مانچسٹر دھماکے کے بعد میرا دل ٹوٹ گیا ہے: آریانا گرینڈے

،تصویر کا ذریعہPA
امریکی سٹار آریانا گرینڈے نے مانچیسٹر میں شو کے بعد ہونے والے دھماکے اور 22 ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
آریانا گرینڈے جو اس حملے میں محفوظ رہیں نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ ’افسردہ، دلی طور پر، میں معذرت خواہ ہوں، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔'
خیال رہے کہ پیر کی شب یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب 23 سالہ گلوکارہ آریانا گرینڈے کے مانچیسٹر ارینا میں کنسرٹ کا اختتام ہوا۔
آریانا گرینڈے آج کل یورپی ممالک کے دورے پر ہیں اور مختلف شہروں میں کنسرٹ کر رہی ہیں۔
اس سلسلے میں مانچیسٹر ارینا میں ہونے والے کنسرٹ کے موقع پر ان کے ہزاروں مداح وہاں موجود تھے۔ ان مداحوں میں نوجوان لڑکیوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل تھی۔
ان کے مینیجر سکوٹر براؤن نے بھی ایک ٹویٹ کی جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’ہمارے دل ٹوٹ چکے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سکوٹر براؤن نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’اس بیہمانہ حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے لیے الفاظ ہمارے دکھ کو بیان نہیں کر سکتے۔‘
’ہم اس بزدلانہ حملے جانے والی بچوں اور پیاروں کی جانوں کے لیے غمگین ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہTWITTER
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ان اہلکاروں کے شکر گزار ہیں جنھوں نے سب سے پہلے پہنچ کر جانیں بچانے میں مدد فراہم کی۔‘
’ہم آپ سب سے کہتے ہیں کہ ہلاک شدگان، زخمیوں اور متاثرہ افراد کو اپنے دلوں اور دعاؤں میں یاد رکھیں۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آریانا گرینڈے کون ہیں؟
- پندرہ سال کی عمر میں براڈوے پر کام کا آغاز کیا اور ٹی وی پر نکلوڈیئن کے مزاحیہ ڈرامے وکٹورئیس سے شہرت حاصل کی
- 2014 میں موسیقی کا اغاز کیا اور ’پرابلم‘ گانے سے شہرت پائی۔ ان کا یہ گانا برطانیہ میں نمبر ایک اور امریکہ میں نمبر دو رہا
- ان کے دیگر گانوں میں سائیڈ ٹو سائیڈ جس میں نکی مناج نے پرفارم کیا گذشتہ سال برطانیہ میں نمبر چار رہا
- آریانا گرینڈے تین امیریکن میوزک ایوارڈز، چھ ٹین چوائس ایوارڈز حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ چار بار گریمی کے لیے نامزد ہو چکی ہیں۔
- اس وقت وہ اپنی یورپی دورے پر ہیں جبکہ اس دوران وہ برمنگھم اور ڈبلن میں پہلے ہی پرفارم کر چکی ہیں۔ تاہم انھوں نے ابھی بدھ اور جمعرات کو لندن کے او 2 ارینا میں پرفارم کرنا ہے

،تصویر کا ذریعہTWITTER @KATYPERRY
آریانا گرینڈے کے ساتھی گلوکاروں نے بھی اس واقعے کے بعد پیغامات بھیجے ہیں۔ ان موسیقاروں میں لٹل مکس بھی شامل ہیں۔
اولی مرس نے ٹویٹ کی: ’ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ کوئی کنسرٹ پر جائے اور واپس نہ آئے۔‘
ڈیمی لواٹو نے لکھا: ’یہ سوچ کر دکھ ہو رہا ہے کہ کنسرٹ پر جانے والے اپنی جان کھو بیٹھے۔ سب کے لیے دعا گو ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہTWITTER @NICKIMINAJ
اس بارے میں لارڈ نے لکھا کہ ’ہر موسیقار کو دکھ اور خود کو ذمہ دار محسوس کرنا چاہیے۔ شو کو آپ کے لیے محفوظ ہونا چاہیے۔ حقیقت میں بدترین خواب ہے۔ مانچیسٹر اور ارینا کے لیے پیار۔‘

،تصویر کا ذریعہTWITTER @TAYLORSWIFT13

،تصویر کا ذریعہTWITTER @LIAMGALLAGHER
آریانا گرینڈے نے اس کے بعد لندن میں پرفارم کرنے کے علاوہ بیلجیئم، پولینڈ، جرمنی، سوئٹزرلینڈ، فرانس، پرتگال، سپین، اٹلی اور جنوبی امریکہ میں بھی کنسرٹ کرنے ہیں۔











