اداکاری کے بعد قطرینہ کیف اب فلم سازی کے لیے تیار

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بالی وڈ کی معروف اداکارہ قطرینہ کیف اب فلم سازی کے میدان میں قسمت آزمائی کے لیے تیار ہیں۔
بالی وڈ میں اداکاروں اور فنکاروں کا کامیابیاں حاصل کرنے کے بعد فلم ساز بننا نیا نہیں ہے۔ قطرینہ کیف سے قبل یہ کام انوشکا شرما اور پرینکا چوپڑہ کامیابی کے ساتھ انجام دے چکی ہیں۔
قطرینہ کیف اپنے پروڈکشن ہاؤس سے اپنی چھوٹی بہن ایزابیل کو لانچ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔
اخبار ممبئی مرر کےمطابق انھوں نے اپنے سابق دوست اور فیملی فرینڈ سپرسٹار سلمان خان سے 'اس کے متعلق تفصیل سے گفتگو کی ہے۔'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اطلاعات کے مطابق وہ اپنے 'ہدایت کار دوستوں کے ساتھ فلموں کی کہانیوں پر بھی غور کر رہیں' تاکہ مناسب کہانی کے ساتھ وہ اپنی بہن کو اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بینر سے لانچ کر سکیں۔
پہلے یہ خبریں گشت کر رہی تھیں کہ سلمان خان ان کی بہن ایزابیل کو لانچ کریں گے۔ خیال رہے کہ قطرینہ کیف کو بھی سلمان نے ہی فلم انڈسٹری میں لانچ کیا تھا۔
ویسے سلمان خان نے حال ہی میں کئی نئے اداکاروں کو لانچ کیا ہے جس میں آدتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی اور گوندا کی بیٹی بھی شامل ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
حال ہی میں ایزابیل کو قطرینہ کیف کے ساتھ کئی پارٹیوں میں شرکت کرتے دیکھا گیا ہے اور اس کے بعد سے ہی ان کے بالی وڈ میں قدم رکھنے کی باتیں گشت کرنے لگیں۔ ویسے ابھی وہ برطانیہ میں مقیم ہیں اور وہاں ماڈلنگ اور اداکاری کرتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انوشکا شرما نے این ایچ 10 پروڈیوس کیا تھا جبکہ اب ان کی فلم فلوری بھی آنے والی ہے۔ جبکہ پرینکا چوپڑہ نے تین علاقائی زبانوں کی فلمیں پروڈیوس کی ہیں لیکن ابھی انھوں نے ہندی فلم میں قسمت آزمائی نہیں کی ہے۔









