اقوامِ متحدہ اسرائیل کا بد ترین دشمن ہے: امریکہ

،تصویر کا ذریعہReuters
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے الزام لگایا ہے کہ اقوامِ متحدہ نے فلسطینیوں اور اسرائیلوں کے درمیان امن کے امکانات کو نقصان پہنچایا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا کے ان مراکز میں سے ایک ہے جو اسرائیل دشمنی میں پیش پیش رہے ہیں۔
مسز ہیلی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنے کے فیصلے کے اعلان کے بعد طلب کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکی صدر کے فیصلے کی دنیا بھر میں مذمت ہوئی ہے اور اس اعلان کے بعد غربِ اردن میں جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
فلسطینی شدت پسندوں کی جانب سے اسرائیلی علاقے میں راکٹ داغنے کے بعد اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں اہداف پر فضائی حملے کیے ہیں جن میں کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
اس سے پہلے جعمے کو ایک فلسلطینی اس وقت ہلاک ہو گیا جب اسرائیل فوج نے ان افراد پر فائرنگ کی جو پتھر پھینک رہے تھے۔
صدر ٹرمپ کے اعلانِ یروشلم کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
مسز ہیلی کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا فیصلہ 'اس حقیقت کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے کہ یروشلم اسرائیل کا دارالحکومت ہے۔‘
انھوں نے اقوامِ متحدہ پر تعصب کا الزام لگایا اور کہا کہ امریکہ 'ایک پائیدار امن معاہدے کے حصول کی کوششوں کا پابند' رہے گا۔
'اقوامِ متحدہ یا دیگر ممالک جن کے بارے میں ثبوت درکار نہیں کہ وہ اسرائیل کی سلامتی کی پروا نہیں کرتے، اسرائیل کو ڈرا دھمکا کر یا دبا کر نہ کبھی کسی معاہدے کا پابند بنا سکیں گے اور نہ ایسا ہونا چاہیے۔'
فلسطینی نمائندے ریاض منصور نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے جو کیا ہے اس کے بعد امریکہ کبھی بھی امن کا امین نہیں ہو سکے گا۔
اسرائیل کے نمائندے ڈینی ڈینن نے امریکہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نے جو کیا ہے وہ 'اسرائیل کے لیے، امن کے لیے اور دنیا کے لیے ایک سنگِ میل ہے۔'

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سے پہلے وائٹ ہاؤس کی جانب سے فلسطینی حکام کو تنبیہ کی گئی کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس کی فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات منسوخ کرنے کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔
بدھ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد فلسطینی حکام نے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ ہونے والی ملاقات اب نہیں ہو گی اور امریکی نائب صدر کو فلسطینی علاقوں میں خوش آمدید نہیں کیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد فلسطینی آزادی کی تحریک چلانے والی جماعت حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اسرائیل کے خلاف انتفادہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔
اسماعیل ہنیہ نے یہ اعلان غزہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل فلسطین پر اسرائیلی قبضے کے خلاف انتفادہ کی دو تحریکیں چلائیں جا چکی ہیں۔









