پاکستانی فلموں کے لیے حکومت سرمایہ فراہم کرے گی: مریم اورنگزیب

فلم

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن’حکومت بیرونی مواد صرف بالی وُڈ تک ہی محدود نہیں رکھنا چاہتی‘
    • مصنف, حسن کاظمی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

وزیرِاعظم نواز شریف کی جانب سے فلموں کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کی سربراہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت فلم بنانے والوں کو سرمایہ کی فراہمی، قومی ایوارڈز کے دوبارہ اجرا اور فنکاروں کی خصوصی کانفرنس جیسے اقدامات کرکے پاکستان کی فلم اور سینما کی صنعت کو مستحکم کرنا چاہتی ہے تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کا اچھا اور مثبت تاثر قائم کرنے میں مدد مل سکے۔

وزیرِمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے بی بی سی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی فلمی صنعت کو عروج پر دیکھنا چاہتی ہے اور وزیرِاعظم کی جانب سے اس کے لیے خصوصی کمیٹی کا قیام اسی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انھوں وضاحت کی کہ یہ کمیٹی صرف انڈین فلموں کی پاکستان میں نمائش تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ یہ ایک جامع اور مربوط لائحہ عمل تیار کرنے کی جانب پیش رفت ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت اس سلسلے میں تین اہم ترین اقدام کررہی ہے جن میں پاکستان کے نیشنل فلم ایوارڈز کا اجرا جیسے پہلے نیفڈیک کے ذریعے ہوتا تھا مگر اس کا نام نیشنل ایوارڈز ہوگا۔

دوسرا مارچ میں فنکاروں کی قومی کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں فلمی صنعت سے وابستہ تمام افراد شریک ہوں گے اور تیسرا حکومت کی جانب سے فلم بنانے والوں کو بینکوں کی جانب سے سرمائے کی فراہمی میں مدد فراہم کرنا شامل ہے۔

ان کے مطابق اس سلسلے میں دنیا بھر میں کئی ماڈلز ہیں اور حکومت اس پر سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔

مریم اورنگزیب

،تصویر کا ذریعہPID

،تصویر کا کیپشنمریم اورنگزیب کے مطابق کمیٹی صرف انڈین فلموں کی پاکستان میں نمائش تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ یہ ایک جامع اور مربوط لائحہ عمل تیار کرنے کی جانب پیش رفت ہے

یادرہے کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف نے پیر کو ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا جس میں وزیرِ مملکت کے ساتھ ان کے معاون عرفان صدیقی، مرکزی فلم سینسر بورڈ کے چیئرمین مبشر حسن اور سیکریٹری تجارت شامل تھے۔ اس کمیٹی کے بارے میں تاثر یہ تھا کہ یہ پاکستان میں انڈین فلموں کی نمائش میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے سلسلے میں اپنی تجاویز دے گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ بات تسلیم کرنا ہوگی کہ 1965 کے بعد سے سینما کہ صنعت زبوں حالی کا شکار رہی اور 2007 میں جب انڈین فلموں پر سے پابندی ہٹی کو اس وقت ملک میں سینما نہ ہونے کے برابر رہ گئے تھے اور مقامی سطح پر فلمیں بالکل نہیں بن رہی تھیں۔

انھوں نے تسلیم کیا کہ جب ستمبر کے آخر میں انڈین فلموں پر دوبارہ پابندی عائد کی گئی تو سینما بینوں کی تعداد میں 70 فیصد تک کمی واقع ہوئی جس سے ملک میں موجود 40 فیصد سینما سکرینز بند کرنی پڑٰیں، 73 زیرِ تکمیل پاکستانی فلمیں رک گئیں اور 1700 افراد کو بےروزگار ہونا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے سینما کو مقامی طور پر 200 فلمیں سالانہ چاہییں اور تب تک ہمیں بیرونی مواد پر ہی انحصار کرنا ہوگا۔‘

انھوں نے واضع کیا کہ حکومت بیرونی مواد صرف بالی وُڈ تک ہی محدود نہیں رکھنا چاہتی بلکہ ترکی اور ایرانی فلموں کی پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے بھی کوشش کررہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے تسلیم کیا کہ ملک بھر میں پائریسی کے ذریعے بھارتی فلمیں پھیلی ہوئی ہیں اور موجودہ ڈیجیٹل دور میں پابندی لگانا ویسے بھی ممکن نہیں ہے اس لیے بہتر ہے کہ سینما میں قانونی طریقے سے سینسر کرکے فلمیں دکھائی جائیں۔

فلم

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمریم اورنگزیب نے تسلیم کیا کہ ملک بھر میں پائریسی کے ذریعے بھارتی فلمیں پھیلی ہوئی ہیں

بھارتی فلموں کی پاکستان میں درآمد کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال حکومت نے درآمدی پالیسی ازسرنو ترتیب دی ہے اور این او سی کے معاملے پر سپریم کورٹ کا حکم موجود ہے کہ درآمدی پالیسی سے باہر جو بھی اشیا ہیں ان کے لیے این او سی صرف وفاقی حکومت ہی جاری کرے گی تو اس طرح اس میں کوئی نئی چیز نہیں ہے۔ البتہ این او سی جاری کرنے کا معاملہ بھی ضروری ہے کیونکہ اکثر حساس معاملات ہوتے ہیں مگر اس ضمن میں ایک مربوط پالیسی بنائی جارہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ انہوں نے فلم ایگزیبیٹرز کے ساتھ بدھ کو ملاقات کرکے اس سلسلے میں ان کا مؤقف جانا ہے اور جمعرات کو وہ سینیما مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز سے بھی ملاقات کررہے ہیں جب کہ اگلے مرحلے میں وہ اداکاروں، ہدایتکاروں اور پروڈیوسرز کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے تاکہ ہر ایک کا مؤقف اور رائے سامنےحتمی ہو تو پھر فیصلہ کیا جائے۔