12 سال کا بچہ جسے یقین تھا کہ وہ ایک دن اپنے ہیرو میسی کے ساتھ فٹبال کھیلے گا

قریب 10 سال پہلے جولین الواریز محض 12 سال کے تھے جب انھوں نے ارجنٹائن کے پھُرتیلے فٹبالر لیونل میسی کے ساتھ تصویر بنوائی جو اُن کے لیے کسی ہیرو سے کم نہیں تھے۔

وہ تب سے میسی جیسا بننا چاہتے تھے اور ان کا خواب تھا کہ وہ سٹار فٹبالر کے ساتھ کھیل سکیں۔ بلکہ انھیں یقین تھا کہ وہ ایک اس عظیم فٹبالر کے ساتھ ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔

اور ہوا بھی کچھ ایسا ہی۔ انھوں نے میسی کے ساتھ مل کر ارجنٹائن کی ورلڈ کپ فائنل تک رسائی ممکن بنائی ہے۔

گذشتہ روز سے فینز یہ پرانی تصویر شیئر کر رہے ہیں اور انھیں الواریز کا خواب پورا ہونے کی بے انتہا خوشی ہے۔

اس سلسلے میں ان کی ایک بچپن کی ویڈیو بھی زیرِ گردش ہے جس میں ان سے پوچھا جاتا ہے کہ ’فٹبال کے حوالے سے آپ کا کیا خواب ہے؟‘ اس پر وہ جواب دیتے ہیں ’ورلڈ کپ میں کھیلنا۔‘

ان سے اگلا سوال پوچھا جاتا ہے کہ ’آپ کا آئیڈل کون ہے؟‘ اس پر وہ بغیر سوچے جواب دیتے ہیں ’میسی۔‘

کلب مانچسٹر سٹی کی ویب سائٹ پر الواریز کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ ’بچپن سے میسی میرے آئیڈل رہے ہیں۔‘

’وہ میرے خاندان کے آئیڈل ہیں، میرے بھائیوں کے بھی پسندیدہ ہیں۔ میسی میرے لیے ہیرو کا درجہ رکھتے ہیں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’میرا خواب تھا کہ میں میسی کے ساتھ (ارجنٹائن) نیشنل ٹیم کے لیے کھیلوں۔‘

’میسی نے ثابت کیا کہ وہ عظیم فٹبالر ہیں‘

ارجنٹائن کے ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے سے پہلے بھی لیونل میسی کو دنیا کا عظیم فٹبالر سمجھا جاتا تھا۔ مگر ان کا کیریئر ورلڈ کپ فاتح نہ ہونے کی وجہ سے ہمیشہ نامکمل رہا۔

کھیل کے میدان کو خیرباد کہنے سے قبل ان کے لیے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے کا یہ بظاہر آخری موقع ہے۔

سات مرتبہ بیلن ڈی اور (یعنی بہترین فٹبالر کا اعزاز) جیتنے والے میسی نے اپنی کامیاب پینلٹی سے ارجنٹائن کو کروشیا کے خلاف سبقت دلائی۔ پھر جولیان الواریز کے دو گولز میں سے ایک میں اسسٹ کیا جس نے ارجنٹائن نے سیمی فائنل میں تین صفر کی فتح حاصل کی۔

ارجنٹائن کے ڈیاگو میراڈونا یا برازیل کے پیلے کی طرح کبھی ورلڈ کپ نہ جیت پانا وہ دلیل تھی جو کسی بحث میں ان کے خلاف پیش کی جاتی۔ اب میسی کے پاس اتوار کو یہ موقع ہو گا کہ، فرانس یا مراکش میں سے جو بھی ٹیم فائنل میں پہنچتی ہے، اس کے خلاف نئی تاریخ رقم کر دیں۔

سینیئر فٹبال میں یہ میسی کا 1002واں میچ، 791واں گول اور 340واں اسسٹ تھا۔ بارسلونا کو انھوں نے 35 ٹرافیاں جتوائیں، پھر موجودہ کلب پی ایس جی کو فرانسیسی ٹائٹل دلوایا اور ارجنٹائن کی طرف سے کھیلتے ہوئے 2021 کا کوپا امریکہ جیتا۔

یہ بھی پڑھیے

سابق انگلش ڈیفنڈر جیمی کریگر اب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ میسی ’اب تک کے بہترین‘ فٹبالر ہیں۔ جبکہ انگلینڈ کے سابق سٹرائیکر ایلن شریئر نے کہا کہ ’اب میراڈونا اور میسی کی بحث ختم ہو سکے گی؟‘

’ہم نے کہا تھا کہ اگر میسی یہاں سے ورلڈ کپ جتوا دیتے ہیں تو یہ انھی کی محنت کا نتیجہ ہو گا۔ ٹیم میں فرق ان کے ہونے سے آتا ہے۔ میراڈونا نے ارجنٹائن کو اس کا آخری ورلڈ کپ جتوایا تھا۔ اگر میسی بھی ورلڈ کپ جتوا دیتے ہیں تو میرا مؤقف بدل جائے گا۔‘

راب گرین جو انگلینڈ کے لیے 2010 کے ورلڈ کپ میں کھیلے تھے، کا خیال ہے کہ اتوار کو میسی اس کا فیصلہ خود کریں گے۔ ’اگر آپ میسی سے پوچھیں گے کہ کیا وہ دنیا کے بہترین فٹبالر یا میڈل چاہتے ہیں تو ان کا جواب ہو گا کہ اتوار کو وہ ضرور میڈل چاہتے ہیں۔ انھوں نے فٹبال کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔‘

اتوار کو میسی 26ویں بار ورلڈ کپ کا میچ کھیل رہے ہوں گے جو کہ خود میں ایک ریکارڈ ہے۔

وہ 11 گولز کے ساتھ ورلڈ کپ کی تاریخ کے ٹاپ سکورر ہیں۔ وہ واحد کھلاڑی ہیں جنھوں نے پانچ ورلڈ کپس میں اسسٹ کیا۔ میسی واحد کھلاڑی ہیں جنھوں نے 20 سال اور 30 سال کی عمروں میں گول کیے۔

’ارجنٹائن میسی کی وجہ سے ہی فائنل میں ہے‘

میسی اور ارجنٹائن کو جرمنی کے خلاف 2014 کے ورلڈ کپ فائنل میں شکست جھیلنی پڑی تھی۔ مگر انھیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی ہونے پر گولڈن بال دی گئی تھی۔

یہ ممکن ہے کہ اتوار کو انھیں ورلڈ کپ کا فاتح ہونے کے ساتھ ساتھ گولڈن بال اور گولڈن بوٹ کے انعام بھی مل جائیں۔ پی ایس جی میں ان کے ساتھی کھلاڑی کلیئن مباپے سے وہ زیادہ اسسٹس کی وجہ سے آگے ہیں جبکہ دونوں نے اب تک پانچ گول کیے ہیں۔

ارجنٹائن کے مینیجر لیونل سکالونی نے کہا ہے کہ ’مجھے اس بارے میں کوئی شک نہیں کہ میسی عظیم کھلاڑی ہیں۔‘ ’میں کافی دیر سے یہ کہہ رہا ہوں۔ انھیں تربیت دینا میرے لیے اعزاز تھا۔ میسی کے بارے میں اب کچھ بھی کہنا باقی نہیں۔ ان کا سکواڈ میں ہونا ہمارے لیے اعزاز ہے۔‘

سیمی فائنل سے قبل میسی اپنے ہیمسٹرنگ کو سٹریچ کرتے نظر آئے۔ ان کی رفتار اب نوجوانی جیسی نہیں رہی۔ مگر پھر بھی انھوں نے الواریز کے دوسرے گول کے لیے تنہا دوڑ لگائی اور عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ شریئر نے کہا ہے کہ ’ارجنٹائن میسی کی وجہ سے ہی فائنل میں ہے۔‘

’سب ان کا خیال رکھتے ہیں۔ وہ اب اتنی محنت نہیں کرتے جتنی پہلے کیا کرتے تھے اور وہ اب اتنے تیز بھی نہیں رہے جیسے کئی سال پہلے ہوتے تھے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’مگر اب بھی ان کا جادو باقی ہے، یعنی بال کے ساتھ مڑنا، گھومنا اور ڈیفنڈرز کے پاس سے گزر جانا۔ وہ اکثر بہترین کھلاڑیوں کو اوسط درجے کا بنا دیتے ہیں۔‘

میسی کے سابق ساتھی پابلو زباليتا نے کہا ہے کہ ’میسی نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ میدان میں ان کی رفتار اب بھی بہت زیادہ ہے۔ آپ انھیں چھونا نہیں چاہیں گے جب وہ ڈبے میں ہوتے ہیں۔ انھوں نے الواریز کو دلکش پاس دیا۔ وہ ناقابل یقین گول تھا۔

’جب بھی گیند میسی کے پاس آتی تھی تو لگتا تھا کچھ ہونے والا ہے۔‘

میسی نے خود یہ کہا ہے کہ ’میں اس دوران بہت خوش ہوں۔ میں اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ ہر میچ کے لیے میں خود کو مضبوط سمجھتا ہوں۔ اس ورلڈ کپ میں، میں بہت خوش ہوں۔ میں سکواڈ کی مدد کر پا رہا ہوں۔‘

انسٹاگرام پر میسی کے بارسیلونا میں سابق ساتھی لوئز سوائریز نے کہا کہ ’آپ کبھی یہ ثابت کرتے نہیں تھکتے کہ آپ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں۔‘

حتی کہ کروشیا کے مینیجر نے کہا کہ ’میسی کے بارے میں اب کچھ کہنا باقی نہیں۔ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں اور آج وہ بہت خطرناک تھے۔ ہمیں اسے میسی کو دیکھنے کی توقع تھی۔‘