رنبیر کپور خاص دوست ہیں لیکن اچھے فلمساز نہیں: قطرینہ کیف

،تصویر کا ذریعہSPICE PR
بالی وڈ کے اداکار رنبیر کپور کی سابق گرل فرینڈ اور اداکارہ قطرینہ کیف کا کہنا ہے کہ رنبیر ان کے جگری دوست ہیں لیکن بطور فلمساز وہ بہت برے ہیں۔
ان دونوں کی فلم ’جگا جاسوس‘ جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے جو کے بطور فلمساز رنبیر کپور کی پہلی فلم بھی ہے۔
گذشتہ ساڑھے تین برسوں سے بننے والی فلم ’جگا جاسوس‘ کی تکیمل میں کافی مشکلیں آئیں جس کی وجہ سے فلم کی ریلیز کی تاریخ تین بار تبدیل کی جا چکی ہے۔
اس سلسلے میں پر جب قطرینہ کیف سے پوچھا گیا کہ رنبیر کپور بطور فلمساز بہتر ہیں یا پھر بطور دوست؟ تو ان کا جواب تھا کہ ’بطور فلمساز مجھے نہیں لگتا کہ رنبیر نے کچھ بھی کیا ہے۔ ڈزنی نے بہت بہترین کام کیا ہے اور سچ کہوں تو یہ دادا (انوراگ باسو) کی تخلیقی کاوش ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہSPICE PR
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سیٹ پر ایک مقابلے کا احساس لے کر آتے تھے جسے میڈیا نے بہت ہی غلط طریقے سے دیکھا۔ بطور فلمساز رنبیر قطعی طور پر اچھے نہیں رہے۔ وہ میرا خاص دوست ہے۔‘
رنبیر کپور نے بھی قطرینہ کیف کی اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلم میں صرف نام کے پروڈیوسر ہیں کیونکہ وہ بہت ہی سست ہیں۔
’عجب پریم کی غضب کہانی‘ اور ’راج نیتی‘ جیسی فلموں سے رنبیر کپور اور قطرینہ کیف کی محبت پروان چڑھی تھی۔
پانچ برس تک چلنے والی دونوں کی محبت میں 2016 کے اوائل میں دراڑ پڑی اور پھر ان کا بریک اپ ہو گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہSPICE PR
لیکن دونوں فنکاروں نے اپنے پیار کے ٹوٹ جانے پر خاموشی اختیار کر رکھی تھی اور بیان بازی سے گریز کیا۔
اس طرح کی بھی خبریں آتی رہیں کہ دونوں کے بریک اپ کی وجہ سے ہی فلم ’جگا جاسوس‘ کی تکمیل میں اتنی تاخیر ہوئی۔
رنبیر کپور کو فلم ’جگا جاسوس‘ پر کافی بھروسہ ہے لیکن انھیں یہ یقین نہیں ہے کہ باکس آفس پر فلم چلے گی یا نہیں۔
رنبیر کا کہنا ہے کہ ’جب میں نے فلم ’راکٹ سنگھ‘ کی تھی تو مجھے لگا تھا کہ میں نے ’منا بھائی‘ بنائی ہے لیکن فلم نہیں چلی تھی۔‘

،تصویر کا ذریعہSPICE PR
رنبیر کپور کی فلم 'راکٹ سنگھ' کے بارے میں قطرینہ کیف نے کہا 'جب میں نے راکٹ سنگھ دیکھی تو میں نے رنبیر کو فون کر کے بتایا کہ یہ فلم نہیں چلے گی۔ بہت بورنگ فلم ہے۔ بطور اداکار ہمیں فلم بنانے کے عمل پر توجہ دینی چاہیے نہ کہ اس نتیجے پر کیونکہ اس پر ہمارا کوئی اختیارنہیں ہوتا ہے۔'
انوراگ باسو کی ہدایت میں بننے والی فلم 'جگا جاسوس' 14 جولائی کو ریلیز ہونے والی ہے۔











