'جگا جاسوس‘ لاپتہ اور شریش کی ٹویٹ

شریش کندر اور فرح خان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنشریش کندر نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنی مخصوص پہچان بنائی ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

بالی وڈ میں ہدایت کار شریش کندر کی اب تک کی سب سے بڑی پہچان ان کی بیگم اور فلسماز فرح خان ہوا کرتی تھیں جو بالی وڈ کا ایک بڑا نام ہے۔ لیکن پچھلے کچھ عرصے میں شریش نے جس ہنر کا مظاہر کیا ہے اس سے ان کی الگ پہچان بن گئی ہے اور لگتا ہے کہ وہ اپنی اس شناخت سے خاصے لطف اندوز بھی ہو رہے ہیں۔

آج کل شریش فلموں میں کم اور ٹوئٹر پر زیادہ مصروف رہتے ہیں اور اکثر ملک اور سیاست کے بڑے موضوعات پر اپنی رائے کا اظہار ضرور کرتے ہیں۔ اب چاہے وہ 'عدم رواداری' کا موضوع ہو یا پھر سیاست کا۔

اس کے لیے سوشل میڈیا پر جہاں ان کی حسِ مزاح کی تعریف کی جاتی ہے تو انھیں غصے اور طنز کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔ اس بار شریش یوگی آدتیہ ناتھ کو ریاست اتر پردیش کے وزیراعلیٰ منتخب کیے جانے پر مصنف چیتن بھگت کی ٹویٹ کے جواب میں یوگی جی کا موازنہ داؤد اور وجے مالیہ سے کر بیٹھے۔

سوشل میڈیا پر جہاں کچھ لوگ شریش کی اس ٹویٹ کو مذاق میں لے رہے ہیں تو وہیں یوگی جی کے فینز انھیں آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔ شریش کی حسِ مزاح واقعی لاجواب ہے لیکن کہیں ایسا نہ ہو کہ کسی وقت یہ مذاق انھیں مہنگا پڑ جائِے۔

شاہد کی مصروفیات

شاہد کپور اور کنگنا راناوت

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنفلم رنگون میں سیف علی خان کے ساتھ شاہد کپور اور کنگنا راناوت بھی اہم کردار ادا کررہے تھے

شاہد کپور بھی آج کل خاصے مصروف ہیں۔ کبھی وہ ورکنگ مدرز کے بارے میں اپنی بیگم میرا کے بیان پر صفائی دینے بیٹھ جاتے ہیں تو کبھی اپنی سابق گرل فرینڈ کرینہ کپور خان کے ساتھ ماضی پر سوالوں کے جواب دینے پڑ جاتے ہیں اور کبھی کنگنا کے ساتھ اپنی ان بن کے بارے میں الجھ جاتے ہیں۔

ایک میگزین کے ساتھ بات چیت کے دوران شاہد کا کہنا تھا کہ 15 سال کے ان کے فلمی کریئر میں اب تک انھیں اپنے کسی 'کو سٹار' کے ساتھ کام کرنے میں اتنی دقت نہیں ہوئی جتنی کنگنا کے ساتھ ہوئی۔

شاہد نے امید ظاہر کی کہ کنگنا اپنے ساتھیوں کے ساتھ دوستانہ طریقے سے کام کرنا شروع کر دیں گی۔ 'رنگون' فلم کنگنا راناوت اور شاہد کپور کی ایک ساتھ پہلی اور شاید آخری فلم ہو گی۔ فلم تو ناکام رہی لیکن کنگنا اور شاہد کے درمیان مبینہ تلخیوں کی وجہ سے سرخیوں میں ضرور رہی۔

شاہد کپور اب فلم 'پدما وتی' کے ساتھ بڑے پردے پر آئیں گے جبکہ کنگنا کی آنے والی فلم 'سِمرن' ہو گی۔

سابق جوڑوں کو ساتھ لانا جوئے شیر لانا

سلمان خان اور قطرینہ کیف

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن'فلم ٹائیگر زندہ ہے' میں سلمان خان اور قطرینہ کیف ایک بار پھر ساتھ آ رہے ہیں

سلمان خان اور قطرینہ کیف کی جوڑی فلم 'ٹائیگر زندہ ہے' کے ساتھ پھر واپس پردے پر نظر آنے والی ہے۔ دونوں ایک بار پھر مختلف حوالے سے خبروں میں ہیں۔ کبھی شوٹنگ کی تصاویر تو کبھی فلم کی مخصوصں خبریں۔

رنبیر کپور کے ساتھ بریک اپ کے بعد قطرینہ کی فلم 'جگا جاسوس' کا اجرا بار بار ملتوی کیا جاتا رہا ہے۔ البتہ وجہ کبھی کھل کر بیان نہیں کی گئی۔

'جگّا جاسوس' کا کیا ہو گا یہ تو پتہ نہیں لیکن جاسوسی کے موضوع پر بنائی جانے والی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اس سال کرسمس کے موقعے پر ضرور نمائش کے لیے پیش کر دی جائے گی۔

لیکن جگا جاسوس کے ڈائریکٹر انوراگ باسو کو اس فلم سے بہت بڑا سبق مل گیا ہے کہ ہر کوئی امتیاز علی نہیں بن سکتا جو دوسابق جوڑوں کو ساتھ لا کر فلم کو نہ صرف ریلیز بلکہ کامیاب بھی کرا سکتا ہے۔

رنبیر کپور اور قطرینہ کیف

،تصویر کا ذریعہGetty Images