آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈیا میں پہلی بار مسلح فوجی ہوائی جہاز نجی کمپنی ٹاٹا بنائے گی
انڈیا کی ایک نجی کمپنی پہلی مرتبہ فوجی مقاصد کے لیے ایک طیارہ بنانے جا رہی ہے۔
ائیر فورس کے لیے سی 295 قسم کے یہ ٹرانسپورٹ طیارے ٹاٹا گروپ اور ائیر بس کے اشتراک سے ملک کی مغربی ریاست گجرات میں بنائے جائیں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کو اس منصبوے کا افتتاح کریں گے۔
انڈیا کی وزرات دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس میں ایک نجی کپمنی کوئی فوجی طیارہ بنائے گی۔‘
اس وقت انڈیا میں صرف ہندوستان ایروناٹکس ہی مسلح افواج کے لیے طیارے بناتی ہے۔
انڈیا دنیا میں دفاعی سازو سامان درآمد کرنے والے بڑے ممالک میں سے ایک ہے اور کئی عشروں سےیہ روس جیسے ممالک سے اسلحہ خرید رہا ہے۔
لیکن نریندر مودی کے دور حکومت میں کچھ برسوں سے انڈیا بین الاقومی درآمدات پر انحصار کم کر کے ملکی پیدوار بڑھانے پر زور دے رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹاٹا-ائیر بس منصوبہ دراصل مودی کے’میک ان انڈیا‘ پروگرام کی جانب ایک اور قدم ہے اور اس پروگرام کو ہائی اوکٹین مشن قرار دیا جا رہا ہے ، جس کے تحت ملک کو ایک عالمی مینوفیکچرنگ ہب میں تبدیل کرنے کا عزم کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس معاہدے نے ’انڈیا کے نجی شعبے کو ٹیکنالوجی کی اس صنعت میں داخل ہونے کا منفرد موقع فراہم کیا ہے جہاں مقابلہ بہت سخت ہے۔‘
منصوبے کے ایک حصے کے طور پر، حکومت نے ستمبر 2021 میں ایئربس ڈیفنس اور سپین میں قائم ’سپیس ایس اے‘ سے 56 سی قسم کے 295 فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں کی خریداری کی منظوری دی تھی۔
پریس ریلیز کے مطابق، یہ طیارے انڈین ایئر فورس کے ایک فلیٹ کی جگہ لیں گے، لیکن انھیں غیر فوجی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس منصوبے کے تحت ایئربس ستمبر 2023 اور اگست 2025 کے درمیان 16 طیارے پرواز کے لیے تیار حالت میں فراہم کرے گا، جبکہ باقی ٹاٹا گروپ کے ذریعے گجرات میں بنائے جائیں گے۔
وزارت دفاع کے مطابق اس سلسلے کا ’پہلا میڈ ان انڈیا طیارہ ستمبر 2026 میں متوقع ہے۔‘