وہ ملکہ حسن جن کے تاج چھن گئے

،تصویر کا ذریعہANWAR AMRO
بنگلہ دیش کی ملکہ حسن انتل نعیم ایورل سے مس ورلڈ بنگلہ دیش کا تاج واپس لے لیا گیا ہے۔
ہم نے سوچا کچھ ایسی اور بیوٹی کوینز کا ذکر کرتے ہیں جن سے ان کے تاج حالیہ دنوں میں واپس لے لیے گئے۔
مِس بنگلہ دیش

انتل نعیم پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھا تھا۔ تاج واپس لینے کے فیصلے کا اعلان ڈھاکہ میں کیا گیا۔
27 سالہ انتل نعیم نے صرف پانچ دن قبل 'مس ورلڈ بنگلہ دیش' مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں کامیاب ہو کر یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
معلومات کو چھپانے کے الزام پر انتل نعیم نے بی بی سی کو بتایا کہ 'اس فیصلے سے اُن کی شکست نہیں ہوئی بلکہ یہ بنگلہ دیش کے قوانین کی شکست ہے۔'
منتظمین کا کہنا ہے کہ 'مس ورلڈ بنگلہ دیش میں کسی ایسی خاتون کو نمائندگی کا موقع نہیں دیا جاسکتا جس نے غلط معلومات فراہم کی ہیں۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مِس ترکی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اسی سال ستمبر میں ترکی کی ملکہ حسن کا تاج اس وقت واپس لے لیا گیا جب ان کا ایک پرانا ٹویٹ منظر عام پر آیا۔ 18 برس کی عطر احسن نے پچھلے سال ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بارے میں اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’میری ماہواری آج صبح شروع ہوگئی، 15 جولائی کے یومِ شہدہ کے جشن میں۔ میں خون بہا کر ہمارے شہدہ کے خون کا جشن منا رہی ہوں‘۔
اس کے بعد مقابلہ حسن کے منتظمین نے ایک بیان میں کہا ’ہمیں افسوس ہے کہ عطر نے یہ ٹویٹ کی۔ مِس ترکی ادارہ اس طرح کے پوسٹ کی حوصلہ افضائی نہیں کر سکتا جب کہ ہمارا مقصد دنیا کو ترکی سے متعارف کروانا اور اسی شبیہ کو پیش کرنا ہے۔‘
مِس میانمار

،تصویر کا ذریعہSHWE EAIN SI
1 اکتوبر 2017 کو 19 سالہ شیو این سی سے مِس گرینڈ میانمار کے تاج کو واپس لے لیا گیا۔ شیو این سی نے گذشتہ ہفتے ایک آن لائن ویڈیو پوسٹ کی تھی اور روہنگیا شدت پسندوں پر بدامنی پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا۔
منتظمین نے مذکورہ ویڈیو کا ذکر تو نہیں کیا لیکن یہ کہا کہ شیو نے معاہدے کے اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے اور ان کا رویہ ایک رول ماڈل جیسا نہیں تھا۔
لیکن شیو نے اس کے دو دن کے بعد اعزاز چھینے جانے کی وجہ اپنی ویڈیو کو قرار دیا ہے، تاہم انہوں نہ یہ بھی کہا کہ انہیں اس کا کوئی ملال نہیں۔









