگولی نے، جو اس تمام قصے کی بقول خود ان کے چشم دید گواہ ہیں جھٹ سے رتک اور کنگنا کی ایک پرانی تصویر سوشل میڈیا پر ڈال دی جسے رتک کے ساتھیوں نے فوٹو شاپ کہہ کر مسترد کر دیا۔
یہ کافی حد تک درست ہے کہ بالی وڈ میں دلچسپی رکھنے والے بالی وڈ کی چٹ پٹی خبریں پڑھنا چاہتے ہیں۔ کس کا بریک اپ ہوا، کس کی طلاق اور کس کا افیئر کس سے چل رہا ہے۔ لیکن لوگ ایک ہی کہانی بار سن کر تھک چکے ہیں۔ اب کون جانے کہ ان کی یہ کہانی اور کیا رنگ لائے گی؟
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رشی کپور کی دھمکی!

،تصویر کا ذریعہTwitter
جہاں تک تنازعات کا تعلق ہے تو رنبیر اور ماہرہ بڑی مشکل سے اپنی تصاویر پر ہونے والے ہنگامے سے فارغ ہی ہوئے تھے کہ اپنی عادت سے مجبور رنبیر کے پاپا رشی کپور میڈیا پر برس پڑے۔
اس ہفتے رشی کپور جب ایک ایونٹ پر پہنچے تو میڈیا کے سوال پوچھنے سے پہلے ہی انھوں نے گرجتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے رنبیر کی تصویروں کے حوالے سے ان سے کوئی سوال پوچھا تو 'میں اسے اس کی پٹائی کر دوں گا' اور انھوں نے یہ جملہ کئی بار دہرایا۔
اس کے بعد جب رشی کپور نے میڈیا سے سوال پوچھنے کے لیے کہا تو خوف کے مارے صحافیوں نے خاموش رہنے میں ہی عافیت سمجھی۔
دیپکا کی صاف گوئی!

،تصویر کا ذریعہGetty Images
رنبیر کی سابق دوست دپیکا پاڈوکون نے کچھ سال پہلے لوگوں پر انکشاف کیا تھا کہ وہ شدید ڈپریشن کا شکار رہ چکی ہیں۔
انڈیا اکنامک کانفرنس میں بات کرتے ہوئے دپیکا نے بتایا کہ انھوں نے لوگوں کے سامنے یہ انکشاف اس لیے کیا تھا تاکہ لوگوں میں اس ذہنی کیفیت کے حوالے سے بیداری پیدا ہو۔
دپیکا کا کہنا تھا کہ 'میں یقین سے نہیں کہہ سکتی کہ میں اب اس کیفیت سے پوری طرح نکل آئی ہوں۔'
کانفرنس میں ذہنی امراض کے بارے میں پائی جانے والی رائے کے بارے میں لوگوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ بہت برا تجربہ ہوتا ہے وہ اس تجربے سے گزر چکی ہیں اور جانتی ہیں کہ اس کے شکار لوگوں پر کیا گزرتی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس انکشاف سے ان کے کریئر پر کوئی منفی اثر پڑا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ انھیں معلوم نہیں کہ کیا واقعی کچھ لوگوں نے انھیں اس لیے فلم آفر نہیں کی کہ وہ اس ذہنی کیفیت کے سبب ایکٹنگ نہیں کر پائیں گی۔
دپیکا کے اس انکشاف کے سبب واقعی عام لوگو ں میں اس حوالے سے بیداری کا سلسلہ ضرور شروع ہوا ہے کہ ڈپریشن ایک حقیقت ہے۔







