شاہ رخ امیتابھ کی کن نصیحتوں پر عمل کرتے ہیں؟

،تصویر کا ذریعہAIB FACEOOK
بالی وڈ کے اداکار شاہ رخ خان کی اس برس آنے والی پہلی فلم 'رئیس' نے ایک ہفتے میں سو کروڑ روپے کا کاروبار کر لیا ہے۔
اے آئی بی کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں شاہ رخ خان نے اپنی زندگی اور اداکاری سے متعلق کئی دلچسپ پہلوؤں کا ذکر کیا۔
انھوں نے کہا: 'ایک بار امیتابھ بچن سے میری بیک سٹیج پر بات چیت ہوئی۔ میں نے ان سے پوچھا کہ آپ سٹیج پر جانے سے پہلے کیا سوچ رہے ہوتے ہیں یا کیا کرتے ہیں؟ اس پر امیتابھ نے کہا کہ سٹیج پر جانے سے پہلے پینٹ کی زِپ چیک کرنی چاہیے۔ لائیو شو سے متعلق یہ میرے لیے سب سے بڑی نصیحت ہے۔'
شاہ رخ نے کہا کہ امیتابھ نے انہیں یہ بھی کہا تھا کہ کچھ بھی ہو بس معافی مانگ لیا کرو۔

،تصویر کا ذریعہSPICE PR
انھوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہای کہ ’امیتابھ بچن نے مشورہ دیا کہ اب جب کہ آپ ایک بڑے سٹار ہو، کوئی بھی غلطی ہو تو معذرت کر لیا کرو، چاہے غلطی تمہاری نا بھی ہو تو بھی، نہیں تو لوگ کہیں گے کہ پیسہ تمہارے سر پر چڑھ گیا ہے۔'
بعض فلموں کے کامیاب نہ ہونے پر شاہ رخ کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایسے بعض ناقدین کی کچھ باتیں ان کو عجیب لگتی ہیں۔
انھوں نے بتایا: 'میں یہ جانتا ہوں کہ میں اپنے کام سے ہر شخض کو خوش نہیں کر سکتا۔ لیکن کبھی کبھی کچھ لوگ مجھ سے کچھ عجیب سی باتیں کرتے ہیں۔ جیسے کسی نے کہا کہ 'رئیس' دیکھ کر ان کو فلم 'ڈان' کی یاد آئی، تو میں نے پوچھا کہ کس طرح؟ ایک نے تو کہا 'رئیس' تو فلم 'ڈر' جیسی تھی، تو میں نے کہا: 'امی جان ک ک ک ک ۔۔۔ کہتی تھیں۔'

،تصویر کا ذریعہSPICE PR
شاہ رخ کا کہنا تھا: 'اب میں آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنے آپ سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا میں دنیا کا سب سے خراب اداکار ہوں؟ کیا میں اس لڑکے جیسا ہوں جس کو سب سے آخر میں یہ معلوم پڑتا ہے کہ اس کی گرل فرینڈ کا کہیں اور بھی چکر ہے۔ کیا میں ہر فلم میں ایک ہی جیسی اداکاری کرتا ہوں؟ مجھے سمجھ نہیں آتا فلمیں ہٹ ہو رہی ہیں، لیکن اداکاری پر سوال اٹھائے جاتے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ مجھے بیوقوف بنانے کے لیے سب فلمیں ہٹ ہوتی ہیں اور ایک دن مجھ سے لوگ کہیں گے کہ ہم تمہیں اُلّو بنا رہے تھے، تمہیں اداکاری نہیں آتی۔ میں تو كنفیوژڈ ہوں۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
'لوگ کہتے ہیں کہ میں اب بوڑھا ہو گیا ہوں۔ تو میں کیا کروں اگر میری تمام ہيروئنز جوان ہیں، کیا ان کو بولوں کہ جاؤ پہلے عمر بڑھا کر آؤ؟، پلیز گرو اپ‘

،تصویر کا ذریعہAP
شاہ رخ نے بتایا کہ 'ٹوئٹر پر میں بہت لوگوں کو جانتا ہوں کیونکہ جب میں سفر پر ہوتا ہوں تو ٹوئٹر پر رہتا ہوں۔ جو لوگ مجھے ٹوئٹر پر گالی دیتے ہیں ان کو بھی جانتا ہوں، اب عادت سی ہو گئی ہے۔ جب وہ گالی نہیں دیتے تو میں سوچتا هوں کہیں مقبولیت کم تو نہیں ہو گئی؟ گالی کی املا اگر غلط ہوتے ہیں تو اس پر غصہ کرتا ہوں۔'
شاہ رخ کہتے ہیں کہ اب وہ مختلف طرح کی فلمیں کر رہے ہیں، لیکن اس کے پیچھے کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
وہ کہتے ہیں 'میں اپنی امیج تبدیل کرنا نہیں چاہتا۔ لیکن خوش ہوں کہ کچھ لوگ یہ کہتے ہیں، اچھی اداکاری کر رہا ہے۔'








