’میں سلمان اور شاہ رخ کے کام کا مداح ہوں‘

عامر خان

،تصویر کا ذریعہSpice PR

بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ سلمان اور شاہ رخ خان کے کام کے مداح ہیں۔

اپنی آنے والی نئی فلم 'سیکرٹ سپر سٹار' کے ٹریلر لانچ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے کہا 'ایک یا دو فلمیں فلاپ ہونے سے سٹار پر کوئی فرق نہیں پڑتا ہے، سلمان اور شاہ رخ بہت بڑے سٹارز ہیں اور میں ان کے کام کا مداح ہوں۔'

سلمان خان کی گذشتہ فلم 'ٹيوب لائٹ' فلاپ رہی جبکہ شاہ رخ کی فلمیں بھی امید کے مطابق کمائی نہیں کر پا رہی ہیں تاہم عامر خان کی فلمیں کمائی کے نئے ریکارڈ بنا رہی ہیں۔

عامر خان

،تصویر کا ذریعہSpice PR

جب عامر سے پوچھا گیا کہ کیا انھیں سلمان اور شاہ رخ جیسا سٹار بننے کی خواہش ہے تو انھوں نے کہا 'میں جہاں ہوں، وہاں خوش ہوں، میرے اور سامعین کے درمیان ایک محبت بھرا رشتہ ہے جو میرے اتنے سالوں کے کام کی وجہ سے بنا ہے۔'

انھوں نے کہا 'سامعین کے ساتھ اس رشتے نے مجھے بے پناہ خوشی دی ہے اور میں ان کا شکر گزار ہوں، میں جس مقام پر ہوں، خوش ہوں۔'

اس سوال پر کہ کیا وہ خود کو فلم انڈسٹری کا سب سے زیادہ پیسہ کمانے والا اداکار مانتے ہیں،انھوں نے کہا، 'تخلیقی کام بہت ہی غیر متوقع ہوتا ہے، ہم سب اچھا کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں، کبھی کامیاب ہوتے ہیں تو کبھی کامیاب نہیں ہوتے ہیں۔'

عامر خان

،تصویر کا ذریعہSpice PR

اپنی نئی آنے والی فلم 'سیکرٹ سپر سٹار' میں عامر خان ایک موسیقی کے سپر سٹار کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک نوجوان مسلم لڑکی کا خواب پورے کرنے میں اس کی مدد کرتا ہے۔

اس تناظر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر نے اپنے بچپن کے ادھورے خواب کا ذکر کیا۔

عامر نے بتایا کہ جب وہ 14 سال کے تھے تب ٹینس کھیلنے کے شوقین تھے اور زیادہ وقت اسی میں گزارا کرتے تھے۔ پڑھائی میں کمزور ہونے کی وجہ سے والد ناصر حسین نے ان کے ٹینس کھیلنے پر پابندی لگا دی تھی۔اس کی وجہ سے ان کا ٹینس سے ناطہ بھی ٹوٹ گیا اور پڑھائی میں پوائنٹس بھی اچھے نہیں آئے۔

عامر خان کی نئی فلم 'سیکرٹ سپر سٹار' 20 اکتوبر کو ریلیز ہو گی۔