'سنی لیونی پر پیسے نہ لٹاؤ، میری فلم کا ٹکٹ خریدو بھائی'

سلمان خان

،تصویر کا ذریعہAFP/GETTY IMAGES

،تصویر کا کیپشناس وقت سلمان خان کا ستارہ عروج پر ہے اور ایک کے بعد ایک ان کی فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہو رہی ہیں
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

کالے ہرن کے شکار کے معاملے میں سلمان خان جمعے کو جودھپور کی سی جی ایم عدالت میں پیش ہوئے۔ انھوں نے خود کو بےقصور بتایا اور کہا کہ انھیں اس معاملے میں پھنسایا گیا ہے۔

،آڈیو کیپشنکیا سلمان اور شاہ رخ کے ستارے عروج پر ہیں؟ سنیے بالی وڈ راؤنڈ اپ

٭

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہرن کی موت قدرتی طور پر ہوئی تھی لیکن لگتا ہے سوشل میڈیا پر لوگوں کو سلمان کی دلیل ہضم نہیں ہوئی۔

بعض نے کہا کہ سلمان کی اگلی بلاک بسٹر فلم کا نام ہو گا 'نو ون کلڈ بلیک بگ،' (کالا ہرن کسی نے نہیں مارا۔)

سلمان خان

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسلمان خان کے مطابق ہرن کی موت قدرتی طور پر ہوئی تھی لیکن سوشل میڈیا پر لوگوں کو سلمان کی یہ دلیل کچھ ہضم نہیں ہوئی

ایک اور صاحب نے لکھا کہ ’جب سلمان پیدا ہوئے ہوں گے، تو ڈاکٹر نے کہا ہو گا۔۔۔ 'مبارک ہو، معصوم پیدا ہوا ہے۔'

لگتا ہے کہ اس وقت سلمان خان کا ستارہ عروج پر ہے، جس طرح ایک کے بعد ایک ان کی فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہو رہی ہیں اسی طرح وہ مختلف مقدمات سے بری بھی ہو رہےہیں۔

حال ہی میں وہ 2002 کے' ہٹ اینڈ رن کیس سے بری کیے گئے۔ کالے ہرن سے متعلق معاملہ اس وقت کا ہے جب سلمان خان راج شری پروڈکشن کی فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی شوٹنگ کے لیے راجستھان میں تھے۔ اس معاملے میں ان کے ساتھ سیف علی خان، سونالی بیندرے اور نیلم بھی شامل تھیں۔ ویسے ان لوگوں کے لیے یہ فلم خاصی یاد گار رہی تبھی تو اس فلم کی پوری سٹار کاسٹ جودھپور کی عدالت میں ابھی تک ساتھ ساتھ ہے۔

سنجے لیلا بھنسالی

،تصویر کا ذریعہHOTURE IMAGES

،تصویر کا کیپشنسنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ مار پیٹ ہونے کی وجہ سے فی الحال فلم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے

فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی پر حملہ

راجستھان کے شہر جے پور میں فلم 'پدماوتی' کی شوٹگ کے دوران ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ مار پیٹ ہونے کی وجہ سے فی الحال فلم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ان پر حملہ کرنے والوں کا الزام ہے کہ ملکہ پدماوتی کو فلم میں غلط طریقے سے دکھایا گیا ہے۔

دیپیکا پاڈو کون

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنفلم رانی پدماوتي کے تاریخی کردار پر مبنی ہے اور یہ کردار اداکارہ دیپیکا پاڈو کون نبھا رہی ہیں

جے پور کے مہندرگڑھ قلعے میں شوٹنگ کے دوران راجپوت کرنی سینا کے کارکنوں نے توڑپھوڑ اور بھنسالی کے ساتھ مار پیٹ بھی کی۔

یہ فلم رانی پدماوتی کے تاریخی کردار پر مبنی ہے. کارکنوں کا الزام ہے کہ بھنسالی نے اپنی فلم میں راجپوت ملکہ اور مغل بادشاہ علاء الدین خلجی کے درمیان محبت کا تعلق دکھایا ہے جو غلط ہے۔

رنویر سنگھ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنادا کار رنویر سنگھ علاء الدین خلجی کے کردار میں ہیں

شاہ رخ اور ریتک روشن میں مقابلہ

شاہ رخ خان کی فلم 'رئیس' اور رتک کی فلم 'قابل' کافی امیدوں، تنازعوں اور قیاس آرائیوں اور سیاست کے بعد ریلیز ہوئیں اور دونوں ہی فلمیں لوگوں کو پسند بھی آ رہی ہیں۔

ہاں قابل کے مقابلے میں رئیس زبردست کامیاب ثابت ہوئی ہے جس کی کئی جوہات ہیں۔ ایک وجہ شاہ رخ کی مقبولیت اور ان کا سٹارڈم ہے اور دوسری وجہ فلم کی کہانی اور شاہ رخ کا وہ کردار ہے جو عام لوگوں کے دل کو چھو گیا ہے اور کافی حد تک اس فلم کے وہ مکالمے جو اس وقت ہر ایک کی زبان پر ہیں۔

شاہ رخ

،تصویر کا ذریعہSPICE PR

،تصویر کا کیپشنفلم رئیس زبردست کامیاب ثابت ہوئی جسکی کی کئی جوہات ہیں ایک وجہ شاہ رخ کی مقبولیت اور انکا سٹارڈمبھی ہے

فلم کی ریلیز سے پہلے اور بعد میں بھی شاہ رخ اور رتک کے درمیان ٹوئٹر پر انتہائی خوشگوار انداز میں بات ہوئی اور دونوں نے ایک دوسرے کی مبارک باد بھی دی۔

لیکن لگتا ہے پاپا راکیش روشن شاہ رخ اور رئیس کی ٹیم سے خاصے ناراض ہیں۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں یہاں تک کہہ دیا کہ وہ رئیس دیکھنے کے بجائے دو بار قابل دیکھنا چاہیں گے۔ پاپا راکیش شاید یہ بھول رہے ہیں کہ شاہ رخ باصلاحیت اداکار ہیں تو کیا خود ان کا بیٹا بھی انتہائی قابل اداکار ہے۔

سنی لیون
،تصویر کا کیپشنفلم کا سب سے دلچسپ پہلو سنی لیونی کا آئٹم نمبر ثابت ہو رہا ہے اور سنیما گھروں میں شائقین ان کا گانا شروع ہوتے ہی بے قابو ہو کر ناچ اٹھتے ہیں

برائے مہربانی مسقبل میں آپ ریتک کی اگلی فلم کی تاریخ سوچ سمجھ کر طے کریں۔ جہاں تک رئیس کا تعلق ہے تو اس فلم کا سب سے دلچسپ پہلو سنی لیونی کا آئیٹم نمبر ثابت ہو رہا ہے اور سنیما گھروں میں شائقین ان کا گانا شروع ہوتے ہی بےقابو ہو کر ناچتے اور اور پیسے لٹا رہے ہیں جس پر شاہ رخ نے مذاقاً ٹویٹ کیا کہ'بھائی سنی لیونی پر پیسہ نہ لٹاؤ، میری فلم کا ٹکٹ خریدو۔'