’اسرائیل سعودی عرب سے خفیہ معلومات کے تبادلے پر تیار‘

،تصویر کا ذریعہAFP
اسرائیل کی فوج کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیل سعودی عرب کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے کے لیے تیار ہے کیونکہ دونوں ملک کا مشترکہ مفاد ایران کو روکنے سے وابستہ ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روائٹرز کے مطابق لیفٹینٹ جنرل گیڈی ائزنکوٹ نے پہلی مرتبہ عربی زبان کے ایک آئن لائن اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا لبنان میں موجود حزب اللہ تنظیم پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سعودی عرب نے حالیہ دنوں میں ایران پر دباؤ بڑھاتے ہوئے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عرب ملکوں میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے حزب اللہ سمیت مختلف جنگجو گروپوں کو استعمال کر رہا ہے۔ چند دنوں قبل یمن سے ریاض کے ہوائی اڈے پر راکٹ کے ناکام حملے کی ذمہ داری بھی سعودی عرب نے ایران پر عائد کی تھی اور اسے ایران کی طرف سے سعودی عرب کے خلاف اعلان جنگ قرار دیا تھا۔
ایران اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بہت سے تجزیہ کاروں کے خیال میں ایران سے مشترکہ دشمنی کی وجہ سے سعودی عرب اور اسرائیل میں اشتراک پیدا ہو سکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے کسی قسم کے تعلقات صرف اسی صورت قائم ہو سکتے ہیں کہ اسرائیل سنہ انیس سو اڑسٹھ میں قبضہ کیے گئے عرب علاقوں کو خالی کر دے۔
اسرائیل فوج کے سربراہ سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا سعودی عرب کے ساتھ خفیہ معلومات کا تبادلہ ہوا ہے تو انھوں نے کہا 'ہم یہ معلومات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو دونوں ملکوں کے بہت سے مشترکہ مفاد ہیں۔'
انھوں نے کہا کہ امریکہ میں صدر ٹرمپ کی ایران پر دباؤ بڑھانے کے انتخابی وعدے پر کامیابی نے مشرق وسطی میں نئی سیاسی صف بندی اور اتحاد بنانے کا موقع فراہم کیا ہے۔
اسرائیل کے شہر تل ابیب میں ہونے والے اس انٹرویو میں جنرل ائزنکوٹ نے کہا کہ ایران کے خطرے کا سامنا کرنے کے لیے ایک مفصل دفاعی منصوبہ تیار کیا جانا چاہیے اور وہ معتدل عرب ریاستوں کو دفاعی ماہرات اور خفیہ معلومات فراہم کرنے کو تیار ہیں۔
حزب اللہ کے خلاف کارروائی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ لبنان میں حزب اللہ کے خلاف کوئی جنگی کارروائی کرنے کا اسرائیل کا کوئی ارادہ نہیں ہے لیکن اسرائیل اپنے خلاف کسی خطرے کو برداشت نہیں کرئے گا۔
یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل لبنان کے وزیر اعظم سعد حریری نے سعودی عرب کے اپنے دورے کے دوران اچانک اپنے استعفی کا اعلان کر دیا تھا۔ لبنان کے وزیر اعظم کے اچانک مستعفی ہونے کو بھی خطے میں جاری سعودی عرب اور ایران کے درمیان رسہ کشی سے جوڑا جا رہا ہے










