ارجنٹائن بمقابلہ کروشیا: میسی کے سامنے کئی سنگ میل جبکہ کروشیا اپنا بہترین میچ کھیلنے کے لیے تیار

ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑی نکولس ٹیگلیافیکو کا کہنا ہے کہ لیونل میسی کی موجودگی کروشیا کے خلاف ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ارجنٹائن کو ’خصوصی برتری‘ دے گی۔

منگل کو ہونے والے سیمی فائنل کے میچ میں ارجنٹائن کو پہنچانے میں زیادہ تر میسی کی کارکردگی نظر آئی کیونکہ اس سینٹر فارورڈ کھلاڑی نے ارجنٹائن کے نو گول میں سے چار خود کیے جبکہ دو میں میسی کا بڑا تعاون رہا۔

ٹیگلیافیکو نے کہا کہ 'وہ ہمیشہ سے ایسا ہی رہا ہے۔'

'ہمارے لیے وہ ہمارا کپتان اور ہمارا لیڈر ہے۔ وہی ہمیں آگے بڑھاتا ہے اور حوصلہ دیتا ہے۔'

میسی جب آج شب قطر کے سب سے بڑے لوسیل سٹیڈیم میں گرینچ مین ٹائم کے مطابق سنہ 2018 کے فائنلسٹ کروشیا کے خلاف سات بجے شام کو کھیلنے اتریں گے تو جرمنی کے عظیم کھلاڑی لوتھار میتھایس کا ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 25 میچ کھیلنے کا ریکارڈ برابر کریں گے۔

ذاتی سنگ میل

35 سالہ عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی کے پاس دوسرے ذاتی سنگ میل بھی ہیں کیونکہ وہ اپنے پانچویں اور ممکنہ طور پر آخری ورلڈ کپ میں سنہ 1986 کے بعد ارجنٹائن کو پہلی فتح تک لے جانا چاہتے ہیں۔

اس کے علاوہ ورلڈ کپ مقابلے میں گیبریل بیتستوتا کے ساتھ ارجنٹائن کے مشترکہ سب سے زیادہ 10 گول سکور کرنے والے ہونے کے ساتھ ساتھ میسی ورلڈ کپ کے فائنلز میں ڈیاگو میراڈونا کے آٹھ کے مجموعی ریکارڈ کی برابری کرنے سے ایک گول دور ہیں۔

ٹیگلیافیکو کا مزید کہنا ہے کہ 'جب ہم میدان میں ہوتے ہیں تو وہی ہمیں خاص سبقت دلاتے ہیں۔'

'ہم جانتے ہیں کہ ہمارے پاس میسی ہے اور یہ حوصلہ افزائی اور امید کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے کیونکہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہم اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں اور اپنا بہترین دے سکتے ہیں۔ ہم میسی کو اپنے کپتان کے طور پر پا کر واقعی خوش ہیں۔

'سب کے تعاون سے ہم سب مل کر اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، اور یہ سب سے خوبصورت چیز ہے کہ ہم میسی کے ساتھ اپنی ٹیم کی طرف سے ایسا کر رہے ہیں۔'

کروشیا کی ٹیم مزید تاریخ رقم کرنے کی خواہاں

چالیس لاکھ سے کم آبادی والے ملک کروشیا کے ہیڈ کوچ زلاٹکو ڈالک کا کہنا ہے کہ ارجنٹائن کو پیچھے چھوڑ کر لگاتار دوسری بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنا ان کے ملک کی فٹبال کی سب سے بڑی کامیابی سمجھی جائے گی۔

منگل کو کروشیا اگر فتحیاب ہوتی ہے تو وہ سنہ 2014 میں جرمنی کے بعد دوسری ٹیم بن جائے گی جس نے ایک ہی ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں برازیل اور ارجنٹائن دونوں کو شکست دی ہے۔

ڈیلک نے کہا: 'گزشتہ ورلڈ کپ [2018] میں انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ اب تک کا سب سے بڑا میچ تھا، برازیل کے خلاف کھیل دوسرے نمبر پر آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

'اگر ہم کل جیت جاتے ہیں تو یہ کروشیا کے لیے اب تک کا سب سے بڑا تاریخی کھیل بن جائے گا۔

'ہم دنیا کی چار بہترین ٹیموں میں شامل ہیں۔ یہ کروشیا کے لیے ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔ لگاتار دو ورلڈ کپ میں فٹ بال کی چار بہترین قومی ٹیموں میں ہونا بہت بڑی بات ہے۔

'ہم مزید چاہتے ہیں۔ ہم عظیم ارجنٹائن کے ساتھ کھیل رہے ہیں، جو کہ لیونل میسی کی قیادت میں ایک زبردست ٹیم۔ وہ اس وقت کروشیا سے زیادہ حوصلہ مند لیکن دباؤ میں ہیں۔'

اسکالونی نے اپنے کھلاڑیوں کے رویے کا دفاع کیا

دریں اثنا ارجنٹائن کے باس لیونل اسکالونی نے کوارٹر فائنل میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے دوران ان کے کھلاڑیوں کے خلاف پنلٹی شوٹ آؤٹ میں بدتمیزی اور ناقص سپورٹس مینشپ کے الزامات پر اپنے کھلاڑیوں کا دفاع کیا ہے۔

ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے میچ کے اختتام پر اپنے ڈچ حریفوں کا مذاق اڑایا اور اس کے بعد فیفا نے دونوں فریقوں کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی کیونکہ اس اس مقابلے میں ورلڈ کپ میں اب تک سب سے زیادہ 18 یلو کارڈز دکھائے گئے۔

اسکالونی نے کہا: 'پچھلا گیم دونوں ٹیموں نے اسی طرح کھیلا جس طرح کھیلنا تھا۔ یہی فٹبال ہے۔'

انھوں نے مزید کہا: 'کچھ گیمز میں اس طرح کی چیزیں ہوسکتی ہیں۔ تکرار ہوسکتی ہیں لیکن بس اتنا ہی ہے۔ اسی وجہ سے ایک ریفری ہوتا ہے۔

'ہمیں اس خیال کو ختم کرنے کی ضرورت ہے کہ ارجنٹائن نے ایسا برتاؤ کیا۔ ہم سعودی عرب سے ہار گئے اور ہم نے کچھ نہیں کہا۔

'ہم نے برازیل میں کوپا امریکہ (کپ) جیتا اور [لیونل] میسی، [لیاندرو] پاریڈس، نیمار کے ساتھ سپورٹس مینشپ کا خوب تجربہ کیا، یہ سب ماراکانا [سٹیڈیم] میں ایک ساتھ اکٹھے بیٹھے تھے۔ میں واقعی ان سپورٹس مینشپ کے رویے کے خیال سے متفق نہیں ہوں۔'